السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ ! مجھے ایک اسٹیٹ ایجنٹ نے 6 ماہ قبل ایک مکان دکھایا جو میں خریدنا چاہتا تھا ،کافی کوشش کے با وجود سو دا نہیں ہو سکا، تقریباً 6 ماہ بعد ایجنٹ نے دو بارہ مجھ سے رابطہ کیا کہ مالک مکان بیچنا چاہ رہا ہے اور آپ سے ملنا چاہ رہا ہے، میں نے جب مالک مکان سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے میں نے ایجنٹ سے ایسی کوئی بات نہیں کی اس نے غلط بیانی سے کام لیا ہے،لیکن کچھ بات چیت کے بعد مالک مکان بیچنے پر راضی ہو گیا ، اب مالک مکان کا کہنا ہے کہ یہ سودا میرا آپ سے ڈائریکٹ ہے اس میں ایجنٹ شامل نہیں ہے کیونکہ آپ خود میرے پاس آئے ہیں وہ ایجنٹ تو 6مہینہ پہلے سودا کرانے میں نا کام ہو گیا تھا ،اب ہم 6 مہینہ بعد مل رہے ہیں اس لئے اس کا اب سود ے سے کوئی تعلق نہیں ہے، براہِ مہربانی رہنمائی فرمائیں کہ کیا اس صورت میں ایجنٹ کا کمیشن بنتا ہے ؟ میرے ایجنٹ نے بہر حال جھوٹ کہا کہ مالک آپ کو یاد کر رہا ہے، حالانکہ ایسا نہیں تھا، لیکن میں نے مالک سے رابطہ اس کے کہنے پر ہی کیا اور الحمد للہ سودا ہو گیا۔جزاکم اللہ خیراً
سائل کا سوال اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو اور اس میں کسی قسم کی غلط بیانی سے کام نہ لیا گیا ہو ، اس طور پر کہ سائل اور مالک مکان کے درمیان پہلا معاملہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہو اور اب چھ ماہ کے بعد اس دوسرے معاملہ میں سائل اور مالک مکان نے دوبارہ مذکور شخص کو ایجنٹ بھی نہ بنایا ہو پھر اگر چہ سابقہ ایجنٹ کی غلط بیانی کے نتیجے میں سائل نے مالکِ مکان سے ملاقت کی اور معاملہ طے پایا تو ایسی صورت میں ایجنٹ کا کمیشن کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز اور درست نہیں ، جس سے احتراز لازم ہے۔
کما فی الدر المختار: ( و لا یستحق المشترک الأجر حتی یعمل کالقصار و نحوہ ) کفتال و دلال و ملاح الخ ( باب ضمان الأجیر، ج: 9، ص: 109، ط: رشیدیۃ )۔
و فی رد المحتار: و الأجرۃ انما تکون فی مقابلۃ العمل الخ ( باب المھر، ج: 3، ص: 156، ط: رشیدیۃ )۔
و فی قواعد الفقہ: لا یجوز لأحد أن یأخذ مال أحد بلا سبب شرعی ( قاعدۃ – 269، ص: 110، ط: جامعۃ العلوم الاسلامیۃ )۔
کمپنی کی طرف سےجہاز کے ٹکٹ کی مد میں ملنے والی رقم بچا کر ذاتی استعمال میں لانا
یونیکوڈ اجرت و کرایہ داری 0