کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ میں، میرے شوہر نے 2012 مجھے ایک طلاق دی تھی، جس کے بعد رجوع ہو گیا تھا، اس کے بعد 2018 میں مجھے بولا ”اگر اس کے علاوہ گالی دی تو طلاق“میں نے گالی دیدی، پھر ساتھ رہتے رہے، 2025 میں کہا کہ ”اگر میں نے یکم اکتوبر کی رات یہاں گزاری تو طلاق“ لیکن وہ رات یہاں نہیں گزاری، بلکہ جہاں کام کرتا ہے وہاں پر رات گزاری، ابھی کچھ دن قبل لڑائی کے دوران بولا ”طلاق ، طلاق“ دو دفعہ بولا، اس میں یہ نہیں بولا ”دیتا ہوں یا دونگا وغیرہ“ اب معلوم یہ کرنا تھا کہ کیا ان جملوں سے طلاق واقع ہوئی ہے یا نہیں ؟ اب ہم دوبارہ میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رِہ سکتے ہیں؟
سوال میں درج کردہ بیان اگر واقعۃ درست اور مبنی بر حقیقت ہو تو صورت مسئولہ میں سائلہ کے شوہر نے 2012 میں پہلی دفعہ طلاق دینےکے بعد شریعت کے مطابق رجوع کر لیا تھا تو یہ رجوع صحیح ہو کر نکاح حسب سابق برقرار رہا، جس کے بعد شوہر کے پاس صرف دو طلاقوں کا حق باقی تھا، پھر دوسری دفعہ طلاق کو معلّق کرکے جب بولا کہ "اگر اس کے علاوہ گالی دی تو طلاق"، اور اس کے بعد سائلہ نے گالی بھی دیدی تھی، تو اس سے مزید ایک طلاق واقع ہوگئی تھی، جس کے بعد اگر دورانِ عدت(تین ماہواریاں گزرنے سے قبل ) قولاً یا فعلاً رجوع کر لیا تھا تو رجوع صحیح ہوکر نکاح حسب سابق برقرار تھا، البتہ آئند ہ شوہر کے پاس صرف ایک طلاق کا حق باقی تھا۔
چنانچہ تیسری دفعہ شوہر کی اس بات ”اگر میں نے یکم اکتوبر کی رات یہاں گزاری تو طلاق“ کہنے کے بعد چونکہ شرط نہیں پائی گئی تھی، اس لیے اس موقع پر مزید کوئی طلاق نہیں ہوئی تھی۔
البتہ چوتھی دفعہ لڑائی جھگڑے کے دوران جب شوہر نے سائل کو دو مرتبہ "طلاق، طلاق " کے الفاظ بولے تو مزید ایک اور طلاق واقع ہوکرتین طلاقوں کے ذریعے حرمت مغلظہ ثابت ہو چکی ہے، اب رجوع نہیں ہو سکتا، اور حلالۂ شرعیہ کے بغیر باہم عقد نکاح بھی نہیں ہو سکتا، جبکہ عورت عدت گزارنے کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہے۔
اور حلالۂ شرعیہ یہ ہے کہ عورت اپنے شوہر سے علیحدگی اور عدت کے بعد بغیرکسی شرط کے کسی دوسرے مسلمان شخص سے اپنا نکاح کرے ،چنانچہ اگروہ دوسراشخص بھی ایک مرتبہ ہمبستری (جوکہ حلالہ شرعیہ کے تحقق کے لئے ضروری ہے)کے فوراً بعد یا ازدواجی زندگی کے کچھ عرصہ بعد طلاق دیدے یا طلاق تو نہ دے، مگر بیوی سے پہلے اس کا انتقال ہوجائے، بہرصورت اس کی عدت گزرنے کے بعد وہ پہلے شوہر کے عقدنکاح میں آناچاہے اور پہلاشوہربھی اسے رکھنے پر رضامندہوتو نئے مہرکیساتھ گواہوں کی موجودگی مىں دوبارہ عقدنکاح کرکے باہم میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسرکرسکتے ہیں۔تاہم حلالہ اس شرط کے ساتھ کرناکہ زوج ثانی ہمبستری کے بعدبیوی کو طلاق دےگا، تاکہ زوج اول دوبارہ اس کے ساتھ عقدنکاح کرے، یہ مکروہ تحریمی ہے، اور اس پر حدیث شریف میں وعید بھی وارد ہوئی ہے، اس لئے اس سے احتراز لازم ہے، جبکہ بلاشرط بلاشبہ جائز اور درست ہے۔
کما في الدر المختار: (هي استدامة الملك القائم) بلا عوض ما دامت (في العدة) أي عدة الدخول حقيقة. اهـ (باب الرجعة، ج: 3، ص: 397-398، ط: إيج إيم سعيد)
وفي رد المحتار: نعم لو طلقها وهو مقيم معها يعاشرها معاشرة الأزواج ليس لها التزوج لعدم انقضاء عدتها منه كما سيأتي بيانه في العدة.اهـ (باب الرجعة، ج: 3، ص: 421، ط: إيج إيم سعيد)
فی الهندية : متى كرر لفظ الطلاق بحرف الواو أو بغير حرف الواو يتعدد الطلاق ( کتاب الطلاق، الباب الثانی، الفصل الاول فی الطلاق الصریح، ج :1 ، ص : 356 ، ط : مكتبة ماجدية )
وفی ردالمحتار تحت قوله: ( لتركه الإضافة ) ولا یلزم کون الإضافة صريحة في كلامه ، لما فی البحر لو قال طالق فقیل له من عنیت ؟ فقال امرأتی طُلقت امرأته. (إلى قوله) لما مر من أنه لو أخبر بالطلاق كاذبا لا يقع ديانة بخلاف الهازل، فهذا يدل على وقوعه وإن لم يضفه إلى المرأة صريحا، نعم يمكن حمله على ما إذا لم يقل إني أردت الحلف بطلاق غيرها فلا يخالف ما في البزازية ويؤيده ما في البحر لو قال: امرأة طالق أو قال طلقت امرأة ثلاثا وقال لم أعن امرأتي يصدق اهـ ويفهم منه أنه لو لم يقل ذلك تطلق امرأته، لأن العادة أن من له امرأة إنما يحلف بطلاقها لا بطلاق غيرها، فقوله إني حلفت بالطلاق ينصرف إليها ما لم يرد غيرها لأنه يحتمله كلامه. إلخ ( باب صریح الطلاق، ج : 3 ، ص : 248 ، ط : إيج إيم سعید )
وفی بدائع الصنائع : وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية (إلى قوله) سواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة. ( کتاب الطلاق ، فصل فی حکم الطلاق البائن ، ج: 3، ص: 187، ط: إيج إيم سعيد)
وفي الدر المختار: (لا) ينكح (مطلقة) من نكاح صحيح نافذ (إلى قوله) كما سنحققه (بها) أي بالثلاث (لو حرة وثنتين لو أمة) ولو قبل الدخول (إلى قوله) (حتى يطأها غيره إلخ (باب الرجعة، ج: 3، ص: 409-410، ط: إيج إيم سعيد)
وفيه أيضا: (وكره) التزوج للثاني (تحريما) لحديث "لعن المحلل والمحلل له" (بشرط التحليل) كتزوجتك على أن أحللك (وإن حلت للأول) (إلى قوله) (أما إذا أضمر ذلك لا) يكره (وكان) الرجل (مأجورا) لقصد الإصلاح، وتأويل اللعن إذا شرط الأجر ذكره البزازي.اهـ (باب الرجعة، ج: 3، ص: 415، ط: إيج إيم سعيد)