میں ایک عمومی اضطرابی کیفیت (Generalized anxiety disorder) میں مبتلا ہوں اور اس کی وجہ سے مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔ مجھے جسمانی طور پر بھی شدید کیفیات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میں اس کےلئے کونسی دعا پڑھ سکتا ہوں؟
صحت و بیماری دونوں اللہ رب العزت کی جانب سے ہیں، اس لیے بیماری، پریشانی اور تکلیف کے وقت بندے کو اللہ تعالیٰ ہی کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتِ مبارکہ بھی یہی ہے کہ کسی پریشانی یا اہم معاملے کے پیش آنے پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے مدد طلب فرماتے تھے،جبکہ ذکرِ الٰہی اور استغفار قلبی سکون کا ذریعہ ہیں، اسی طرح ایسے مواقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مختلف دعاوں کا اہتمام منقول ہے۔
لہذا سائل کو پنج وقتہ نمازوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ مندرجہ ذیل دعا، ذکر و استغفار ، اور اس تکلیف پر صبر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شفا و عافیت کی دعا کا اہتمام کرنا چاہیے، امید ہے کہ اللہ رب العزت اس آزمائش پر اجر عطا فرماتے ہوئے اپنے فضل و کرم سے صحت و عافیت بھی نصیب فرمائیں گے۔
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمُ.
کمافی الصحیح للبخاری: عن قتادة، عن أبي العالية، عن ابن عباس، أن نبي الله صلى الله عليه وسلم كان يقول عند الكرب: «لا إله إلا الله العظيم الحليم، لا إله إلا الله رب العرش العظيم، لا إله إلا الله رب السماوات ورب الأرض ورب العرش الكريم اھ (کتاب الدعوات، باب الدعاء عند الکرب، 2/939، ط: قدیمي)
وفی مشکوٰۃ المصابیح: عن ابن عباس قال:قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم:من لزم الاستغفار جعل اللہ له من کل ضیق مخرجاً ومن کل ھم فرجاً ورزقه من حیث لا یحتسب۔اھ( کتاب الدعوات، باب الاستغفار والتوبة، 723/2، ط: المکتب الاسلامی)