السلام علیکم۔
میں انشاءاللہ نومبر2009میں باپ بننے جا رہا ہوں۔ میں چند ایسی کتابوں کے نام جاننا چاہتا ہوں جو مجھے اپنے بچے کو اسلامی شریعت کے مطابق پالنے میں مدد دیں۔ یہ کتابیں مکمل معلومات پر مبنی ہوں، پیدائش سے لے کر نوجوان عمر تک کے لیے۔ تاکہ اپنے مسلمان بچے کی بہتر پرورش کر سکوں۔
برائے مہربانی چند کتب کے نام اور مصنفین کے نام بتائیں تاکہ میں وہ خرید سکوں۔
شکریہ اور اللہ حافظ
دعا ہے کہ رب کریم آپ کے بچے کو مطیع و فرمانبردار ، متقی و پرہیز گا بنائے اور اسے اپنی امان میں رکھے ،تاہم اس کے اخلاق و کردار کو بہتر بنانے کے لیے والدین کا بڑا عمل دخل ہے اولاً تو والدہ کو چاہیے کہ اسے باوضو ہو کر دودھ پلا نے کی کوشش کرے اس کے سامنے بیہودگی والی باتیں کرنے سے احتراز کیا جائے ، نرمی اور پیار و محبت کے ساتھ اس سے پیش آئے اور جب کچھ بڑا ہو جائے تو گھر میں فضائل اعمال کی تعلیم اور دینداری والے ماحول میں اسے بھی اپنے ساتھ شریک کریں ۔ اور سمجھ دار ہونے کی صورت میں اسے کسی معتمد دینی ادارے میں حفظ قرآن کریم اور اس کے بعد عالم دین بننے کے لیے داخل کروا دیں اور اس کے ساتھ ساتھ خود بھی اس پر پوری توجہ دیں ، اچھی تربیت کے لیےتربیت اولاد نامی کتاب کا مطالعہ مفید رہے گا نیز مثالی ماں اور مثالی باپ نامی کتب بھی اس معاملہ میں نافع ہیں ۔