اگر کوئی شخص خدانخواستہ خودکشی کرلے تو اس کی نماز جنازہ کا کیا حکم ہے ؟دلائل کے ساتھ جواب دیں۔
واضح ہوکہ خودکشی اگرچہ حرام اور بہت ہی بڑاگناہ ہے ،تاہم اس سے کوئی شخص دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوتا،بلکہ دیگر مسلمان گناہگاروں کی طرح ایک گناہ گار ہے،جس کی نماز جنازہ پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے،لہذاخودکشی کرنے والے مسلمان کوبھی شرعی طریقہ پر غسل دےکرکفن پہنانا،اور اس پرنمازجنازہ پڑھنا شرعاً لازم اورضروری ہے۔تاہم اکابرعلماءکرام اورپیشواؤں کواس کی نماز جنازہ میں شرکت سے احترازچاہیئے،تاکہ دوسرے لوگ اس سے عبرت حاصل کریں۔
کمافی الدرالمختار:(من قتل نفسه) ولو (عمدا يغسل ويصلى عليه) به يفتى وإن كان أعظم وزرا من قاتل غيره.(ج: 2، ص: 211، مط: سعید)
وفی الفتاویٰ الھندیۃ: ومن قتل نفسه عمدا يصلى عليه عند أبي حنيفة ومحمد - رحمهما الله - وهو الأصح، كذا في التبيين.(ج: 1، الفصل الخامس في الصلاة على الميت، ص: 163 ،مط:ماجدیۃ)