کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میری اور میری بیوی کے درمیان کچھ لڑائی جھگڑا ہوا ، جس پر میں نے کہا کہ میں جاتا ہوں طلاق کے ڈاکو منٹس بنواتا ہوں ، پھر میں اسٹامپ فروش کے پاس گیا اور اسے با قاعدہ بتا یا بھی کہ میں اپنی بیوی کو طلاق نہیں دینا چاہتا ،بلکہ ڈرانے دھمکانے کیلئے طلاق کے کاغذ بنوا رہا ہوں ،لہذا اس طرح کا کوئی ڈاکو منٹس بنادو ، اس نے اپنے پاس محفوظ کردہ طلاق نامہ تحریر کرکے پرنٹ نکال دیا ، میں نے تین یا ایک طلاق کی کوئی بات نہیں کی ، لیکن اس نے اپنے پاس سے تیار شدہ تین طلاق کا طلاق نامہ بنادیا ، میں نے اس طلاق نامہ پر دستخط وغیر کچھ نہیں کیا ، اور اس دوران میری بیوی کا میسج آیا کہ تم تو کاغذ بھیج رہے تھے کیا ہوا ، میں نے جواباً کہا کہ ابھی بھیجتا ہوں ،پھر اسٹا مپ فروش نے وہ طلاق نامہ مجھے دیا اور میں نے تصویر نکال کر بیوی کو بھیج دی ،اب وہ کہہ رہی ہے کہ طلاق ہوگئی ہے، لہذا آپ اس معاملہ میں ہماری رہنمائی فرمائیں۔
نوٹ :منسلکہ طلاق نامہ میں نے اپنے دوست سے بنوایا تھا ،اس نے تین طلاق پر مشتمل طلاق نامہ بناکر مجھے سینڈ کیا تھا ، اور میں نے نہ تو اس پر دستخط کیا تھا ،اور نہ ہی میں نے اس کو پڑھا تھا۔
سائل نے منسلکہ طلاق نامہ پر اگر چہ دستخط نہ کیے ہوں ،لیکن جب سائل کے کہنے پر سائل کے دوست نے منسلکہ طلاق نامہ بناکر سائل کو بھیج دیا ، اور پھر سائل نے یہ طلاق نامہ اپنے ذاتی موبائل نمبر سے اپنی بیوی کو بھیج دیا تو اس سے شرعاً سائل کی بیوی پر طلاق نامہ میں درج تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمتِ مغلظہ ثابت ہوچکی ہے ، چنانچہ اب رجوع نہیں ہوسکتا اور نہ ہی حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقد نکاح ہوسکتا ہے ،لہذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہر گز قائم نہ کریں و رنہ دونوں سخت گناہ گار ہونگے ،جبکہ سائلہ ایامِ عدت کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہے۔
کما فی ردالمحتار : و إن كانت مرسومة يقع الطلاق نوى أ و لم ينو(الی قولہ) و لو قال للكاتب : اكتب طلاق امرأتي كان إقرارا بالطلاق و إن لم يكتب و لو استكتب من آخر كتابا بطلاقها و قرأه على الزوج فأخذه الزوج و ختمه و عنونه و بعث به إليها فأتاها و قع إن أقر الزوج أنه كتابة اھ (3/ 246)۔
و فی بدائع الصنائع : و كذا التكلم بالطلاق ليس بشرط فيقع الطلاق بالكتابة المستبينة و بالإشارة المفهومة من الأخرس لأ ن الكتابة المستبينة تقوم مقام اللفظ و الإشارة المفهومة تقوم مقام العبارة اھ(3/ 100)۔