باسمہ تعالی
مكرمی اصحابِ افتاء دامت برکاتہم العالیہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
عرض یہ ہے کہ بعض مساجد کے ائمہ یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز بناتے اور تصاویر کھنچوا کر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔بعض اوقات یہ ویڈیو اپنے یا كسی عالم دین كے بیانات یا كسی مسئلہ كی وضاحت سے متعلق ہوتے ہیں اور بعض اوقات یہ ویڈیوز اور تصاویر کسی دینی ضرورت کے بغیر بنائی جاتی ہیں۔ مثلاً اپنے ذاتی یا دعوتی اسفار کے دوران، مختلف تقریبات میں شرکت کے موقع پر، عیدین کے مواقع پر، یومِ جمہوریہ اور اس طرح کے دیگر مواقع پر باقاعدہ تصاویر کھنچوانا اور ویڈیوز بنانا، پھر انہیں سوشل میڈیا پر ڈالنا۔ اسی طرح بعض ائمہ اپنے مکتب کے طلبہ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنواتے ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شائع کرتے ہیں۔
بعض مقتدی حضرات ائمہ كرام کے اس طرزِ عمل کو پسند نہیں کرتے اور اس وجہ سے ان کے پیچھے نماز پڑھنے سے بھی پرہیز کرتے ہیں۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ ایسے ائمہ کے پیچھے نماز نہیں پڑھنی چاہیے، جب کہ بعض لوگ اسے درست سمجھتے ہیں۔
دریافت طلب امور یہ ہیں:
۱۔ شریعت کی نظر میں دینی مقاصد سے یا دینی مقاصد كے بغیر تصاویر کھنچوانے اور ویڈیوز بنوانے کا کیا حکم ہے؟
۲۔ مکتب کے طلبہ کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنے کا کیا حکم ہے؟
۳۔ اپنے ذاتی اور دعوتی اسفار، عیدین، یومِ جمہوریہ اور دیگر تقریبات کے مواقع پر بالقصد تصاویر کھنچوانے اور ویڈیوز بنوانے کا کیا حکم ہے؟
۴۔ جو ائمہ اس طرح تصاویر اور ویڈیوز بنواتے اور سوشل میڈیا پر ڈالتے ہوں، ان کے پیچھے نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے؟ کیا ایسے ائمہ کی امامت درست ہے؟
۵۔ کیا ایسے ائمہ کے پیچھے پڑھی ہوئی نماز ہوجاتی ہے یا نماز دوبارہ پڑھنی ضروری ہوتی ہے؟
۶۔ اگر بعض مقتدی اس وجہ سے ایسے ائمہ کے پیچھے نماز پڑھنا پسند نہ کریں، تو ان کے لیے کیا حکم ہے؟ کیا ان کا جماعت چھوڑ دینا درست ہے؟
۷۔ اگر امام صاحب کو اس سلسلے میں سمجھایا جائے اور اس کے باوجود وہ یہ کام جاری رکھیں، تو مسجد کی انتظامیہ اور مقتدیوں کو کیا کرنا چاہیے؟
براہِ کرم قرآن و حدیث اور فقہِ حنفی کی روشنی میں ان مسائل کا جواب مفصل و مدلل مكمل وضاحت كے ساتھ عنایت فرمائیں۔
فقط والسلام
واضح ہو کہ جاندار کی جن تصاویر کو خارج میں دیکھنے کی اجازت ہو اگر ان کی تصاویر صرف اسکرین کی حد تک محدود ہوں اور بے حیائی اور فحاشی کی نشر و اشاعت کا سبب بھی نہ ہو ں ،اور نہ ہی ان کا باقاعدہ پرنٹ آؤٹ لیا جائے تو ان تصاویر کا تصاویرِ محرمہ کے تحت داخل ہونے میں اہل ِعلم کا اختلاف ہے ، اور بعض اہل علم کی تحقیق کے مطابق وہ تصاویر محرمہ میں داخل نہیں ، اس لیے ان حضرات کے قول کو سامنے رکھتے ہوئےموبائل کے ذریعہ ان جانداروں کی تصاویر لینا جن کا نفس الامر اور خارج میں دیکھنے کی اجازت ہو ،مباح ہے ، بشرطیکہ یہ تصاویر ڈیجیٹل ڈیوائس تک محدود رہیں اور کسی کاغذ وغیرہ پر ان کا پرنٹ آؤٹ نہ لیا جائے ، تاہم آج کل تصویر کشی اور