السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ ! کیا فرماتے ہیں علماء ِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص نے منت مانی کہ اگر میرا فلاں کام ہوگیا تو میں جب تک زندہ رہونگا ہر ماہ دو روزے رکھونگا ۔ لیکن وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ وہ روزے رکھنا بھول گیا یہاں تک کہ اس کو ایسی عمر میں اپنی منت یاد آئی کہ وہ بوڑھا ہوچکا تھا اور ایسی عمر کو پہنچ گیا کہ وہ روزہ نہیں رکھ سکتا ، اب جو روزے پہلے رہ گئے جن کی تعداد یاد نہیں ، ان کا کیا حکم ہے اور آئندہ کے لئے جب تک زندہ ہے کیا حکم ہوگا ؟
صور تِ مسؤلہ میں شخص ِ مذکور نے جس کام کے ہو جانے پر ہر ماہ دو روزہ رکھنے کی منت مانی تھی ، اگر اس شخص کا وہ کام ہوگیا تھا تو کام ہوجانے کے بعد اس پر نذر کو پورا کرتے ہوئے تا حیات ہر ماہ دو روزے لازم تھے ، چنانچہ صحت یابی کے زمانے میں باوجود قدرت کے جتنا عرصہ انہوں نے نذر پورا کرنے میں کوتاہی کی ہے اس کی وجہ سے وہ گنہگار ہوا ہے جس پر اسے بصدقِ دل توبہ و استغفار اور ان روزوں کی قضاء لازم ہے ۔ تاہم اگر شخصِ مذکور اس قدر بوڑھا ہوچکا ہو کہ اس میں روزہ رکھنے کی استطاعت ہی نہ ہو تو ایسی صورت میں غالب گمان پر عمل کرتے ہوئے سالانہ چوبیس روزوں کےحساب سے ہر روزے کے عوض صدقۃ الفطر کے بقدر رقم کسی مستحقِ زکوۃ کو دینی لازم ہوگی ۔
کما قال اللہ تعالی : ( و لیوفوا نذورھم ) ( الحج : 29 )-
و فی إعلاء السنن : عن ابن عباس : عن النبی ، ﷺ ، من نذر نذراً و لم یسمہ فکفارتہ کفارۃ یمین ، و من نذر نذراً لم یطقہ فکفارتہ کفارۃ یمین ، رواہ أبو داؤد و ابن ماجہ و زاد من نذر نذراً أطاقہ فلیف بہ ( کتاب الأیمان ، ج 11، ص 380 ، ط، إدارۃ القرآن و العلوم الإسلامیۃ )-
و فی الدر المختار : و لو نذر صوم الأبد فأکل لعذر فدی إلخ
و فی رد المحتار :تحت ( قولہ فأکل لعذر ) و کذا لدونہ ح ( قولہ فدی ) أی لکل نصف صاع من بر أو صاعاً من شعیر و إن لم یقدر استغفر اللہ تعالی کما مر إلخ ( کتاب الأیمان ، ج 3 ،ص 741 ، ط سعید )-
و فی التاتارخانیۃ : إذا نذر أن یصوم صوم کذا ما عاش ثم کبر و ضعف عن الصوم یطعم مکان کل یوم مسکیناً ( إلی قولہ ) و من جنس ھذہ المسئلۃ : إذا قال للہ علی أن أصوم أبداً فضعف عن الصوم لإشتغالہ بالمعیشۃ کان لہ أن یفطر و یطعم لکل یوم نصف صاع من الحنطۃ إلخ ( کتاب الصوم – النذور ، ج2، ص 409 ، ط إدارۃ القرآن و العلوم الإسلامیۃ )