السلام علیکم!
میرا یہ سوال ہے کہ میرے بھائی کا انتقال ہو گیا ہے اور میرے بھائی پر بہت قرضے ہیں۔ تقریباً 4 سال سے بیمار تھے، جس کا خرچہ ہر وقت تقریباً میں ہی اٹھاتا رہا، لیکن کچھ اَن بَن کی وجہ سے بھائی اور ان کی بیوی نے اپنے سسرال والوں سے بھی ادھار لیے، جس کا مجھے علم نہیں، اور یہ بھی معلوم نہیں کہ علاج کے لیے لیا ہے یا کسی اور مقصد کے لیے۔
اب میرا سوال یہ ہے کہ کیا وہ قرضہ بھی مجھے (بھائی ہونے کی وجہ سے) ادا کرنا پڑے گا؟ اور اگر قرض زیادہ ہے تو بھائی کے پاس جو موبائل اور لیپ ٹاپ ہے، کیا وہ بھی بیچ کر قرض ادا کرنا پڑے گا؟ لیکن بھائی نے وفات سے پہلے وائس نوٹ پر کہا تھا کہ میری ساری چیزیں بیگم کے حوالے کر دینا، تو کیا قرض ادا کرنے کے لیے وہ چیزیں نہیں بیچی جا سکتیں؟
ایک اور بات یہ ہے کہ میرے والدین کا ایک چھوٹا سا گھر تھا، ہم نے سوچا تھا کہ بھائی کے حصے سے بھائی کا علاج کروائیں گے، اور اس میں سے کچھ پیسے خرچ بھی ہوئے ہیں۔ تو کیا اس گھر میں بھائی کا حصہ بیوی کو جائے گا یا پہلے قرض ادا کرنا پڑے گا؟ اور اگر قرض ادا کرنے کے لیے مزید پیسوں کی ضرورت ہو، اور بھائی کا ڈھائی لاکھ والا موبائل بیچنا پڑے، تو کیا وہ بیچا جا سکتا ہے؟
اور کیا میرے علاوہ جو لوگ قرض ادا کرنا چاہتے ہیں، وہ ادا کر سکتے ہیں؟
جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ میت کے ترکے سے تجہیز و تکفین کے متوسط اخراجات نکالنے کے بعد( بشرطیکہ کسی نے بطورِ احسان ادا نہ کیے ہوں) کل ترکے سے مرحوم کے ذمے واجب الادا قرضہ کی ادائیگی لازم ہوتی ہے، چنانچہ مرحوم کے ذمے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی کے بعد اگر کچھ بچ جائے تو وہ ورثا کے درمیان تقسیم ہوگا، بصورتِ دیگر ورثا کو ترکے میں سے حصہ داری کے مطالبے کا حق نہ ہوگا۔
لہٰذا اگر سائل کے مرحوم بھائی نے اپنے ترکے میں نقدی کی صورت میں کچھ نہ چھوڑا ہو، یا کچھ چھوڑا ہو لیکن وہ قرضہ جات کی ادائیگی کے لیے کافی نہ ہو، تو ایسی صورت میں مرحوم کی وفات کے وقت ان کی ملکیت میں موجود موبائل، لیپ ٹاپ یا والدِ مرحوم کے ترکے میں سے انہیں ملنے والے حصے سمیت جو کچھ موجود تھا، ان تمام اشیاء کو، یا جس قدر اشیاء قرض کی ادائیگی کے لیے کافی ہوں، انہیں فروخت کرکے مرحوم کے ذمے واجب الادا قرضے کی ادائیگی کی جائے گی۔
اور اگر قرض جات کی ادائیگی کے بعد ترکے میں کچھ بچا تو وہ مرحوم کے ورثا کے درمیان حسبِ حصصِ شرعی تقسیم کیا جائے گا، جس کا طریقۂ کار بوقتِ ضرورت ورثاء کی تفصیل بتا کر معلوم کیا جا سکتا ہے۔
لیکن اگر مرحوم بھائی کے ترکے میں موجود تمام اشیاء کی فروختگی کے باوجود قرضے کی مکمل ادائیگی نہ ہو سکی، تو ایسی صورت میں شرعاً سائل یا مرحوم کے دیگر ورثا کے ذمے مرحوم بھائی کے ذمے واجب الادا قرضہ کی ادائیگی لازم اور ضروری نہ ہوگی۔ البتہ اگر سائل یا کوئی شخص اپنی مرضی سے بطورِ احسان ادا کرنا چاہے تو باعث اجر وثواب ہے۔
جبکہ سائل کے مرحوم بھائی نے وائس میسج کے ذریعے جو وصیت کی تھی(کہ میری ساری چیزیں بیگم کے حوالے کردینا)شرعاً معتبر نہیں، بلکہ مرحوم کے ترکے میں سے سابقہ تفصیل کے مطابق قرضہ جات کی ادائیگی کی جائے گی۔ اس کے بعد جو کچھ بچے گا، وہ بیوہ سمیت مرحوم کے تمام ورثا کے درمیان حسبِ حصصِ شرعی تقسیم کیا جائے گا،البتہ اگر مرحوم بھائی کے سارے ورثا بالغ ہوں اور قرضہ جات کی ادائیگی کے بعد ترکے کی اشیاء مرحوم کی خواہش کے مطابق بیوہ کو اپنی رضا و خوشی سے دینا چاہیں تو ایسا کرنا جائز اور درست ہے، مگر ورثا کے ذمے مرحوم کی خواہش کے مطابق عمل کرنا لازم اور ضروری نہیں۔
وفي البحر: وإن كانت التركة قد هلكت أو لم يكن بها وفاء فلا يرجع بشيء كما في سائر ديون الميت. [ كتاب الوصايا، باب الوصي وما يملكه (8/ 532) ط: دار الكتاب الإسلامي]
وفي الاختيار لتعليل المختار: (ولا تصح الكفالة عن الميت المفلس) وقالا: تصح لأنه دين ثابت وجب للطالب ولم يسقطه فلا يسقط بالموت. ألا ترى أنه لو كان له مال أو كان كفيلا به لا يسقط وكذا لو تبرع إنسان به صح، ولو سقط بالموت لما ثبتت هذه الأحكام. وله أنه يسقط بموته لأنه عبارة عن المطالبة وهي فعل، ولهذا توصف بالوجوب، إلا أنه يؤول إلى المال وقد عجز بنفسه وخلفه فيسقط ضرورة فوات عاقبة الاستيفاء. أما إذا كان له مال أو به كفيل فهو قادر بخلفه، ولأنه يفضي إلى الأداء فلا تفوت العاقبة، والتبرع لا يعتمد بقاء الدين. [ كتاب الكفالة(2/ 170) ط: دار الكتب العلمية]
وفي حاشية ابن عابدين:(قوله: والوارث) عللوه بقوله عليه الصلاة والسلام «لا وصية لوارث» وبهذا يتجه ما بحثه بعضهم من أن هذا فيما لو أوصى لأقارب نفسه. [ كتاب الوصايا، باب الوصية للأقارب وغيرهم (6/ 686) ط: دار الفكر]
وفي النهاية في شرح الهداية:وإن كان على الميت دين فإن كان الدين محيطا بالتركة أجمعوا على أنه يبيع كل التركة [بقدر الدين]. [ كتاب الوصايا، باب الوصي وما يملكه(25/ 212 بترقيم الشاملة آليا)]
قرض کی مدت پوری ہونے پر, قرضخواہ کا مقروض کے کاروبار میں, خود کو شریک سمجھ کر نفع کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ قرض 0