ویڈیوز بنانا جس قدر عام ہو رہا ہے اس سے عوام الناس کے دل سے تصویر کی حرمت اور اس کی برائی نکلتی جا رہی ہے ،اس لئے اس سے بھی اجتناب کرنا بہرحال افضل اور بہتر ہے ,لہذا ضرورت کی حد تک دعوتی سرگرمیوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو استعمال میں لانے کی گنجائش ہے البتہ اس میں اس قدر منہمک ہوجانا کہ مختلف تقریبات اور ذاتی اسفار وغیرہ اور ہر قسم کی سرگرمی کو اس میں محفوظ کرنا شروع کیا جائے جس سے مقصود فقط تشہیر ہو مناسب و پسندیدہ نہیں ، جس سے احتراز چاہیے البتہ صرف غیرافضل امر کے مرتکب امام کی اقتداء میں نماز نہ پڑھنا اور جماعت کو ترک کرنا قدرے مناسب نہیں ہے لہٰذا اس امام کی اقتداء میں جماعت سے نماز پڑھنے کا اہتمام ضروری ہے اور اس کی اقتداء میں ادا کی جانے والی نماز بلاشبہ درست ادا ہوگی ۔
کما فی مشکاۃ المصابیح : عن عائشۃ رضی اللہ عنہا ان النبی ﷺ قال : اشد الناس عذابا یوم القیامۃ بخلق اللہ ( باب التصاویر ، ج : 8 ، ص : 266 ، ط : حقانیہ )
و فی مرقاۃ الفاتیح : قال اصحابنا و غیرھم من العلماء : تصویر صورۃ الحیوان حرام شدید التحریم ، وھو من الکبائر لانہ متوعد علیہ بھذا الوعید الشدید المذکور فی الاحادیث ، سواء صنعہ فی ثوب او بساط او درھم او دینار او غیر ذلک ( باب التصاویر ، ج : 8 ، ص : 266 ، ط: حقانیہ )
و فی تکملۃ فتح الملھم : قال المرداوی فی الانصاف ( 474 / 1 ) " یحرم تصویر ما فیہ روح، ولا یحرم تصویر الشجر و نحوہ ۔ والتمثال مما لا یشبہ ما فیہ روح ، علی الصحیح من المذاھب، یحرم تعلیق ما فیہ صورۃ حیوان، و ستر الجدار بہ و تصویرہ علی الصحیح من المذھب " اھ (باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان و تحریم اتخاذ ما فیہ، ج : 4 ، ص : 159 ، ط : دار العلوم کراچی )
و فی تکملۃ فتح الملھم : اما التلفزون و الفدیو فلا شک فی حرمۃ استعمالھا بالنظر الی ما یشتملان علیہ من المنکرات الکثیرۃ من الخلاعۃ والمجون ، والکشف عن النساء المتبرجات او العاریات ، وما الی ذلک من اسباب الفسوق، ولکن ھل یتاتی فیھما حکم التصویر بحیث اذا کان التلفزیون او الفیدیو خالیا من ھذہ المنکرات باسرھا ، ھل یحرم بالنظر الی کونہ تصویرا ؟ فان لھذا العبد الضعیف عفا اللہ عنہ فیہ وقفۃ : وذلک لان الصورۃ المحرمۃ ما کانت منقوشۃ او منحوتۃ بحیث یصبح لھا صفۃالاستقرار علی شیء ، وھی الصورۃ التی کان الکفار یستعملونھا للعباد ، اما الصورۃ التی لیس لھا ثبات و استقرار و لیست منقوشۃ علی شیء بصفۃ دائمۃ فانھا بالظل اشبہ منھا بالصورۃ و یبدوا ان صورۃ التلفزون و الفدیو لا تستقر علی شیء فی مرحلۃ من المراحل ( باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان ، ج : 4 ، ص : 165 ، ط : دارالعلوم کراتشی )
و فی الدر المختار : ( و لبس ثوب فیہ تماثیل ) ذی روح وفی رد المحتار تحت قولہ : ( ولبس ثوب فیہ تماثیل ) وظاھر کلام النووی فی شرح المسلم الاجماع علی تحریم صورۃ الحیوان ، و قال : وسواء صنعہ لما یمتھن او لغیرہ ، فصنعتہ حرام بکل حال لان فیہ مضاھاۃ لخلق اللہ تعالی ، و سواء کان فی ثوب او بساط او دراھم و اناء و حائط و غیرھا ( باب ما یفسد الصلوۃ و ما یکرھ فیھا ، ج : 1 ، ص : 647 ، ط : سعید )