کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے سے متعلق کہ ایک ایسا فیملی پارک قائم کرنے کا ارادہ ہے جس کا بنیادی مقصد خاندانوں کو ایک ایسی تفریحی اور پُرسکون جگہ فراہم کرنا ہو، جہاں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ اس پارک میں سرسبز و شاداب بیٹھنے کی جگہیں، بچوں اور بڑوں کے لیے مختلف قسم کے تفریحی جھولے اور amusement rides، ایک cafeteria یعنی کھانے پینے کی جگہ اور دیگر مناسب تفریحی سہولیات موجود ہوں گی۔
اس پارک میں داخلے کا نظام اس طرح رکھا جائے گا کہ غیر متعلقہ افراد یا محض اکیلے مردوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ بنیادی طور پر خاندانوں کو ہی داخلہ دیا جائے گا تاکہ ماحول باوقار، محفوظ اور خاندانی نوعیت کا رہے۔ کوشش ہوگی کہ پارک میں ایسا کوئی انتظام نہ ہو جو شریعت کے منافی ہو، مثلاً فحش یا بے حیائی پر مبنی سرگرمیاں، جوا، شراب یا دیگر حرام اشیاء، غیر شرعی تفریح یا ایسا ماحول جس سے گناہ کو فروغ ملے۔
میرا سوال یہ ہے کہ:
1. کیا شرعاً ایسا فیملی پارک قائم کرنا اور اسے کاروباری بنیادوں پر چلانا جائز ہے؟
2. اگر پارک میں سبزہ زار، بیٹھنے کی جگہیں، جھولے، amusement rides، بچوں کے کھیلنے کی سہولیات اور cafeteria یعنی کھانے پینے کی جگہ وغیرہ ہوں تو کیا ان سہولیات سے حاصل ہونے والی آمدنی حلال ہوگی؟
3. کیا صرف خاندانوں کو داخلہ دینا اور غیر خاندانی/اکیلے افراد کو داخلے کی اجازت نہ دینا شرعی اعتبار سے مناسب اور مطلوب انتظام سمجھا جائے گا؟
4. اگر پارک میں مرد و خواتین اور بچوں کی موجودگی ہوگی تو پردہ، اختلاطِ مرد و زن اور شرعی حدود کی رعایت کے لیے کن اصولوں اور انتظامات کا اہتمام ضروری ہوگا؟
5. اگر بعض خواتین یا لڑکیاں شرعی پردے کی مکمل پابندی نہ کریں تو کیا ایسی صورت میں پارک کے مالک یا انتظامیہ پر کوئی شرعی ذمہ داری عائد ہوگی؟ اور انتظامیہ کو کس حد تک اس معاملے میں روک تھام کرنی چاہیے؟
6. جھولوں اور تفریحی (rides) رائیڈز کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے، خصوصاً ایسی (rides) رائیڈز جن میں مرد و خواتین ایک ہی جگہ یا ایک ہی ride استعمال کریں؟ کیا انہیں الگ الگ اوقات یا الگ انتظام کے ساتھ چلانا ضروری ہوگا؟
7. اگر پارک میں موسیقی، گانے، نامناسب لباس، بے حیائی یا دیگر غیر شرعی امور کو اجازت نہ دی جائے، بلکہ باوقار اور اسلامی ماحول برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے، تو کیا اس صورت میں پارک کا قیام اور اس سے آمدنی حاصل کرنا شرعاً درست ہوگا؟
8. اگر پارک کے قیام کا مقصد صرف منافع کمانا نہ ہو بلکہ خاندانوں کو ایک محفوظ، صاف ستھرا اور باحیا تفریحی ماحول فراہم کرنا، بچوں کو صحت مند تفریح دینا اور لوگوں کو غیر مناسب تفریحی مقامات سے بچانے کی کوشش کرنا بھی ہو، تو کیا یہ نیت اس کاروبار کے شرعی حکم یا اس کی برکت پر کوئی اثر ڈالتی ہے؟
9. براہِ کرم یہ بھی واضح فرما دیں کہ ایسے پارک کو مکمل طور پر شرعی اصولوں کے مطابق چلانے کے لیے کن بنیادی شرائط اور احتیاطوں کی پابندی ضروری ہوگی، تاکہ پارک کی تعمیر، اس میں ہونے والی سرگرمیاں اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی حلال اور باعثِ برکت رہے۔
واضح ہو کہ لوگوں کو اپنی ذاتی ملکیت کی جگہ تفریح گاہ (پارک) کیلئے فراہم کرنا فی نفسہ جائز عمل ہے اور اس کا عوض لینا حلال ہے، اسی طرح پارک میں موجود جھولوں پر ٹکٹ لگا کر کمانا بھی جائز ہے، البتہ پارک میں آنے والے لوگوں کو غیر شرعی امور، مثلاً: گانا بجانے، بے پردگی ، مخلوط ماحول، شراب نوشی وغیرہ کی اجازت دینا شرعاً ناجائز اور ممنوع عمل ہے، جس سے احتراز لازم ہے، لہذا سوال میں ذکر کردہ تفصیل کے مطابق اگر واقعتا سائل ایسا پارک بنائے جس میں معاصی اور غیر شرعی امور کے ارتکاب پر پابندی ہو، رائیڈز وغیرہ دیگر تفریحی اشیاء استعمال کرنے کیلئے کوئی ایسی مناسب تدبیر اختیار کی جائے کہ جس میں مردوزن کا اختلاط اور بے پردگی نہ ہو اور اس میں وقتا فوقتا عورتوں کو اعلان وغیرہ کے ذریعے نامحرم مردوں کے سامنے بے پردہ ہونے، ساتھ اُٹھنے بیٹھنے اور جھولہ جھولنے سے منع کیا جاتا رہےتو ایسا پارک قائم کرنے کی شرعاً اجازت ہے، جبکہ خواتین کی عزّت و آبرو کی حفاظت کی غرض سے پارک میں خاندان کے علاوہ اکیلے فرد کے داخلے پر پابندی لگانا جائز ہے، بلکہ پرفتن حالات کے پیش نظر ایسا کرنا ضروری ہے۔