السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مفتی صاحب! میں اپنے شوہر کی دوسری بیوی ہوں، ہماری شادی کو ڈیڑھ سال ہوچکا ہے، میرے شوہر نے مجھ سے شادی اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر کی تھی، جب سے یہ بات ان کے گھر والوں کو معلوم ہوئی ہے، تب سے وہ میرے ساتھ وقت نہیں گزارتے، گزشتہ نو ماہ سے وہ میرے پاس ایک رات بھی نہیں رکے، اسی بات کو لے کر ہمارے درمیان کئی مرتبہ جھگڑا ہو چکا ہے، میں نے اپنے شوہر سے کہا کہ آپ مجھے میرے حقوق نہیں دیتے، تو یہ سلسلہ کب تک چلتا رہے گا؟ اگر آپ نے مجھے اسی طرح رکھنا ہے تو مجھے چھوڑ دیں، حالانکہ میری خواہش یہ تھی کہ وہ اپنا رویہ درست کرلیں اور مجھے میرے جائز حقوق دیں، میری نیت ان سے علیحدگی اختیار کرنے کی نہیں تھی، اور نہ ہی میرے پاس اس کی کوئی وجہ تھی، میرے والدین بھی وفات پا چکے ہیں، معلوم یہ کرنا ہے کہ گزشتہ مرتبہ جب ہماری لڑائی ہوئی تو میرے شوہر بھی مجھ سے بدتمیزی کر رہے تھے، اس وقت میں نے انہیں دوبارہ کہا کہ اگر آپ نے مجھے نہیں رکھنا تو مجھے چھوڑ دیں، اس موقع پر میرے شوہر نے فون پر مجھے دو مرتبہ طلاق دی، لیکن میں ان کے الفاظ واضح طور پر نہیں سن سکی، بعد میں انہوں نے میرے بھائی کو بتایا کہ میں نے دو طلاقیں دی ہیں، اس وقت وہ غصے میں بھی تھے، آپ سے شرعی فتویٰ مطلوب ہے کہ کیا اب بھی ہمارا میاں بیوی کا رشتہ قائم ہے یا ہمارا ازدواجی تعلق ختم ہو چکا ہے؟براہِ کرم ہماری شرعی رہنمائی فرمائیں۔
سائلہ کابیان اگرحقیقت پرمبنی ہو،اس میں کسی قسم کی غلط بیانی اور دروغ گوئی سے کام نہ لیاگیاہوبایں طورکہ سائلہ کو اس کے شوہر نےفون پرصرف دومرتبہ طلاق کے صریح الفاظ مثلاً "میں آپ کو طلاق دیتا ہوں، یا تمہیں طلاق ہے" وغیرہ کہےہوں،اورسائلہ کاشوہربھی صرف دومرتبہ طلاق دینے کااقرارکررہاہو، تو اس صورت میں سائلہ پر دو طلاقِ رجعی واقع ہو چکی ہیں،جس کے بعد دورانِ عدت شوہر کو رجوع کا حق حاصل تھا،چنانچہ اگرسائلہ کےشوہرنے طلاق کے بعددوران عدت زبانی طورپررجوع کرلیاہویادونوں کے درمیان میاں بیوی والاتعلق قائم ہواہویابیوی کوشہوت کے ساتھ چھولیاہوتواس صورت میں ان دونوں میں میاں بیوی کا رشتہ بدستوربرقرارہے، لیکن اگر دوران عدت شوہرنے رجوع نہ کیاہو، یہاں تک کہ ایّامِ عدّت (تین ماہواریاں ) گزرگئی ہو ں ، تواس سے نکاح بالکل ختم ہوچکا ہے،اور سائلہ دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزادہے، تاہم اگرسائلہ اوراس کا شوہرباہمی رضامندی سےدوبارہ میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنے پرآمادہ ہوں تو نئے سرے سے حقِ مہر کے تقرّر کے ساتھ باقاعدہ گواہوں کی موجودگی میں باضابطہ ایجاب و قبول کرنا لازم ہوگا، بشرطیکہ اس واقعے سے قبل کوئی اور طلاق نہ دی ہو، چنانچہ شوہر کے پاس آئندہ کیلئے فقط ایک طلاق کا اختیار ہوگا، اس لئےآئندہ طلاق کے معاملہ میں خوب احتیاط چاہیئے۔
کمافی الھدایۃ: الطلاق علی ضربین، صریح و کنایۃ، فالصریح قولہ: أنت طالق و مطلقۃ و طلّقتك فھٰذا یقع بہ الطلاق الرجعی، الخ (باب إیقاع الطلاق، ج 2، ص 61، ط: مکتبہ انعامیۃ)-
وفی الھندیۃ: وأما البدعي) فنوعان بدعي لمعنى يعود إلى العدد وبدعي لمعنى يعود إلى الوقت (فالذي) يعود إلى العدد أن يطلقها ثلاثا في طهر واحد أو بكلمات متفرقة أو يجمع بين التطليقتين في طهر واحد بكلمة واحدة أو بكلمتين متفرقتين فإذا فعل ذلك وقع الطلاق وكان عاصيا. الخ (كتاب الطلاق، الباب الأول فی تفسير الطلاق وركنه و شرطه وحكمه ووصفه وتقسيمه، الطلاق البدعی، ج 1، ص 349، ط: مکتبۃ ماجدیۃ)-
و فی البدائع: فإن طلقها و لم يراجعها بل تركها حتى إنقضت عدتها بانت، و هذا عندنا، الخ (كتاب الطلاق، فصل فی بيان حكم الطلاق، ج 4، س 469، ط: دار الحدیث قاھرۃ)-
وفی الھدایۃ: و إذا كان الطلاق بائنا دون الثلاث فله أن يتزوجها فی العدة و بعد إنقضائها، الخ (کتاب الطلاق، باب الرجعة، فصل فيما تحل به المطلقة، ج 2، ص 92، ط: مکتبۃ انعامیۃ)-