محترم مفتی صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
میرا ایک نہایت حساس اور اہم شرعی مسئلہ ہے، جس کے بارے میں آپ کے دارالافتاء سے مستند فتویٰ مطلوب ہے۔
میری شادی کو پندرہ سال ہو چکے ہیں اور ہمارے چار بچے ہیں۔ چند ماہ قبل میری اپنی اہلیہ سے ناراضی ہوئی۔ اسی دوران میں نے موبائل فون پر ایک پیغام تحریر کیا۔
مسئلے کی تفصیل درج ذیل ہے:
**(1) نیت:**
اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر عرض کرتا ہوں کہ میری اپنی بیوی کو طلاق دینے کی بالکل کوئی نیت نہیں تھی، بلکہ میں صرف انہیں ڈرانا اور تنبیہ کرنا چاہتا تھا۔
**(2) الفاظ میں تبدیلی:**
میں نے جان بوجھ کر لفظ "طلاق" کو اس کی اصل صورت میں نہیں لکھا، بلکہ اس کے حروف اور اعراب میں تبدیلی کرکے "ذِلاق" لکھا تھا، تاکہ شرعاً طلاق واقع نہ ہو۔
**(3) گواہ:**
اس وقت میرا بھائی بھی وہاں موجود تھا اور وہ اس پورے معاملے کا گواہ ہے، البتہ اسے اس وقت اس بات کا علم نہیں تھا کہ میں نے "طلاق" کے بجائے "ذِلاق" لکھا تھا۔
اب صورتِ حال یہ ہے کہ میری اہلیہ ناراض ہو کر بچوں کو چھوڑ کر گھر سے چلی گئی ہیں، اور ان کا خاندان یہ سمجھ رہا ہے کہ طلاق واقع ہو چکی ہے، حالانکہ میری نیت اور میرے لکھے ہوئے الفاظ دونوں مختلف تھے۔
درج ذیل امور میں شرعی رہنمائی مطلوب ہے:
1. کیا مذکورہ صورت میں شرعاً ہمارا نکاح برقرار ہے یا کوئی طلاق واقع ہوئی ہے؟
2. اگر نکاح برقرار ہے تو کیا میں اپنی اہلیہ کو واپس گھر لا سکتا ہوں؟
3. کیا لفظ "ذِلاق" لکھنے کو شرعاً طلاق کے قائم مقام سمجھا جائے گا یا نہیں؟
4. اس معاملے میں نیت، تحریر کے الفاظ اور قرائن کو کس حد تک معتبر سمجھا جائے گا؟
آپ سے گزارش ہے کہ اس بارے میں جلد از جلد شرعی رہنمائی مرحمت فرمائیں تاکہ میرا گھرانہ ٹوٹنے سے بچ سکے۔
جزاکم اللہ خیراً
والسلام
مفتی غیب نہیں جانتا،وہ سوال کے مطابق جواب دینے کاپابندہوتاہے ،سوال کے سچ اورجھوٹ کی ذمہ داری سوال کرنے والے پرعائدہوئی لہذا سائل کابیان اگرحقیقت پرمبنی ہواوراس میں کسی قسم کی غلط بیانی اوردروغ گوئی سے کام نہ لیاگیاہو اورحقیقت واقعہ بعینہ اسی طرح ہو جیسا سوال میں مذکور ہے کہ سائل نے لفظ "طلاق" صراحتاً نہیں لکھا، بلکہ جان بوجھ کر اس کے حروف میں تبدیلی کرکے "ذِلاق" لکھا تھا، اور سائل کی نیت بھی اپنی اہلیہ کو طلاق دینے کی نہیں بلکہ محض ڈرانے اور تنبیہ کرنے کی تھی، تو ایسی صورت میں محض مذکورہ عبارت کی بنیاد پر طلاق واقع نہیں ہوگی۔
اس لیے کہ طلاق کے وقوع کے لیے یا تو صریح الفاظِ طلاق کا استعمال ضروری ہے، یا ایسے کنائی الفاظ ہوں جن کے ساتھ طلاق کی نیت پائی جائے۔ جبکہ سوال میں مذکور لفظ "ذِلاق"نہ صریح لفظِ طلاق ہے اور نہ ہی عرفاً و شرعاً طلاق کے لیے مستعمل کنایہ شمار ہوتا ہے، نیز سائل کے بیان کے مطابق طلاق کی نیت بھی موجود نہیں تھی۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل کا نکاح بدستور برقرار ہے، کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی، اور اس کی اہلیہ بدستوراس کے نکاح میں ہیں۔ اس بنا پر سائل باہمی افہام و تفہیم اور خاندان کے بڑوں کی مداخلت سے اپنی اہلیہ کو واپس گھر لا سکتے ہیں۔
البتہ آئندہ کے لیے غصہ، دھمکی یا تنبیہ کے طور پر بھی طلاق یا اس سے مشابہ الفاظ لکھنے یا بولنے سے احتراز لازم ہے۔
كمافي بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع» : ويستحيل أن يثبت باللفظ ما يمنع ثبوته»(3/ 91)
وفيه أيضا : وكذا كل لفظ لا يحتمل الطلاق لا يقع به الطلاق، وإن نوى»(3/ 108)
وفي التقرير والتحبير على كتاب التحرير» : والأصل أن موجب اللفظ يثبت باللفظ ولا يفتقر إلى النية ومحتمل اللفظ لا يثبت إلا إذا نوى، وما لا يحتمله لا يثبت وإن نوى لأن النية لتعيين محتمل اللفظ لا لإثباته.» (1/ 315)