گزارش ہے کہ میری اور میری اہلیہ کے درمیان بعض غلط فہمیوں کی بنا پر ناچاقی اور جھگڑا ہو گیا۔ دورانِ جھگڑا جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے میری زبان سے چند نامناسب الفاظ نکل گئے جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
1. میں نے اپنی بیوی سے کہا: "میں تمہیں رکھوں تو اپنی ماں کو رکھوں"۔ اس وقت میری نیت اور مراد یہ تھی کہ جس طرح میری ماں مجھ پر ہمیشہ کے لیے حرام ہے، اسی طرح تم بھی مجھ پر حرام ہو۔
2. اس کے بعد میں نے کہا: "میں تمہیں نہیں رکھتا، میرے گھر سے نکل جاؤ، میں تمہارا طلاق نامہ بھجوا دوں گا"۔
اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ شریعتِ مطہرہ کی رو سے قرآن و حدیث کی روشنی میں میرے لیے کیا حکم ہے؟ کیا میری بیوی بدستور میرے نکاح میں ہے اور میرے لیے حلال ہے یا حرام ہو گئی ہے؟برائے کرم قرآن و سنت کی روشنی میں واضح شرعی حکم صادر فرما کر عنداللہ ماجور ہوں، تاکہ میں اپنی آخرت اور ایمان کی حفاظت کر سکوں۔والسلام!
سوال ميں ذكر كرده جمله "میں تمہیں رکھوں تو اپنی ماں کو رکھوں" سےچونکہ سائل کی نیت بیوی کو اپنے اوپر حرام کرنے کی تھی، اس لیے مذکور جملے سے سائل کی بیوی پر ایک طلاق بائن واقع ہوچکی ہے، جس سے میاں بیوی کا نکاح ٹوٹ چکا ہے ، البتہ اگلے جملوں سے مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ہے ، لہذا اب رجوع تو نہیں ہوسکتا، البتہ اگر میاں بیوی دوبارہ ساتھ رہنا چاہیں تو اس کیلئے باہمی رضامندی سے نئے مہر کیساتھ شرعی گواہوں کی موجودگی میں نکاح کرنا لازم ہوگا، نکاح کے بغیر ان کیلئے میاں بیوی کی طرح رہنا شرعاً جائز نہیں ہے۔ تاہم اس نکاح کے بعد آئندہ کیلئے سائل کو فقط دو طلاقوں کا اختیار ہوگا، اس لیے آئندہ طلاق کے معاملے میں احتیاط سے کام لینا چاہئیے۔
کما فی تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق: قال - رحمه الله - (وإن نوى بأنت علي مثل أمي برا أو ظهارا أو طلاقا فكما نوى، وإلا لغا) أي وإن نوى بقوله لامرأته أنت علي مثل أمي أحد هذه الأشياء التي ذكرها فهو كما نوى... وإن قال نويت به الطلاق فهو طلاق بائن لأنه تشبيه بالأم في الحرمة فكأنه قال أنت علي حرام، ونوى الطلاق. (3/ 4، ط: المطبعة الكبرى الأميرية)