السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ؛ محترم مفتیانِ کرام! میرا نکاح ہوا تھا،اس کے بعد 5 مارچ 2024ء کو شوہر نے وکیل کے ذریعے TCS سے طلاق نامہ بھیجا،الفاظ تھے: "میں تجھے تین بار طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں۔"عدت میں رجوع نہیں ہوا،جون 2025 میں شوہر نے دوبارہ نکاح کی خواہش ظاہر کی،"کیا اس مخصوص کیس میں نئے مہر اور نئے نکاح کے ساتھ دوبارہ نکاح جائز ہے؟"
صورتِ مسئولہ میں اگر واقعۃً سائلہ کو اس کے شوہر نے تحریری طور پر مذکور الفاظ " میں تجھے تین بار طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں "طلاق نامہ میں درج کر کے بذریعہ TCS (ڈاک)بھیجوا دیے ہوں،تو اس سے سائلہ پر تینوں طلاقیں واقع ہو کر حرمتِ مغلظہ ثابت ہوچکی ہے ،جس کے بعد رجوع نہیں ہوسکتا اور نہ ہی حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ عقد نکاح ہوسکتا ہے ، لہٰذا اس مخصوص کیس میں بھی سائلہ کے لیے بغیر حلالہ شرعیہ کے شوہر سے تجدید نکاح کی کوئی گنجائش نہیں ،جبکہ سائلہ عدت گزرنے کے بعد کسی دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہے، اور حلالہ شرعیہ یہ ہے کہ عورت اپنے شوہر سے علیحدگی اور عدت ِطلاق گزارنے کے بعد بغیر کسی شرط کے کسی مسلمان شخص سے عقدِ نکاح کرے اور وہ شخص اس سے کم از کم ایک مرتبہ حقوقِ زوجیت ادا کرے،اب اگر دوسرا شخص اسے ایک مرتبہ کی ہم بستری (جوکہ حلالہ شرعیہ کے تحقق کے لئے ضروری ہے) کے بعد فوراً یا ازدواجی زندگی کے کچھ عرصہ بعد طلاق دیدے یا طلاق تو نہ دے،البتہ اس کا پہلے انتقال ہوجائے،تو بہر صورت اس کی عدت گزرنے کے بعد اگر وہ پہلے شوہر کے عقدِ نکاح میں آنا چاہے اور پہلا شوہر بھی اسے رکھنے پر رضامند ہو تو نئے مہر کے تحقق کے ساتھ گواہوں کی موجودگی میں دوبارہ عقدِ نکاح کرکے باہم میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسر کرسکتے ہیں،تاہم حلالہ اس شرط کے ساتھ کرنا کہ زوجِ ثانی ہمبستری کے بعد بیوی کوطلاق دے گا،تاکہ زوجِ اوّل دوبارہ اس کے ساتھ عقدِ نکاح کرے،یہ مکروہِ تحریمی ہے اور اس پر وعیدیں وارد ہوئی ہیں ،لہٰذا اس سے احتراز لازم ہے،البتہ بلاشرط ایسا کرنا بلاشبہ جائز اور درست ہے۔
کما فی قولہ تعالٰی: فان طلقھا فلاتحل لہ من بعد حتٰی تنکح زوجا غیرہ (البقرۃ:230)۔
وفی مشکوٰۃ المصابیح: عن عائشة قالت: جاءت امرأة رفاعة القرظي إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم فقالت: إني كنت عند رفاعة فطلقني فبت طلاقي فتزوجت بعده عبد الرحمن بن الزبير وما معه إلا مثل هدبة الثوب فقال: أتريدين أن ترجعي إلى رفاعة؟ قالت: نعم قال: لا حتى تذوقي عسيلته ويذوق عسيلتك (متفق عليه) (باب المطلقۃ ثلاثاً، ج:2، ص:284، ط:قدیم)۔
وفی بدائع الصنائع: وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله - عز وجل - {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: 230] ، وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة؛الخ (فصل وأما حکم البائن،ج:3،ص: 187،ط:سعید)۔