میری دوست کی شادی کو تین مہینے سے زیادہ ہو گئے ہیں اور اس کا شوہر اس کے قریب مطلب ابھی تک ہمبستری نہیں کی اور اس کے موبائل سے Gay Apps ( ہم جنس لڑکوں سے رابطہ کی ایپس) بھی ملی ہیں، اور وہ ایک بار اپنی بیوی کو طلاق بھی دے چکا ہے تو کیا ان معاملات کے ساتھ نکاح قائم رہتا ہے؟ اور اگر رہتا ہے تو کتنے عرصہ کیلئے میاں بیوی دور رہ سکتے ہیں؟ یاد رہے کہ شادی کے بعد ایک بار بھی ہمبستری نہیں کی۔
سائلہ کا بیان اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو اس میں کسی طرح کی غلط بیانی سے کام نہ لیاہو ،تو شادی کے بعد اگرچہ سائلہ کی دوست کے شوہر نے اس سے ہمبستری نہ کی ہو، مگر خلوت صحیحہ پائی گئی ہے اس لئے اس کے بعد دی جانے والی طلاق رجعی ہو گی، جس کے بعد شوہر کو عدت کے اندر رجوع کا اختیار حاصل ہو گا ،جبکہ عدت گزرنے کے بعد تجدید نکاح لازم ہو گا، بہر دو صورت شوہر کو آئندہ فقط دو طلاقوں کا اختیار ہوگا جب بھی وہ دو طلاقیں دے دے تو اس کی بیوی اس پر حرمت مغلظہ کے ساتھ حرام ہو جائے گی۔