ڈراپ شپنگ پاکستان میں ایک کمپنی" مرکز نام کی ہے اس کمپنی کی چیز ہم اپنے پیج پر لگاتے ہیں مثلاً 200 کی چیز ہم 250 کی لگاتے ہیں،پیج پر جب آرڈر آتا ہے تو ہم پیمنٹ نہیں لیتے صرف کسٹمرز سے آرڈر لے کر کمپنی کو آرڈر بُک کروا دیتے ہیں جب کمپنی آرڈر کیش آن ڈلیوری پر بھیجتی ہے اور کسٹمرز وصول کر لیتا ہے تو ساری پیمنٹ کمپنی کے پاس چلی جاتی ہے جب سارا پروسس مکمل ہو جاتا ہے تو کمپنی ہمیں ہمارا منافع بھیج دیتی ہے اس صورت میں یہ جائز ہے یا نہیں؟
واضح ہو کہ خرید و فروخت کے شرعاً جائز ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ بیچنے والا جس چیز کو بیچ رہا ہے وہ اسکی ملکیت اور حسی یا معنوی قبضے میں ہو ، اور اگر وہ کسی ایسی چیز کو بیچتا ہے جو اس کی ملکیت میں نہیں ہے تو بیع درست نہیں ہوتی بلکہ باطل اور کالعدم شمار ہوتی ہے، البتہ سوال میں ذکر کردہ صورت کے مطابق اگر سائل بطور وکالت / دلال (brokerage)کے گاہک سے آرڈر لے کر متعلقہ کمپنی کو وہ آرڈر بک کروادے اور اس کمپنی کے متعلقہ افراد , مطلو بہ چیز گاہک تک پہنچا کر اس کی قیمت وصول کرلیں اور سائل تک اپنی محنت کے طے شدہ اجرت (کمیشن)پہنچادیں ، تو اس صورت میں اصل بائع وہ کمپنی والے ہونگے، اور سائل کی حیثیت ایک وکیل یا (middle man) کی ہوگی، جو شریعت میں ایک قابل عوض محنت ہے، جس پر مقررہ متعین اجرت لینا سائل کےلئےشرعاً جائز ہے، تاہم اگر طریقہ کار اس سے مختلف ہو تو اس کی مکمل تفصیل لکھ کر حکمِِ شرعی معلوم کیا جاسکتا ہے۔
كما في الدر المختار: واما الدلال فان باع العين بنفسه باذن ربها فاجرته علی البائع وان سعى بينهما وباع المالك بنفسه يعتبر العرف وتمامه في شرح الومبانية إلخ
وفي الشامية تحت (قوله: يعتبر العرف) فتجب الدلالة على البائع او المشترى او عليهما بحسب العرف جامع الفصولين اھ (4/560/ط:سعید)۔
وفی الھدایۃ: قال: "ولا يجوز بيع السمك قبل أن يصطاد" لأنه باع مالا يملكه "ولا في حظيرة إذا كان لا يؤخذ إلا بصيد"؛ لأنه غير مقدور التسليم، ومعناه إذا أخذه ثم ألقاه فيها لو كان يؤخذ من غير حيلة جاز، إلا إذا اجتمعت فيها بأنفسها ولم يسد عليها المدخل لعدم الملك، قال: "ولا بيع الطير في الهواء" لأنه غير مملوك قبل الأخذ، وكذا لو أرسله من يده لأنه غير مقدور التسليم اھ (3/44)۔
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1