کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میری شادی کو دو سال ہونے والے ہیں، میرے کام پے جانے کے بعد کبھی کبھار وہ میری اجازت کے بغیر اپنے والدین ، بھائیوں کے ساتھ اپنے میکے چلی جاتی تھی، اور اس کا یہ طرزِ عمل مجھے بہت برا لگتا تھا، تو میں نے غصے میں کہہ دیا کہ اگر تم دوبارہ ماں کے گھر گئی تو تم مجھ پر طلاق ہو، اور اس کے بعد ابھی تک وہ والدین کے گھر نہیں گئی ہے، لہذا میں چاہتا ہوں کہ رجوع ہوجائے، تو شریعت کی نظر میں کیا حکم ہے؟ مسئلے کی وضاحت فرمائیں۔
واضح ہو کہ طلاق جب کسی شرط کیساتھ مشروط اور معلق کردی جائے تو طلاق معلق کرنے والے کو اس شرط کے ختم کرنے کا حق نہیں رہتا، بلکہ شرط پوری ہونے پر طلاق واقع ہو جاتی ہے، لہذا صورت مسئولہ میں جب سائل نے اپنی بیوی کو ماں کے گھر جانے سے روک دیا، اور مذکور الفاظ" اگر تم دوبارہ ماں کے گھر گئی تو تم مجھ پر طلاق ہو" کہے ، تو ایسی صورت میں سائل کی بیوی جب بھی ماں کے گھر جائےگی ، تو اس پر ایک طلاق رجعی واقع ہو جائے گی ، تاہم اس کے بعد سائل کو دوران عدت رجوع کا حق حاصل ہوگا، چنانچہ سائل کو چاہئے کہ وہ بیوی کو ماں کے گھر بھیج کر شرط پوری کرلے اس کے بعد قولاً یا عملاً اپنی بیوی سے رجوع کر ے، لیکن اس صورت میں آئندہ سائل کے پاس فقط دو طلاقوں کا اختیار ہوگا، اس لیے آئندہ طلاق کے معاملہ میں احتیاط لازم ہے۔
کما في الدر المختار: (وتنحل) اليمين (بعد) وجود (الشرط مطلقا) لكن إن وجد في الملك طلقت وعتق وإلا لا،الخ(3/355)-
وفی الھندیۃ: وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق ولا تصح إضافة الطلاق إلا أن يكون الحالف مالكا أو يضيفه إلى ملك والإضافة إلى سبب الملك كالتزوج الخ (کتاب الطلاق الباب الرابع ج 1 صـ 420 ط: ماجدیۃ)۔
وفی المبسوط للسرخسی: والمعلق بالشرط ليس بطلاق، وإنما يصير طلاقا عند وجودالشرط فما صح تعليقه بالشرط ينزل عند وجود الشرط جملة اھ (4/127)-
’’اگر میری بیوی دو دن کے اندر نہیں آئی تو وہ میری بیوی نہیں ہوگی‘‘ کہنے سے طلاق کا حکم
یونیکوڈ طلاق معلقہ 0’’اگر میں نے اپنی بیوی کو والد صاحب کے ساتھ ایک گھر میں بٹھایا تو وہ مجھ پر طلاق ہو گی‘‘ سے تعلیق طلاق کا حکم
یونیکوڈ طلاق معلقہ 0اگر کوئی اپنے بیٹے سے کہدے کہ "اگر میں نے تیرے لئے شادی کی تو بیوی کو طلاق "اس صورت میں بیٹے کی شادی کی کیا ترتیب ہوسکتی ہے ؟
یونیکوڈ طلاق معلقہ 0معلق طلاق کی صورت میں جب ایک دفعہ شرط پائے جانے کی وجہ سے طلاق ہو جائے تو دوبارہ طلاق واقع نہ ہونا
یونیکوڈ طلاق معلقہ 0