1: شیئرز حلال ہیں یا حرام ؟ اگر نفع متعین نہ ہو تو پھر حلال ہونا چاہیے ، بشرطیکہ کاروبار حلال ہو۔
2: روزانہ کی تجارت اس میں شیئر ز بھی ہو سکتے ہیں، غیر ملکی کرنسی بھی ہو سکتی ہے۔ کیا حلال ہے ؟
3:جائیداد: - ہمارے ایک رشتہ دار نے جعلی کاغذات بنا کر ہماری جائداد پر قبضہ کر لیا ہے ( جس کی قیمت ابھی کافی زیادہ ہے ) اب 25 سال ہو گئے ہیں، میں جانتا ہوں کہ اللہ نے میرے لیے اچھا صلہ رکھا ہوا ہے اس لئے میں نے وہ جائداد نہیں لی ، بلکہ میرا نفس اُس جائداد کے بارے میں یاد دلاتا رہتا ہے، کیا کرنا چاہیے ؟
1: شیئرز کی خرید و فروخت خواہ اسٹاک ایکسچینج کے ذریعہ سے ہو یا کسی دوسری کمپنی اور بنک کے ذریعہ اگر درج ذیل شرائط کو ملحوظ رکھتے ہوئے کی جائے تو اس صورت میں یہ بلا شبہ جائز اور اس سے حاصل ہونے والا نفع بھی جائز اور حلال ہے وہ شرائط یہ ہیں ۔
جس کمپنی کے شیئرز خریدے جا رہے ہیں ،اس کا اصل کاروبار جلال ہو، کچھ فکسڈ اثاثے بھی وجود میں آچکے ہوں یعنی صرف نقد کی شکل میں فیس ویلیو کے برابر رقم کے ساتھ ہی خرید و فروخت جائز ہوگی، ماہانہ یا سالانہ نفع کی کوئی خاص رقم یقینی طور پر مقرر نہ ہو ،بلکہ آمدنی سے فیصد کے حساب سے نفع مقرر کیا گیا ہو ۔ نفع اور نقصان دونوں میں شراکت ہو ، اگر کمپنی سودی لین دین کرتی ہے تو اس کی سالانہ میٹنگ (AGM) میں سود کے خلاف آواز اٹھائی جائے ۔ جب منافع تقسیم ہو تو دیکھ لیا جائے کہ نفع کا جتنا حصہ سودی ڈپازٹ سے حاصل ہوا ہو اس کو بلانیت ثواب فقراء و مساکین پر صدقہ کر دے۔
2: اپنے روزانہ کے کاروبار سے متعلق پوری وضاحت کر کے حکم شرعی معلوم کیا جائے۔
3: جب یہ جائیداد واقعۃً سائل کی ملکیت اور موروثی ہے تو اس کے حصول کے لیے تگ و دو شرعا و قانوناً منع نہیں ۔ اس لئے سائل کو چاہیے کہ علاقائی طور پر پنچائیت کے ذریعہ مذکور قابض کا قبضہ چھڑا کر جتنے لوگوں کا اس زمین سے حق متعلق ہے انہیں دینے کی پوری کوشش کرے ۔