سوال برائے دارالافتاء:
عرض یہ ہے کہ زوجین کے درمیان ایک معاملے پر جھگڑا ہوگیا۔ اس دوران بیوی نے شوہر سے کہا:
"آپ مجھ پر ظلم کرتے ہیں، آپ نے مجھے باندھ کر رکھا ہے۔"
اس کے جواب میں شوہر نے کہا:
"آپ یہ کیسی بات کر رہی ہیں کہ میں نے آپ کو باندھ رکھا ہے؟ جاؤ، پھر آزاد ہو میری طرف سے۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ آپ میرے لیے ایسی عزت رکھتی ہیں۔ جتنے بھی ظلم ہیں نا، ان سب سے آپ آزاد ہو، جو میں اتنے عرصے سے کرتا آیا ہوں۔"
اب شوہر اس بات پر قسم کھا کر کہنے کے لیے تیار ہے کہ میری نیت ہرگز طلاق دینے کی نہیں تھی، اور نہ ہی مجھے یہ معلوم تھا کہ ان الفاظ سے طلاق واقع ہوسکتی ہے۔ مزید یہ کہ اس وقت ہمارے درمیان طلاق کے موضوع پر کوئی گفتگو بھی نہیں چل رہی تھی۔
اب دریافت یہ کرنا ہے کہ:
1. کیا شوہر کے ان الفاظ سے طلاق واقع ہوگئی ہے یا نہیں؟
2. یہ الفاظ صریح طلاق کے ہیں یا کنایہ میں شمار ہوں گے؟
3. اگر یہ کنایہ کے الفاظ ہیں تو کیا شوہر کی نیت کا اعتبار ہوگا؟
مفتی غیب نہیں جانتا،وہ سوال کے مطابق جواب دینے کاپابندہوتاہے ،سوال کے سچ یاجھوٹ کی ذمہ داری سوال کرنے والے پرعائدہوتی ہے، اس مختصرتمہیدکے بعد واضح ہو کہ لفظ " آزاد ہو " کا استعمال عرف میں اگرچہ صریح طلاق کیلئے کیا جاتا ہے، اسی لئے ان الفاظ سے بلانیت بھی شرعاً طلاق واقع ہو جاتی ہے،تاہم صورتِ مسئولہ میں اگرواقعۃً شوہر نے بیوی کے کلام"آپ مجھ پر ظلم کرتے ہیں، آپ نے مجھے باندھ کر رکھا ہے۔"کے جواب میں مذکورجملہ "جاؤ، پھر آزاد ہو میری طرف سے،جتنے بھی ظلم ہیں نا، ان سب سے آپ آزاد ہو"توایسی صورت میں شوہر کے مذکورہ الفاظ اور گفتگو کا سیاق چونکہ طلاق کے ارادے پر دلالت نہیں کرتا، لہٰذا اس صورت میں محض لفظ ’’آزاد‘‘ کی وجہ سے اس کی بیوی پرکوئی طلاق واقع نہ ہوگی ؛بلکہ وہ بدستورمیاں بیوی کی حیثیت سے زندگی گزارسکتے ہیں؛تاہم شوہرکوآئندہ اس قسم کےالفاظ استعمال کرنے سے احتراز کرنا چاہیئے۔
كما في تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق: فإن القاضي مأمور باتباع الظاهر والله يتولى السرائر الخ ([أقسام الكنايات] ج:2، ص:218، مط: دار الكتاب الإسلامي) -
وفي رد المحتار على الدر المختار : قال في الفتح وهذا يفيد أن ثبوت اقتضاء، ويتوقف على نيته إلا أن يظهر فيه عرف فاش فيصير صريحا فلا يصدق قضاء في صرف ان الخ (باب صريح) الطلاق ج : 3، ص : 255، مط: دار الفكر، بيروت)۔
وفي العناية شرح الهداية : أما صلاحية هذه الألفاظ للرد فأن يريد الزوج بقول اخرجي اتركي سؤال الطلاق --- وفي حالة الغضب يصدق في جميع ذلك یعنی أقسام الكنايات لاحتمال الرد أو السلب إلا فیما یصلح للطلاق ولایصلح للرد والشتم، الخ( ألفاظ يقع بها الطلاق الرجعي، ج: 4،ص : 66، مط دار الفکر، بیروت)۔