السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ، حضرت! سنا ہے کہ برتنوں میں کھانے کے بعد ان کو جلدی دھونا چاہیے، ورنہ برتن بددعا دیتے ہیں ،کیا یہ بات صحیح ہے؟ استعمال کے بعد برتنوں کو ایسے ہی چھوڑے رکھنا ، ان کو نہ دھونا ،تو اس سے برتن بد دعا دیتے ہیں ،کیا یہ بات صحیح ہے یا غلط ؟ براہ کرم جواب عنایت فرما کر ممنون فرمائیں۔ حضرت! ہمارے گھر میں خیر و برکت کے لیے بھی دعا فرمائیں ، نوازش ہوگی ۔
واضح ہوکہ صفائی ستھرائی کا اہتمام اورکھانے کے برتن جلد صاف کرنا اور انہیں گندگی سے بچانا اچھی عادت ہے، اس لیے بلاوجہ برتن گندے چھوڑے رکھنا مناسب نہیں۔البتہ یہ بات کہ استعمال کے بعد برتن نہ دھوئے جائیں تو ان برتنوں کابددعا دینانصوصِ شرعیہ سے ثابت نہیں ہے، تاہم احادیث صحیحہ میں کھانے کے برتن کو اچھی طرح صاف کرنے پر برتن کا بندے کےحق میں استغفارکرنا اور جہنم سے چھٹکارے کی دعا کرناضرورمنقول ہے۔ لہذا کھانے کے برتن کواچھی طرح صاف کرنامستحب ہے، اس کا اہتمام کرنا چاہیئے۔
کما فی سنن الترمذی: حدثنا نصر بن علي الجهضمي، حدثنا المعلى بن راشد أبو اليمان قال: حدثتني جدتي أم عاصم، وكانت أم ولد لسنان بن سلمة، قالت: دخل علينا نبيشة الخير ونحن نأكل في قصعة، فحدثنا أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «من أكل في قصعة ثم لحسها، استغفرت له القصعة». (أبواب الأطعمة، باب ما جاء في اللقمة تسقط، ج: 2، رقم الحدیث: 1798، ص: 664، مکتبۃ البشریٰ)
وفی مشکوٰۃ المصابیح: وعن نبيشة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " من أكل في قصعة ثم لحسها تقول له القصعة: أعتقك الله من النار كما أعتقتني من الشيطان ". رواه رزين (كتاب الأطعمة،الفصل الثالث، ج: 2، رقم الحدیث: 4242، ص: 1223، مط: : المكتب الإسلامي – بيروت)