السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
میرا سوال درج ذیل صورتِ حال کے بارے میں ہے:
سعودی عرب کے موجودہ انتظامی ضوابط کے مطابق مسجد الحرام میں مطاف کے مخصوص حصے میں داخلے کے لیے احرام کی حالت میں ہونا ضروری ہے۔ اس وجہ سے عام زائر ین اگر احرام کے بغیر ہو تو اسے مطاف کے اس حصے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی۔
اب فرض کریں کہ ایک شخص نے عمرہ مکمل کرلیا ہے اور احرام سے نکل چکا ہے۔ بعد میں، مثلاً اگلے دن، وہ صرف حطیم میں نماز پڑھنے/دعا کرنے کے لیے مطاف کے علاقے میں جانا چاہتا ہے۔ موجودہ انتظامی ضابطے کی وجہ سے احرام کے بغیر اسے مطاف میں داخلے کی اجازت نہیں ملتی، جبکہ احرام پہننے کی صورت میں داخلہ ممکن ہے۔
اس صورت میں درج ذیل سوالات ہیں:
1۔ اگر وہ شخص صرف مطاف کے علاقے میں داخل ہونے اور حطیم میں نماز یا دعا کرنے کی غرض سے احرام پہن لے، لیکن عمرہ یا طواف کی کوئی نیت نہ ہو، تو کیا شرعاً ایسا کرنا جائز ہے؟
کیا یہ عمل سعودی انتظامیہ کے مقرر کردہ ضابطے سے بچنے کے لیے کسی قسم کی دھوکہ دہی یا حیلہ شمار ہوگا، یا محض احرام پہن لینا بذاتِ خود جائز ہے، خواہ عمرہ کی نیت نہ ہو؟
2۔ اسی طرح اگر کوئی شخص صرف ملتزم سے چمٹ کر دعا کرنے یا ملتزم کو چھونے کی غرض سے مطاف کے علاقے میں جانا چاہے اور اس مقصد کے لیے احرام پہن لے، جبکہ اس کا عمرہ یا طواف کرنے کا ارادہ نہ ہو، تو کیا ایسا کرنا شرعاً جائز ہوگا؟
3۔ اگر حطیم یا ملتزم کی فضیلت حاصل کرنے کے لیے احرام پہننا شرعاً جائز ہو، تو کیا اس کے لیے عمرہ کی نیت یا طواف کرنا ضروری ہوگا؟ یا محض احرام کی چادریں پہن کر مطاف میں داخل ہونا کافی ہوگا؟
4۔اگر یہ عمل انتظامیہ کے ضابطے سے بچنے کے لیے کسی قسم کی خلاف ورزی یا دھوکہ دہی شمار ہوتا ہو، تو ایسی صورت میں کیا شخص کو حطیم یا ملتزم میں جانے کی کوشش ترک کردینی چاہیے، اگرچہ اس کی وجہ سے وہ ان مقامات کی فضیلت سے محروم ہوجائے؟
واضح رہے کہ عمرہ اور حج پر جانے والے زائرین کا سعودیہ کی موجودہ حکومت سے یہ معاہدہ ہوتا ہے کہ ہم حکومت کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ان کے مطابق چلیں گے۔ اس لیے اس معاہدے کی رو سے زائرین پر لازم ہے کہ حکومت کے تحت چلنے والی مسجدِ حرام کی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات (جو زائرین کی اجتماعی سہولت اور کسی بھی قسم کے حادثے سے تحفظ کے لیے دی جاتی ہیں) پر عمل کریں۔ چنانچہ اگر رش ہو اور مجمع زیادہ ہو، تو ایسی صورت میں صرف احرام کی چادریں پہن کر ممنوعہ حدود میں جانا دھوکہ دہی میں شمار ہونے کی وجہ سے جائز نہ ہوگا، جبکہ محض ایک فضیلت کے حصول کے لیے دوسرے لوگوں کو تکلیف پہنچانا اور ملکی قوانین کو پامال کرنا بھی جائز نہیں۔ لہٰذا ملتزم اور حطیم کی فضیلت حاصل کرنے کے لیے (بغیر نیت عمرہ و طواف ) محض احرام کی چادریں پہن کر مطاف میں جانے سے احتراز کرنا چاہیے۔ تاہم اگر کسی کو یہ فضیلت حاصل کرنی ہو، تو وہ میقات سے عمرے کی نیت سے احرام باندھ کر عمرہ کر لے اور اس دوران یہ فضیلت بھی حاصل کر لے۔
کما فی فتح القدير: حقيقته الدخول في الحرمة والمراد الدخول في حرمات مخصوصة: أي التزامها، والتزامها شرط الحج شرعا غير أنه لا يتحقق ثبوته شرعا إلا بالنية مع الذكر أو الخصوصية على ما سيأتي (باب الاحرام: ج:٢، ص: ٤٢٩، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصفى البابي الحلبي)
وفي حاشية ابن عابدين: تجب إطاعته فيما أباحه الشرع، وهو ما يعود نفعه على العامة، وقد نصوا في الجهاد على امتثال أمره في غير معصية (كتاب الاشربة، ج:، ص: ٤٦٠، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصفى البابي الحلبي)
وفي الترغيب والترهيب: عن ابن عمر رضي الله عنه، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «إياكم والخيانة فإنها بئست البطانة، وإياكم والظلم فإن الظلم هو (باب في الترهيب من الغش والغلول والخيانة: ج:١، ص:١٨٣، رقم: ٢٤٢، ط: دار الحديث – القاهرة)
وفي جامع الاصول: عن ابي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من حمل علينا السلاح فليس منا، ومَن غشنا فليس منا (نوع عاشر: ج:١٠، ص:٥٧، رقم:٧٥١٩، ط: مكتبة الحلواني)