السلام علیکم! میں مارکیٹ میں ایک دوکاندار ہوں، ہم نے مارکیٹ میں B C ڈالی ہوئی ہے، جس کا میں امین ہوں، میں اس B C میں شامل نہیں ہوں، یعنی میری کوئی B C نہیں ہے، میں بروز منگل 5 مئی مغرب کی نماز پڑھنے گیا تھا، اس وقت میری دوکان سے تالے توڑکر تقریباً 2،00000 دو لاکھ روپے چوری ہوگئے، چوری شدہ رقم B C کی تھی، آپ سے معلوم کرنا ہے کہ یہ جو رقم چوری ہوئی ہے اس کا جرمانہ صرف میں ادا کروں گا؟ یا B,C کے تمام ممبر مل کر ادا کریں؟ آپ سے گزارش ہے کہ رہنمائی فرمائیں، عین نوازش ہوگی۔
نوٹ: اگر میں B C کا ممبر ہوتا تو کیا ہوتا؟
تنقیح
1: آپ نے بی سی کی رقم کی حفاظت کیلئے کیا تدبیر کی تھی؟
2: آپ نے ان پیسوں کو الگ کسی تجوری میں رکھا تھا یا اپنی ذاتی رقم کے ساتھ ملا کر رکھا تھا؟
3: اس رقم کے ساتھ آپ کی بھی کوئی رقم یا دوکان کا سامان چوری ہوا؟
4: مغرب کے وقت تقریباً دوکانیں کھلی ہوتی ہیں، لوگ چل پھر رہے ہوتے ہیں، تو جب دوکانیں کھلی ہوتی ہیں لوگ چل پھر رہے ہوتے ہیں تو یہ چوری کیسے ہوئی؟
5: جن لوگوں کی رقم چوری ہوئی ہے ان کا کیا کہنا ہے؟
جوابِ تنقیح
1،2: اپنی رقم اور بی سی کی رقم ایک ہی دراز میں رکھی تھی، البتہ ایک طرف اپنی رقم دوسری طرف بی سی کی رقم تھی۔
3: اس بی سی کی رقم کے ساتھ اپنے تیس ہزار روپے بھی چوری ہوئے ہیں۔
4: مغرب کے بعد اس جگہ کافی سناٹہ ہوتا ہے، یہ محلے کی مارکیٹ ہے۔
5: جن لوگوں کی رقمیں چوری ہوئی ہیں وہ سب سائل پر اعتماد کرتے ہیں۔
صوتِ مسئولہ میں سائل کی حیثیت چونکہ امین کی ہے، اور اگر امانت کی مکمل حفاظت کے باوجود وہ چیز امین کے پاس سے ضائع ہوجائے، اس کی طرف سے کوئی کوتاہی و غیرہ نہ برتی گئی ہو تو ایسی صورت میں وہ ضامن نہیں ہوتا، لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر واقعۃً سائل نے اپنی طرف سے مذکور رقم کی حفاظت کا اس طرح بندوبست کیا تھا جیسا کہ وہ اپنی ذاتی رقم کیلئے کرتا ہے، اوراس کے باوجود یہ رقم چوری ہوگئی تو ایسی صورت میں سائل اس رقم کا ضامن نہیں ہوگا۔
کما فی الدر المختار: (وكون المودع مكلفا شرط لوجوب الحفظ عليه) (الی قولہ) (وهي أمانة) هذا حكمها مع وجوب الحفظ والاداء عند الطلب واستحباب قبولها (فلا تضمن بالهلاك) إلا إذا كانت الوديعة بأجر.أشباه معزياللزيلعي (مطلقا) سواء أمكن التحرز أم لا، هلك معها شئ أم لا لحديث الدارقطني: "ليس على المستودع غير المغل ضمان" الخ(کتاب الایداع، ج 5، ص 663،664، ط: سعید)۔
و فی الفتاوی الھندیۃ: ولو وضعھا فی کیسہ أو أشدھا علی التکۃ فضاعت لا یضمن کذا فی خزانۃ المفتین الخ(الباب الرابع فیما یکون تضییعاً للودیعۃ الخ، ج 4، ص 345، ط: ماجدیۃ)۔
و فی شرح المجلۃ: (الودیعۃ أمانۃ فی ید الودیع فإذا ھلکت بلا تعد من المستودع وبدون صنعہ وتقصیرہ فی الحفظ لا یلزم الضمان الخ(الفصل الثانی فی أحکام الودیعۃ الخ، ج 3، ص 242، ط: حقانیۃ)۔
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1