اسلام وعلیکم گزارش یہ ہے کہ میں نے اپنی زمین فروخت کرنے کےلئے پیش کی جس پر بروکر نے ایک آدمی سے ہم کو ملوایا ہم نے 33لاکھ کہا اور اس نے 27 لاکھ کہا پھر ملاقات ختم ہو گئی ،پھر دو تین دن بعد ہمارا ارادہ بیچنے کا نہیں رہا
پھر ایک ہفتے کے بعد بروکر نے کہا کہ وہ آپ کی قیمت پر راضی ہے آپ آجاؤ مگر میں اس سے ملنے نہیں گیا اور بروکر نے اس سے بیعانہ لے لیا میری اجازت اور مجھے اطلاع دئیے بغیر ،اب وہ کہتا ہے کہ آپ نے بیع فسخ کی ہے تو میرا جو نقصان ہوا ہے اس کو آپ ادا کریں کیونکہ جس نے بیع فسخ کی ہے اس پر نقصان کا ذمہ ہوتا ہے ،تو کیا اس میں بیع منعقد ہوئی ہے یا نہیں اور مجھ پر کوئی ضمان ہے یا نہیں ؟
سوال میں درج کردہ بیان اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو اس طور پر کہ پہلی دفعہ سائل اور زمین خریدنے والے شخص کے درمیان "بروکر" کے توسط سے قیمت کے متعلق بات چیت کے بعد زمین کی خریداری کا معاملہ کئے بغیر مجلس برخاست ہوچکی ہو ،پھر اس کے بعد سائل نے زمین کی فروختگی کے لئے "بروکر" سے کوئی بات نہ کی ہو اور اسے باقاعدہ زمین کی فروختگی وکیل مقرر نہ کیا ہو اور اس نے سائل کی اجازت و رضامندی کے بغیر زمین کی فروختگی کا معاملہ کرکے اس سے بیعانہ کی رقم وصول کی ہو تو ایسی صورت میں اس معاملے کا درست اور نافذ ہونا سائل کی اجازت اور رضامندی پر موقوف تھا،چنانچہ اگر سائل نے اس معاملے پر رضامندی ظاہر نہ کی ہو تویہ معاملہ شرعاً منعقد نہ ہوگا ، لہذا زمین خریدنے والے یا بروکر کےلئے اس معاملے کو بنیاد بنا کر سائل سے نقصان کا مطالبہ کرنا درست نہیں جس سے اجتناب لازم ہے۔
البتہ اگر سوال کی نوعیت مختلف ہو تو اس کی مکمل وضاحت کرکے سوال دوبارہ ای میل کردے اس پر غور وفکر کے بعد انشااللہ حکم شرعی سے آگاہ کیا جائےگا۔
کما فی العنایۃ شرح الهدایۃ: (البيع ينعقد بالإيجاب والقبول) الانعقاد هاهنا تعلق كلام أحد العاقدين بالآخر شرعا على وجه يظهر أثره في المحل. والإيجاب الإثبات(6/248)
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1