السلام علیکم! میرا سوال یہ ہے کہ میں چار ماہ سے حاملہ ہوں،اور میرے شوہر نے تین الگ الگ وقت میں مجھے طلاق دی ہے،کیونکہ انہیں یہ غلط فہمی تھی کہ حالتِ حمل میں طلاق نہیں ہوتی،پہلی بار انہوں نے مجھے ٹیسٹ کیا ”کہ تم میری طرف سے آزاد ہو“میرے پوچھنے پر کہ میں نے ایسے کیا کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ جاؤ تم اپنی امی کے کام سے فارغ ہوجاؤتو پتہ کرلینا ،آپ کو طلاق ہوچکی ہے،اس وقت میں اپنے امی کے گھرتھی،پھر انہوں نے دوسرے وقت چند دن بعدفون پر ایک اور بار کہا کہ صحیح ہے”پھر میں ابھی تمہیں طلاق دیتا ہوں،میری طرف سے تمہیں طلاق “ اور تیسری مرتبہ جب پھر میں اپنی والدہ کے گھر میں تھی،تو انہوں نے رات 1 بجے کہا کہ ابھی گھر آؤ،تو میں نے اتوار کو گھر آنے کا کہا کہ پہلے بڑے بات کریں گے،پھر میں آؤں گی،کیونکہ پہلے ہی وہ دو مرتبہ طلاق دے چکے تھے،میرے اتوار کوگھرآنے کی بات سن کر انہوں نےکہا کہ ”جاؤ پھر میں تمہیں طلاق دیتا ہوں“ہوگئی طلاق،اب میرا یہ سوال ہے کہ ان سب میں میری طلاق ہوگئی ہے؟یا کوئی صورت نکل سکتی ہے؟براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں! اور دوسرا یہ کہ میں چار ماہ کی حاملہ ہوں، تو کیا میری عدت وضع حمل تک ہوگی یا صرف تین ماہ ہوگی؟
واضح ہوکہ حالتِ حمل میں بھی طلاق دینے سے شرعاً طلاق واقع ہوجاتی ہے،لہذا صورتِ مسئولہ میں مذکور بیان اگرواقعۃً درست اور مبنی برحقیقت ہو،اس میں کسی قسم کی غلط بیانی اور دروغ گوئی سے کام نہ لیا گیا ہو اس طور پر کہ شوہر نے واقعۃً سائلہ کو وقفہ وقفہ سے تین بار طلاق دے دی ہو ، تو سائلہ پر تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمتِ مغلظہ ثابت ہوچکی ہے، اب رجوع نہیں ہو سکتا،اور حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقد نکاح بھی نہیں ہو سکتا ،لہذا دونوں پر لازم ہے کہ فورا ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہرگز قائم نہ کریں،ورنہ دونوں سخت گناہگار ہونگے،جبکہ سائلہ حاملہ ہےتو اس کی عدت وضعِ حمل ہے،لہذا وضعِ حمل کے بعد اس کی عدت مکمل ہوجائےگی جس کے بعد سائلہ کسی دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہوگی۔