میں شیئرز میں پیسے انویسٹ کرنا چاہتا ہوں، جیسے کہ میں 1000 شیئرز دو روپے پر خرید کر 2.20 روپے پر بیچ کر نفع کمانا چاہتا ہوں۔ میرا آپ سے یہ سوال ہے کہ شیئرز کی خرید و فروخت کرکے جو منافع ملے، شرعاً حلال ہے؟
شیئرز کا کاروبار درج ذیل چار شرطوں کے ساتھ جائز ہے:
(1) جس کمپنی کے شیئرز خریدے جا رہے ہوں، اس کا بنیادی کاروبار حلال ہو۔
(2) اس کمپنی کے تمام اثاثے اور املاک سیال اثاثوں (Liquid Assets) یعنی نقد رقم کی شکل میں نہ ہوں، بلکہ کمپنی نے کچھ فکسڈ اثاثے حاصل کر لیے ہوں، مثلاً بلڈنگ بنائی ہو یا زمین خرید لی ہو۔
(3) کمپنی کا بنیادی کاروبار تو حلال ہو، لیکن سودی لین دین کرتی ہو تو اس صورت میں اس کی سالانہ میٹنگ میں سودی لین دین کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔
(4) چوتھی شرط، جو حقیقت میں تیسری شرط ہی کا ایک حصہ ہے، وہ یہ ہے کہ جب منافع تقسیم ہو تو وہ شخص انکم اسٹیٹمنٹ کے ذریعے معلوم کرے کہ آمدنی کا کتنا فیصد حصہ سودی ڈپازٹ سے حاصل ہوا ہے، پھر جتنا حصہ سودی ڈپازٹ سے حاصل ہوا ہو، اس کو صدقہ کردے۔
جبکہ سودی بینک کے شیئرز کا کاروبار پہلی شرط کے خلاف ہونے کی وجہ سے جائز نہیں، اس سے احتراز لازم ہے۔