السلام علیکم ! جناب میرے دو سوال ہیں
1: میزان بینک کا ماہانہ آمدنی کے نام سے ایک پروگرام ہےجس میں وہ لوگوں کے پیسے مختلف جگہ پر انویسٹ کرکے اکاؤنٹ ہولڈر کو جمع کی ہوئی رقم پر ماہانہ کچھ پرافٹ دیتی ہے،کیا اس طرح کی انویسٹمنٹ پر منافع لینا جائز ہے؟براہِ کرم رہنمائی فرمائیں
2 :دوسرایہ کہ میرے ایک جان پہچان والے ہیں جو سبزی بیچتے ہیں،میں نے انہیں کچھ پیسے یہ کہہ کر دیئے تھےکہ آپ یہ پیسے اپنے کاروبار میں لگائیں اور جو منافع ہو ان پیسوں کا اس کے بدلے آپ مجھے میرے گھر کے لیے ماہانہ سبزی وغیرہ دے دیا کریں،کیا یہ جائز کام ہے؟رہنمائی فرمائیں شکریہ
(1) ہماری معلومات کے مطابق میزان بینک اکثر وبیشتر معاملات مستند مفتیانِ کرام کے زیرِ نگرانی شرعی اصولوں کے مطابق انجام پاتے ہیں،لہذا میزان بینک میں رقم جمع کرکے منافع حاصل کرنے کی گنجائش ہے۔
(2) سائل کا سوال مکمل طور پر واضح نہیں کہ سائل نے سبزی والے کو یہ رقم قرض کے طور پر دی ہے،یا مشترکہ کاروبار کے لیے؟ اور اگر سائل نے کاروبار کی غرض سے اسے رقم دی ہو تو منافع کی تقسیم کے لیے کوئی تناسب طے کی ہےیا نہیں؟
لہذا سائل کو چاہیے کہ مکمل وضاحت کے ساتھ سوال دوبارہ ای میل کردے،اس پر غور وفکر کے بعد ان شاء اللہ حکمِ شرعی سے آگاہ کیا جائیگا۔