مفتی صاحبان سے میں نے یہ پوچھنا تھا کہ میں ایک لڑکی سے پیار کرتا تھا، اور وہ بھی مجھ سے پیار کرتی تھی ،ہم آپس میں نکاح کرنا چاہتے تھے ،لیکن وہ لڑ کی فوت ہو گئی، اور میں اس لڑ کی کے ایصال ثواب کے لیے صدقہ دینا چاہتا ہوں ،اس لڑکی کے گھر والے کافی غریب ہیں، اس کی والدہ کپڑے سلائی کر کے گھر کا گزارہ چلاتی ہے، اس کا والد بھی ہے، لیکن وہ اتنا کام نہیں کرتا، اس لیے میں اس لڑکی کے صدقے کے طور پر کچھ رقم اس کے گھر والوں کو دے سکتا ہوں؟ اگر نہیں دے سکتا تو کیا کسی مسجد یا مدرسہ میں جس میں تعمیراتی کام ہو رہا ہوں اس میں دینا بہتر ہو گا؟ براۓ مہربافی فرما کر رہنمائی فرما دیں، اور میں ہر نماز کے بعد اللہ سے دعا کرتا ہوں، کہ اس لڑکی کو جنت میں میرا ساتھی بنا دے ،کیا میرا ایسا دعا کرنا شریعت میں ٹھیک ہے یا نہیں ؟اس کے علاوہ میں ایسا کون سا عمل کروں جس کا ایصال و ثواب اس کی روح کو پہنچے۔
سائل کا باقاعدہ نکاح کرنے سے قبل مذکور مرحومہ لڑکی کے ساتھ پیار و محبت کا اظہار یا بے تکلفانہ بات چیت کرنا وغیرہ تو شرعا جائز عمل نہیں تھا ،جس پر سائل کو بصدق دل توبہ و استغفار کرنا چاہیے،تاہم اپنے نیک اعمال کا ثواب چونکہ شرعا کسی بھی مسلمان کو پہنچایا جاسکتا ہے،اس لئے سائل کا مذکورہ لڑکی کے گھر والوں کے ساتھ یا کسی مسجد و مدررسہ میں مالی تعاون کر کے اور اس کا ثواب مذکور لڑکی کو پہچانے میں شرعا کوئی حرج نہیں۔جبکہ مذکور لڑکی کے ساتھ جنت میں ملنے کی دعائیں کرنے کے بجائے سائل کو چاہیے کہ نیک اعمال کا اہتمام اور گناہوں سے بچتے ہوئے اپنے دنیا و آخرت کی بھلائی کے لئے دعاؤں کا اہتمام کرے،اور جتنا جلد ہوسکے شادی کرنے کی کوشش کرے،تاکہ ذہن سے یہ فاسد خیالات ختم ہوسکیں۔