السلام علیکم!
کیا اس طرح دعا کی جاسکتی ہے، جیسا کہ ذیل میں درج ہے،ملاحظہ فرمائیں!
دعاءِ وابستگی (میرے لئے) بڑے الفاظ:
اسمائے حسنیٰ کی تلاوت نبی کریم ﷺاور ان کی آل پہ درود بھیجنے اور”یا ارحم الراحمین“پڑھنے کے بعد اللہ تعالیٰٰ سے اس طرح دعا کریں:
”اللَّٰهُمَّ اجْعَلْ لِي نُورًا فی قَلْبِيْ، وَنُورًا فی قَبْرِيْ، وَنُورًا مِنْ بَيْنِ يَدَيَّ، وَنُورًا مِنْ خَلْفی، وَنُورًا عَنْ يَمِيْنِيْ، وَنُورًا عَنْ شِمَالِيْ، وَنُورًا مِنْ فَوْقِيْ، وَنُورًا مِنْ تَحْتِيْ، وَنُورًا فی سَمْعِيْ، وَنُورًا فی بَصَرِيْ، وَنُورًا فی شَعَرِيْ، وَنُورًا فی بَشَرِيْ، وَنُورًا فی لَحْمِيْ، وَنُورًا فی دَمِيْ، وَنُورًا فی عِظَامِيْ، اللَّٰهُمَّ أَعْظِمْ لِيْ نُوْرًا وَأَعْطِنِيْ نُوْرًا، وَاجْعَلْ لِيْ نُوْرًا،“ اھ (ترمذی:5/419)
”اللَّٰهُمَّ إِنِّيْ أَسْأَلُكَ حُبَّكَ، وَحُبَّ مَنْ يُحِبُّكَ، وَالْعَمَلَ الَّذِيْ يُبَلِّغُنِيْ حُبَّكَ، اللَّٰهُمَّ اجْعَلْ حُبَّكَ أَحَبَّ إِلَيَّ مِنْ نَفْسِيْ وَأَهْلِيْ، وَمِنَ الْمَاءِ الْبَارِدِ.“ اھ (ترمذی:5/472)
”یا اللہ آپ کے اسمِ اعظم کے واسطے سے آپ کے ان تمام ناموں کے واسطے سے جنہیں آپ نے اپنے لئے پسند فرمایا ہے، اپنے پڑھے ہوئے تمام درود و سلام کے حوالے سے زندگی کے تمام نیک اعمال کے حوالے سے آپ سے دعا کرتا/کرتی ہوں کہ: مجھے اور میرے آخرت کے متوقع جنتی اقارب کو، آپ سے اور آپس میں، خالص آپ کے لئے اور خالص آپ کی رضا کے لئے دنیا میں ہی تا حیات وابستہ کر دیجیے اور آپ کی رحمت سے میرے انتہائی قریبی لوگوں کو بھی ان میں شامل کر لیجیے اور ہم سے اور ہمارے ذریعے دنیا میں موجود گنہگار لوگوں سے گناہوں کو دور کر دیجیے اور ہمیشہ دور رکھیے، نیک اعمال کروا دیجیے اور ہمیشہ کرواتے رہیے، صدقہ جاریہ کروا دیجیے اور ہمیشہ کرواتے رہیے اور آپس میں حق کی تلقین اور صبر کی تاکید کروا دیجیے اور ہمیشہ کرواتے رہیے اور ہمیں نقصان میں مت رہنے دیجیے اور ہمیں ہمارے تمام گناہوں پہ ندامت عطا کیجیے اور ہم سے سچی توبہ کروا دیجیے اور ہمیشہ کرواتے رہیے اور ہمیں بہترین طریقے پر آپ سے اپنے تمام گناہوں کی مغفرت مانگنے کی توفيق دیجیے اور ہمیشہ دیتے رہیے اور نبی کریم کو مقام الوسیلہ اور الفضیلہ عطا کیجیے اور انہیں مقام محمود پہ فائز کیجیے اور ہمیں ان کی یا انکے مقربین کی یا ایک دوسرے کی شفاعت نصیب کیجیے اور اپنی خاص رحمت سے آگ کے عذاب سے بہر صورت بچا لیجیے اور ہمیں، ہمارے اس تعلق کو اور ہمارے دائرۂ کار کو، جہاں جہاں ہم جاتے ہیں اور جو جو ہمارا معاملہ ہے، ہمارا اثاثہ ہے یا ہم سے متعلق ہے، اسے اور ہر ایسی چیز کو ہر قسم کے شر شیطانی اور نفسانی حربوں، جادو، جنات، عملیات، اثرات، نظر بد، بیماریوں، کمزوریوں، نجاستوں وغیرہ اور بری تقدیر کے چھا