السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!میں نے حال ہی میں میزان بینک کی "اپنی بائیک" اسکیم کے تحت ایک موٹر سائیکل خریدی ہے۔ بینک کے مطابق یہ معاملہ "مساومہ فنانسنگ" کے تحت ہوا ہے، یعنی بینک پہلے موٹر سائیکل خرید کر اپنی ملکیت میں لیتا ہے، پھر اس پر اپنا منافع شامل کرکے مجھے قسطوں پر فروخت کرتا ہے۔اس معاملے میں موٹر سائیکل کی مارکیٹ قیمت تقریباً 170,000 روپے ہے، جبکہ بینک نے مجھے یہی موٹر سائیکل 200,000 روپے میں تین سالہ اقساط پر فروخت کی ہے۔میرا سوال یہ ہے کہ مارکیٹ قیمت اور بینک کی فروختی قیمت کے درمیان جو 30,000 روپے کا فرق ہے، کیا شرعی اعتبار سے یہ جائز منافع شمار ہوگا یا سود کے حکم میں آئے گا؟براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔جزاکم اللہ خیراً
واضح ہوکہ نقد کے معاملے میں ادھار یا قسطوں پر خرید و فروخت کی صورت میں زیادہ قیمت مقرر کرنا شرعاً جائز اور درست ہے اور یہ سود کے زمرے میں نہیں آتا ،چنانچہ مذکور بینک اگر واقعۃً اپنے کسی نمائندہ کے ذریعہ ایک لاکھ ستر ہزار میں موٹر سائیکل خرید کر اس پر قبضہ کر لینے کے بعد آگے کسٹمر کو دو لاکھ میں قسطوں پر فروخت کرتا ہو تو مذکور سہولت لینے کی گنجائش ہے۔
کمافی رد المحتار: (قوله: لزم كل الثمن حالا) لأن الأجل في نفسه ليس بمال، فلا يقابله شيء حقيقة إذا لم يشترط زيادة الثمن بمقابلته قصدا، ويزاد في الثمن لأجله إذا ذكر الأجل بمقابلة زيادة الثمن قصدا اھ(باب المرابحۃ و التولیۃ،ج:5،ص:142،ط:سعید)
وفي بحوث في قضايا فقهية معاصرة : أما الأئمة الأربعة وجمهور الفقهاء والمحدثون، فقد أجازوا البيع المؤجل بأكثر من سعر النقد، بشرط أن يبت العاقدان بأنه بيع مؤجل بأجل معلوم، وبثمن متفق عيه عند العقد اھ(احکام البیع بالتقسیط،ج:1،ص:12،ط:مکتبہ دارالعلوم)
وفی الفقه الإسلامي وأدلته للزحيلي: البيع بالتقسيط جائز شرعاً، ولو زاد فيه الثمن المؤجل على المعجّل اھ(البیع بالتقسیط،ج:7،ص:5199،ط:رشیدیۃ)