کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ لڑکی کیلئے ایک رشتہ آیا ہے کیا لڑکی والوں کے لئے کوئی اس پر استخارہ کرسکتا ہے؟
صورتِ مسئولہ میں بہتر تو یہ ہے کہ لڑکی کے والد، والدہ یا کوئی بھائی وغیرہ استخارہ کرلے، جس کا طریقہ بھی ذیل میں مذکور ہے اور اگر یہ نہ ہوسکتا ہو تو اس صورت میں لڑکی، اس کی والدہ، والد کے نام، لڑکی کی عمر اور تعلیم اور خاندان اور لڑکے کی بھی یہ سب معلومات لکھ کر دوبارہ ای میل کردیں، ان شاء اللہ بتادیا جائے گا۔
اور استخارہ کا طریقہ یہ ہے کہ رات سونے سے قبل دو رکعت نفل عام نمازوں کی طرح پڑھیں، نوافل کے بعد دعائے استخارہ (جو عموماً مسنون دعاؤں جیسی کتابوں میں لکھی ہوتی ہے) پڑھیں اور اس میں لکھے ’’ھٰذا الامر‘‘ کے الفاظ پر نیت کرلیں اور پھر اگر کوئی خواب دیکھیں تو اس کی تعبیر معلوم کرلیں، جبکہ خواب نہ دیکھنے کی صورت میں صبح اُٹھنے پر اگر دل مطمئن ہو تو اس کام کو اختیار کریں اور اگر بے چینی یا دل مطمئن نہ ہو تو اس کو چھوڑدیں، بس یہی استخارہ ہے، ہاں اگر کسی ایک طرف رجحان نہ ہو بلکہ تردّد ہو تو اس صورت میں دوسرے دن اور پھر دوسرے دن بھی تردّد کی صورت میں تیسرے دن غرض اس طرح سات دن تک یہ عمل کرسکتے ہیں۔