امامت و جماعت

امامِ مسجد کی بے توقیری کرنا - کھڑی جماعت کے وقت الگ سے نمازپڑھنا

فتوی نمبر :
59105
| تاریخ :
1995-02-02
عبادات / نماز / امامت و جماعت

امامِ مسجد کی بے توقیری کرنا - کھڑی جماعت کے وقت الگ سے نمازپڑھنا

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ:
(۱) ایک بستی کا امام ہے، بہت عرصے سے وہاں پر شرعی امور کی کوئی مخالفت نہیں ہے، اس کے باوجود چند لوگ اپنے پیشِ امام کو گالیاں دیتے ہیں، یہاں تک کہ ان کے ماں باپ اور خاندان کو بھی گالی دیتے ہیں، اور ان تمام غلط حرکت کے باوجود نمازیں بھی ان امام کے پیچھے پڑھتے ہیں، اور اس طرح ان امام کو نکاح خوانی کی دعوت بھی دیتے ہیں، تو کیا یہ جائز ہے یا نہیں؟
(۲) اور ان میں سے بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ ان امام کی قرأت صحیح نہیں ہے، اور یہاں کے علماء کہتے ہیں کہ ان کی قرأت صحیح ہے۔
(۳) لیکن یہ لوگ جب نماز جماعت کے ساتھ ہوتی ہے تو مسجد کے ایک کونے میں کھڑے ہوکر علیحدہ نماز پڑھتے ہیں صرف عناد کی بنیاد پر ، تو کیا ان لوگوں کی نماز صحیح ہوجائے گی یا نہیں؟
ان ساری صورتوں میں ان لوگوں کی نماز اس امام کے اقتداء میں صحیح ہے یا نہیں؟ لہٰذا آپ حضرات سے درخواست ہے کہ بندہ کو فتویٰ دے کر مشکور فرمائیں۔ جزاک اﷲ احسن الجزاء

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں جس امام موصوف کا ذکر ہے ان میں کراہتِ امامت کے امور میں سے اگر کوئی امر نہیں پایا جارہا اور وہ نیک و صالح اور متبعِ شریعت بھی ہوں تو ایسے عالم اور امام کو گالیاں دینا سخت ناجائز اور گناہ کبیرہ ہے۔
نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے:
’’سباب المسلم فسق وقتالہٗ کفر‘‘۔
لہٰذا جن لوگوں نے ایک عالم دین کی شان میں گستاخی کرنا اپنا مشغلہ اور وظیفۂ حیات بنا رکھا ہے ان پر شرعاً واجب ہے کہ وہ اپنے اس فعلِ شنیع پر فوراً صدقِ دل سے توبہ واستغفار کریں اور امامِ موصوف کی ذات کو مجروح کرنے کی بناء پر ان سے معافی بھی مانگیں۔
اسی طرح علیحدہ نماز پڑھنے کی بناء پر عوام میں افتراق وانتشار پھیلانے سے بھی احتراز کریں ایسی صورت میں علاقہ کے صاحبِ منصب حضرات کو چاہئے کہ ایسے فتنہ انگیز لوگوں پر نظر رکھیں اور سمجھانے کے باوجود وہ باز نہ آئیں تو ایسے شریروں کے خلاف عدالتِ عالیہ سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه

فتوی نمبر 59105کی تصدیق کریں
0     422
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات