میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ تبلیغی جماعت کے مقرر مولانا طارق جمیل کی تقاریر حوالہ کے ساتھ ہیں، وہ بہت سی باتوں کا ذکر کرتے ہیں اور کچھ اسلامی واقعات کی تفصیل بھی بیان کرتے ہیں، جو مجھے نہ مل سکیں اور میں اس قابل بھی نہیں کہ اس کا حوالہ حاصل کر سکوں، کیا ان کا کسی دیوبند مدرسہ سے تعلق ہے اور وہ جن باتوں کا ذکر کرتے ہیں تو کیا وہ دیوبندی عقیدہ کے مطابق ہوتی ہیں یا نہیں؟ برائے مہربانی ان تقاریر سے متعلق مجھے کسی فتویٰ کا حوالہ دیں۔
اس میں شبہ نہیں کہ مولانا موصوف کا تعلق اہلِ سنت والجماعت علماءِ دیوبند سے ہے اور وہ ایک مستند ومعتمد عالم دین اور معروف مبلغ ہونے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد شہر میں جامعہ حسنین مدرسہ کے بانی ومہتمم بھی ہیں، موصوف کی تقاریر وبیانات میں جو حوالہ جات ہوتے ہیں، اگرچہ وہ اصل ضرور رکھتے ہیں، مگر انہیں عام کتب میں تلاش کرنے کی بجائے متعلقہ مدرسہ کے منتظمین سے رابطہ کر کے اس حوالہ سے متعلق کتاب کی تحقیق کروائی جا سکتی ہے۔واللہ أعلم بالصواب!