جانے سے محفوظ کر دیجیے اور ہمیشہ محفوظ رکھیے اور ہر قسم کی خواہ اچھی نیت سے ہو یا بری نیت سے، بے جا شیطانی انسانی یا جناتی مداخلت سے پاک کر دیجیے اور ہمیشہ پاک رکھیےاور ہمیں کامل ایمان کامل اسلام اور کامل احسان عطا فرمائیے اور آپ کی، نبی کریم کی، اہلِ بیت کی، تمام مقربین کی اور ایک دوسرے کی، کامل محبت عطا کیجیے، جو خالص آپ کے لئے اور خالص آپ کی رضا کے لئے ہو اور آپ کے اور نبی کریم کے دشمنوں سے اور مشرکین، منافقین اور تمام جہنمیوں سے اور ہمارے دشمنوں اور حاسدوں سے دنیا میں ہی دور کر دیجیے اور ہمیشہ دور رکھیے اور یہ سب مشکل نہ کیجیے اور میرے تمام موجودہ اور آئندہ قابلِ ایصال اور قابل نیابت اعمال کا اجر بغیر کم کیے اور بغیر تقسیم کیے مسلسل اور ہمیشہ نبی کریم، اہل بیت، تمام مقربین، ہم میں سے دنیا سے جا چکے اور دنیا میں موجود اور دنیا میں آنے والے لوگوں کے اور میرے درمیان ہدیہ کرتے رہیے اس طرح کہ ہمارا مقام جنت الفردوس میں یقینی ہو جائے، اکٹھا ہو جائے، اونچا ترین ہو جائے اور نبی کریم کے قریب ترین ہو جائے اور ہم سے ہماری نمازوں کی حفاظت کروا دیجیے اور ہمیشہ کرواتے رہیے، ان میں عاجزی اور خشوع پیدا کر دیجیے اور اس عاجزی اور خشوع کو ہمیشہ قائم رکھیے، ہمیں تمام بیہودہ باتوں سے دور کر دیجیے اور ہمیشہ دور رکھیے، ہم سے ناجائز تعلقات دور کر دیجیے اور ہمیشہ دور رکھیے، ہم سے زکوٰة، امانتیں اور وعدے پورے کروا دیجیے اور ہمیشہ پورے کرواتے رہیے، ہمیں اپنی خاص رحمت سے کامیاب کردیجئے،جنت الفردوس کا وارث بنا دیجیے، اور امت کے ان ستر ہزار لوگوں میں شامل کر لیجیے، جنہیں آپ بغیر حساب کے جنت میں داخل کریں گے اور انہوں نے ایک دوسرے کو تھام رکھا ہوگا، اور ہمیں کامل شفاء عطاء کیجئے، ہماری جانیں عزتیں اور مال ہمیشہ محفوظ رکھیے، ہمارے ہر قسم کے کاموں کی تکمیل میں خاص مدد کیجیے، غیب سے مدد کیجیے، ہمارے گھر والوں اور اولاد کو ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک اور جنت الفردوس میں جانے کا ذریعہ بنا دیجیے، ہم سب کو آسان اور وسیع عزت اور برکت والا، حلال اور طیب رزق عطا کیجیے اور حرام سے ہمیشہ دور رکھیے، ہمارے تمام دنیاوی مسائل، جو ہم جانتے ہیں یا نہیں جانتے، حل کر دیجیے اور ہماری تمام جائز خواہشات اور حاجات پوری کر دیجیے اور ہم سے ایسے طریقے سے آپ کی تمام نعمتوں کا شکر تا حیات ادا کرواتے رہیے جو آپ کو پسند ہو اور ہر مصیبت میں ایسا صبر ہمیشہ عطا کیجیے جوآپ کو پسند ہو يا الله، اس ساری دعا میں جو مانگنا چاہیے، نہیں مانگا وہ بھی عطا کر دیجیے اور جو نہیں مانگنا چاہیے مانگ لیا اس سے محفوظ کر دیجیے۔ آمین ثم آمین! نبی کریم ﷺ اور ان کی آل پہ درود بھیجے“۔
جی ہاں! سائل مذکورہ بالا الفاظ کے ساتھ دعامانگ سکتا ہے، اس میں کوئی حرج نہیں۔