ایک شخص نے اپنے بھائیوں کے ساتھ نزاع و تنازع کی حالت میں یہ الفاظ کہے:"اگر میں نے آپ کے ساتھ کھایا تو میری بیوی کو تین طلاقیں ہوں۔"بعد ازاں اس شخص نے ان الفاظ سے مراد بھائیوں کے ساتھ ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھانا لیا اور ایک ہفتے تک ان کے ساتھ کھانے میں شریک نہ ہوا۔ بعد ازاں استفسار پر اُسے معلوم ہوا کہ ان الفاظ کا عمومی عرف میں مفہوم بھائیوں کے ساتھ رہن سہن اور میل جول ترک کرنا لیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود وہ شخص اس مدت میں ایک ہفتے تک اپنے بھائیوں کے ساتھ رہا۔اب درج ذیل امور وضاحت طلب ہیں:
1) کیا مذکورہ الفاظ کا عرف و استعمال میں مصداق واقعی رہن سہن ہے یا صرف کھانے کے ساتھ مخصوص ہے؟
2) اگر واقعی ان الفاظ سے عرفاً رہن سہن مراد ہو تو کیا اس ایک ہفتے کے دوران بھائیوں کے ساتھ رہنے کی وجہ سے اس کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہو گئی ہوں گی یا نہیں؟
واضح ہو کہ اگر طلاق یا قسم کے کسی مسئلہ میں کوئی شخص ایسا لفظ استعمال کرے جس کا لغوی اور عرفی معنی ومفہوم مختلف ہو تو عام حالات میں اس لفظ کو عرفی معنی پر ہی محمول کیا جائے گا، لیکن اگر متکلم (بولنے والے شخص) اس سے لغوی معنی مراد لیتا ہو اور لفظ میں بھی اس کا احتمال موجود ہو تو ایسی صورت میں لغوی معنی ہی مراد ہوگا، البتہ اگر اس لفظ میں متکلم کے معنی مرادی کا احتمال ہی نہ ہو تو ایسی صورت میں وہ لفظ عرفی معنی پر ہی محمول کیا جائے گا اور متکلم کا مرادی معنی غیر معتبر قرار دیا جائے گا۔ جبکہ سائل نے مذکور شخص کا اپنے بھائیوں کیساتھ تنازع کی حالت میں ہونے والی گفتگو کی تفصیل ذکر نہیں کی تاکہ اس کے سیاق و سباق کو دیکھ کر مذکور جملے "اگر میں نے آپ کے ساتھ کھایا تو میری بیوی کو تین طلاقیں ہوں" کے مراد کو متعین کیا جاسکتا، کیونکہ عام طور پر ایک ساتھ کھانا کھانے کو رہن سہن پر محمول نہیں کیا جاتا، تاہم اگر واقعتا مذکورہ شخص کے عرف میں "کھانا کھانے" سے میل جول اور رہن سہن مراد لیا جاتا ہو، لیکن مذکورہ شخص نے اس سے لغوی معنی ہی مراد لیا ہو (یعنی بھائیوں کے ساتھ بیٹھ کر ایک ساتھ کھانا) تو چونکہ لفظ اس معنی کیلئے وضع ہے، لہذا اس کی بات کا اعتبار کیا جائے گا اور جب تک مذکورہ شخص اپنے بھائیوں کے ساتھ کھانا نہ کھالے تب تک اس کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہ ہوگی۔
اگر مذکور شخص تین طلاقیں واقع ہونے سے بچنا چاہے تو اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ اپنی بیوی کو ایک طلاق بائن دے دے اور پھر جب بیوی کی عدت گزر جائے تو اس کے بعد بھائیوں کے ساتھ بیٹھ کر ایک ساتھ کھانا کھالے ، اب چونکہ شرط پوری ہوگئی ہے، لہذا اس کے بعد بیوی کی رضامندی سے دوبارہ شرعی گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ نکاح کرلے ، نئے نکاح کے بعد بھائیوں کے ساتھ ایک ساتھ کھانا کھانے سے اس کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہ ہوگی، تاہم اب شوہر کوآئندہ کیلئے صرف دو طلاقوں کا اختیار حاصل ہوگا۔اس لیے آئندہ کیلئے طلاق کے معاملہ میں احتیاط سے کام لینا چاہئیے۔
وفي البحر الرائق: والأصل أن الأيمان مبنية على العرف عندنا لا على الحقيقة اللغوية كما نقل عن الشافعي، ولا على الاستعمال القرآني كما عن مالك، ولا على النية مطلقا كما عن أحمد؛ لأن المتكلم إنما يتكلم بالكلام العرفي أعني الألفاظ التي يراد بها معانيها التي وضعت في العرف كما أن العربي حال كونه من أهل اللغة إنما يتكلم بالحقائق اللغوية فوجب صرف ألفاظ المتكلم إلى ما عهد أنه المراد بها ... وظهر أن مرادنا بانصراف الكلام إلى العرف أنه إذا لم يكن له نية كان موجب الكلام ما هو معنى عرفيا له، وإن كان له نية شيء واللفظ يحتمله انعقد اليمين باعتباره كذا في فتح القدير. (4/ 323، ط: دار الكتاب الإسلامي)
وفي فتح القدير للكمال ابن الهمام: وظهر أن مرادنا بانصراف الكلام إلى العرف أنه إذا لم يكن له نية كان موجب الكلام ما يكون معنى عرفيا له، وإن كان له نية شيء واللفظ يحتمله انعقد اليمين باعتباره.(5/ 96، ط: دار الفكر)
و في الدر المختار مع رد المحتار: (و تنحل) اليمين (بعد) وجود (الشرط مطلقا) لكن إن وجد في الملك طلقت و عتق و إلا لا، فحيلة من علق الثلاث بدخول الدار أن يطلقها واحدة ثم بعد العدة تدخلها فتنحل اليمين فينكحها.
(قوله و تنحل اليمين إلخ) لا تكرار بين هذه و بين قوله فيما سبق و فيھا تنحل اليمين إذا وجد الشرط مرة لأن المقصود هناك الانحلال بمرۃ في غير كلما و هنا مجرد الانحلال اهـ ح و لأنه هنا بين انحلالها بوجودها في غير الملك بخلاف ما سبق۔اھ (مطلب في اختلاف الزوجين في وجود الشرط، 3/355، ط: ایچ ایم سعید)