پچھلے سال میں نے فلپائنی خاتون سے مسلمان ہونے کے بعد دوسری شادی کی۔ میری پہلے سے بیوی ہے لیکن میں نے اسے بتائے بغیر دوسری شادی کر لی۔ میری شادی ریاض میں ہوئی اور نکاح پاکستان سے آن لائن امام اور وکیل نے کیا۔ میں امام اور وکیل دونوں کو نہیں جانتا۔ اس بات پر اتفاق ہوا کہ وہ مجھے غیر رجسٹرڈ میرج سرٹیفکیٹ فراہم کریں گے لیکن اب تک 1 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی انہوں نے فراہم نہیں کیا۔ مجھے ان کی تصدیق پر شک ہے۔ شادی میں گواہ کے طور پر، دلہن کی ماں اور دلہن کی بیٹی (اس کے سابق شوہر کے بچے) نے فلپائن سے آن لائن شرکت کی۔ شادی کی تقریب میں دلہن کے مرد دوست اور خواتین دوستوں نے شرکت کی۔ پہلے میں جاننا چاہتا ہوں کہ کیا یہ ایک جائز شادی ہے؟
دوسرا مسئلہ میں نے اپنی دوسری بیوی کو طلاق دے دی، مجھے احساس ہوا کہ میں غلط تھا۔ اگر میری دوسری شادی غلط تھی یا اسلامی اصولوں کے مطابق درست نہیں تو کیا میں اس سے دوبارہ شادی کر سکتا ہوں؟
تنقیح:محترم سوال میں مذکور ہے کہ امام اور وکیل پاکستان سے تھے؟آپ نے اور آپ کی بیوی نے ویڈیو کال کے ذریعہ خود ایجاب و قبول کیا تھا یا امام اور وکیل میں سے کسی کو اپنا وکیل بالنکاح بنایا تھا؟اور اگر دونوں میں سے کسی کو وکیل بنایا تھا تو کیا انہوں نے مجلس نکاح میں خود آپ لوگوں کی طرف سے وکیل بن کر ایجاب و قبول کیا تھا یا نہیں؟نکاح کیسے ہوا تھا اس کی تھوڑی تفصیل لکھیں اور جو پہلی بیوی کو طلاق دی ہے تو اس کے لئے کیا الفاظ بولے تھے؟اس کی بھی وضاحت کریں تاکہ اس پر غور کے بعد جواب دیا جاسکے۔شکریہ
جواب تنقیح:السلام علیکم،جی ہاں، امام اور وکیل پاکستان سے تھے اور آن لائن تھے۔
امام نے تقریر سے آغاز کیا اور صرف مجھ اور دلہن سے قبولیت کی تصدیق لی۔
وکیل نے صرف امام کا تعارف کرایا۔ ہم نے نِکاح میں کسی کو وکیل مقرر نہیں کیا اور اس لیے وکیل کی جانب سے کچھ نہیں ہوا۔ کسی نے ہم سے کوئی وکیل مقرر کرنے کو نہیں کہا۔ میں نے وکیل کی تفصیلات ویب سائٹ سے حاصل کیں۔ مختصراً، وکیل نے نِکاح کے دوران ہم سے کوئی تصدیق نہیں لی۔میرا خیال ہے کہ گواہ کے طور پر دلہن کی ماں اور دلہن کی بیٹی کافی تھیں۔ امام نے صرف مجھ اور میری بیوی سے بات کی، کسی اور سے نہیں۔میں نے اپنی بیوی (فلپائن) جو کہ اوپر درج ہیں، کو طلاق دی، اسے میں نے ٹیکسٹ میسج بھیج کر اطلاع دی۔ وہ میری دوسری بیوی تھیں۔
سائل سے مکرر استفسار کے باوجود سائل اور مذکور فلپائنی لڑکی کے درمیان ہونے والے نکاح کی صحیح صورت واضح نہ ہوسکی، تاکہ اس کے مطابق جواب دیا جاتا، تاہم اگر امام صاحب اور کیل نے سائل اور مذکور لڑکی کی اجازت کے بغیر فضولی بن کر باقاعدہ گواہوں کی موجودگی میں سائل اور مذکور لڑکی کے طرف سے ایجاب وقبول کرکے نکاح کرایا تھا، اور اس صورت میں دونوں نے اطلاع ملنے کے بعد اس نکاح کو قبول بھی کیا تھا،تو ایسی صورت میں شرعاً دونوں کا نکاح منعقد ہوچکا تھا،چنانچہ اس کے بعد دی جانے والی طلاق بھی مؤثر ہوگی، لیکن اگر یہ صورت نہیں تھی بلکہ فقط ویڈیو کال کے ذریعے الگ الگ مجالس سے ایجاب و قبول ہوا یا سرے سے ایجاب وقبول ہی نہیں ہواہو تو اس صورت میں شرعاً نکاح منعقد نہ ہوگا، اور اس کے بعد دی جانے والی طلا ق کا بھی کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔
کما فی الدر: ومن شرائط الإيجاب والقبول: اتحاد المجلس الخ
وفی الرد تحتہ: (قوله: اتحاد المجلس) قال في البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد، فلو أوجب أحدهما فقام الآخر أو اشتغل بعمل آخر بطل الإيجاب اھ (کتاب النکاح،ج:3، ص:14، ط:سعید)
وفی الدر ایضاً: (و) شرط (حضور) شاهدين (حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معا) على الأصح (فاهمين) أنه نكاح على المذهب بحراھ (کتاب النکاح، ج:3، ص:23، ط:سعید)
وفیہ ایضاً: وأما طلاق الفضولي والإجازة قولا وفعلا فكالنكاح بزازية اھ
وفی الرد تحتہ: (قوله فكالنكاح) أي فكما أن نكاح الفضولي صحيح موقوف على الإجازة بالقول أو بالفعل فكذا طلاقه ح؛ (کتاب الطلاق، ج:3، ص:242، ط:سعید)