کیا فرماتے ہے علماء کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرا کراچی میں ایک ذاتی مکان ہے اور میری اولاد میری زندگی میں مجھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ یہ گھر ہمیں دیدو،تو کیا شرعاً والد کی زندگی میں اولاد میراث کا مطالبہ کرسکتی ہے کہ نہیں؟
جبکہ اولاد انتہائی نافرمان ہے اگر میں زندگی میں ان کو حق دیدو تو شاید یہ لوگ پھر مجھے گھر سے نکالدے، اور کئی مرتبہ مجھے گھر سے نکالا بھی ہے اور اس بات پر گواہان موجود ہے۔
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلاء ہونے سے قبل اپنے مال وجائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے وہ اس میں جس طرح چاہے تصرف کر سکتا ہے ،اس کے ذمہ اپنی زندگی میں اپنی اولاد کے درمیان مال وجائیداد تقسیم کرنالازم نہیں اور نہ کسی بیٹے یا بیٹی کو اس میں حصہ داری کے مطالبہ کا حق حاصل ہے،لہذا صورت مسئولہ میں سائل کی اولاد کا سائل سے اس کی ذاتی مکان میں حصہ داری کا مطالبہ کرنا اور اُسے اسکی تقسیم پر مجبور کرنا شرعاً جائز نہیں اور نہ ہی سائل پر ان کا یہ مطالبہ ماننا اور یہ مکان ان کے درمیان تقسیم کرنا شرعاً لازم اور ضروری ہے، اس لیے سائل کی اولاد پر لازم ہے کہ وہ اپنا غیر شرعی مطالبہ ترک کرکے اب تک کی نافرمانی کی وجہ سے سائل کی جو دل آزاری کی ہےاس پر سائل سے دست بستہ معافی مانگے اور آئندہ کے لیے اس طرز عمل سے مکمل اجتناب کرے۔
کمافی البحر الرائق:وأما بيان الوقت الذي يجري فيه الإرث فنقول هذا فصل اختلف المشايخ فيه قال مشايخ العراق الإرث يثبت في آخر جزء من أجزاء حياة المورث وقال مشايخ بلخ الإرث يثبت بعد موت المورث الخ(كتاب الفرائض، ج:9، ص:364، دارالكتب العلمية)
وفی درر الحکام:كل يتصرف في ملكه المستقل كيفما شاء أي أنه يتصرف كما يريد باختياره أي لا يجوز منعه من التصرف من قبل أي أحد هذا إذا لم يكن في ذلك ضرر فاحش للغير(الكتاب العاشر الشركات، الباب الثالث، الفصل الأول في بيان بعض القواعد المتعلقة بأحكام الأملاك،ج:3، ص:201، ط:دار الجیل بیروت)
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1