محترم مفتیانِ کرام، دارالافتاء جامعہ بنوریہ عالمیہ!السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ! مجھے ایک مسئلہ دریافت کرنا ہے: سعودی عرب کے الراجحی بینک کی موبائل ایپ میں ”گولڈ والیٹ“(Gold WalleT)کے نام سے ایک سروس موجود ہے، جس میں صارف ایپ کے ذریعے سونا خرید اور فروخت کر سکتا ہے۔ براہِ کرم واضح فرمادیں کہ شرعاً اس گولڈ والیٹ میں سرمایہ کاری کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اللہ تعالیٰ آپ کی خدمات مبارک فرمائے۔ والسلام
واضح ہو کہ سونا خریدنے کے بعد اس پر قبضہ کرنے اور اپنے رسک میں آنے سے قبل آگے فروخت کرنا شرعاً جائز نہیں، اور شرعاً قبضہ اس وقت مکمل ہوتا ہے جب خریدار بذاتِ خود یاکسی نمائندے (وکیل) کے ذریعے سونے کو اپنے قبضہ اور تحویل میں اس طور پر لے لے کہ وہ جب چاہے اسے اپنے استعمال میں لاسکے یا آگے فروخت کرسکے، محض اکاوٴنٹ میں درج ہوجانا کہ خریدار کے پاس اتنا سونا ہے، جبکہ خارج میں وہ سونا متعین اور حسی طور پر موجو نہ ہو یا موجود ہو، لیکن خریدار کا اس میں کوئی اختیار نہ ہو، یہ شرعاً قبضہ نہیں ہے اور اس صورت میں سونے کی خرید و فروخت جائز نہیں اور نہ ہی خریدار کے لئے اسے آگے فروخت کرنا جائز ہوگا۔ لہذاصورتِ مسؤلہ میں چونکہ الراجحی بینک کی موبائل ایپ میں ” گولڈ والیٹ “(Gold WalleT) کے ذریعے سونا خریدنے میں مجلسِ عقد کے اندر سونے پر قبضہ نہیں کیا جاتا، اس لیے مذکورطریقہ کارکے مطابق سونے کی خریداری اوراس کی قبضہ کے بغیرآگے فروختگی شرعاً جائز نہیں۔ اورعموماًاس قسم کے معاملہ میں خرید و فرخت مقصود نہیں ہو تی بلکہ فرق برابر کر کے نفع کمانا مقصود ہوتا ہے، جوکہ سود اور جوئے کے زمرے میں آنے کی وجہ سے بھی شرعاً جائز نہیں، اس لئے مذکورکاروبار قطعاً درست نہیں، جس سے احتراز لازم ہے، البتہ اس کی جائز صورت یہ ہے کہ موبائل ایپ کے ذریعے بائع اور مشتری اس سونے کی خریدوفروخت کا وعدۂ بیع کریں، اور بعد میں جب مشتری بائع کی دکان میں جائےتو ایجاب و قبول کرکے مجلسِ عقد کے اندر قبضہ کریں یا پھر خریدار سونے کی خریداری کا معاملہ کرتے وقت کسی کو اپنا وکیل بنائے، جو بائع سے اپنا سونا قبضہ میں لے، اس صورت میں یہ شخص وکیل بالقبض ہوگا اور وکیل کا قبضہ اصل مؤکل ہی کا قبضہ ہوتا ہے۔اس صورت میں پھر خریدار کےلئےسونے کو آگے فروخت کرنا بھی جائز ہے۔
کما فی مشکاۃ المصابیح:وعن أبی سعید الخدری رضی اللّٰہ عنه قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیه وسلم: (الذهب بالذهب والفضة بالفضة والبر بالبر والشعیر بالشعیر والتمر بالتمر والملح بالملح مثلاً بمثل یداً بید فمن زاد او استزاد فقد أربی، الآخذ والمعطی فیه سواء)۔الحدیث۔ (باب الصرف، ج 2، ص 244، ط:قدیمی)۔
وفی البحرالرائق: لو باع فضۃ بفلوس أو ذھب بفلوس فإنہ یشترط قبض أحد البدلین قبل الافتراق لا قبضھما، کذا فی الذخیرۃ إلخ۔ (کتاب الصرف، ج 6، ص 211، ط:ماجدیۃ)۔
وفی الھندیۃ:أما تعريفه فھو بيع ما هو من جنس الأثمان بعضھا ببعض كذا في فتح القدير (إلی قولہ) (وأما شرائطه) فمنھا قبض البدلين قبل الافتراق كذا في البدائع سواء كانا يتعينان كالمصوغ أو لا يتعينان كالمضروب أو يتعين أحدهما ولا يتعين الآخر كذا في الھداية وفي فوائد القدوري المراد بالقبض هھنا القبض بالبراجم لا بالتخلية يريد باليد كذا في فتح القدير(إلی قولہ) الدراهم والدنانير لا تتعينان في عقود المعاوضات عندنا ولا يجوز بيع الذهب بالذهب ولا الفضة بالفضة إلا مثلا بمثل تبرا كان أو مصنوعا أو مضروبا ولو بيع شيء من ذلك بجنسه ولم يعرفا وزنھما أو عرفا وزن أحدهما دون الآخر أو عرف أحد المتصارفين دون الآخر ثم تفرقا ثم وزنا وكانا سواء فالبيع فاسد إلخ۔ (کتاب الصرف، ج 3، ص 217، ط:دار الفکر)۔
و فی الدر المختار:(هو) لغةً: الزيادة۔ وشرعاً: (بيع الثمن بالثمن) أي ما خلق للثمنية ومنه المصوغ (جنساً بجنس أو بغير جنس) كذهب بفضة، (ويشترط) عدم التأجيل والخيار و (التماثل ) أي التساوي وزنا (والتقابض) بالبراجم لا بالتخلية (قبل الافتراق) وهو شرط بقائه صحيحا على الصحيح (إن اتحد جنسا وإن) وصلية (اختلفا جودة وصياغة) لما مر في الربا (وإلا) بأن لم يتجانسا (شرط التقابض) لحرمة النساء (فلو باع) النقدين (أحدهما بالآخر جزافاً أو بفضل وتقابضا فيه) أي المجلس (صح) إلخ۔
وفی الشامیۃ: تحت(قوله: بالبراجم)جمع برجمة بالضم: وهي مفاصل الأصابع ح عن جامع اللغة۔ (قوله: لا بالتخلية) أشار إلى أن التقييد بالبراجم للاحتراز عن التخلية، واشتراط القبض بالفعل لا خصوص البراجم، حتى لو وضعه له في كفه أو في جيبه صار قابضا (قوله: قبل الافتراق) أي افتراق المتعاقدين بأبدانھما، والتقييد بالعاقدين يعم المالكين والنائبين، وتقييد الفرقة بالأبدان يفيد عموم اعتبار المجلس إلخ۔ (کتاب البیوع، باب الصرف، ج 5، ص 257۔259، ط:سعید)۔
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1