کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ میں مسمّیٰ امتیاز حسین نے گھریلو ناچاقی کیوجہ سے غصہ کی حالت میں اپنی منکوحہ مسماۃ مہناز اختر کو تین سے زائد بار طلاق دی ہے، ”میری طرف سے تم کو طلاق ہے“یہ جملہ تین سے زائد دفعہ بولا ، اس بات کو تقریباً ڈیڑھ مہینہ ہوچکا ہے، معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں کتنی طلاقیں واقع ہوئیں، اور اب بچوں کی خاطر ہم اپنا گھر بسانا چاہتے ہیں، تو ہمارے لئے کیا طریقہ کار اور کیا حکم ہوگا؟
واضح رہے کہ غصہ کی حالت میں طلاق دینے سے بھی شرعاً طلاق واقع ہوجاتی ہے،لہذا صورت مسئولہ میں جب سائل نے غصے کے حالت میں اپنی بیوی کو یہ کہا کہ” میری طرف سے تم کو طلاق ہے“ تو اس سے سائل کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمت مغلظہ ثابت ہوچکی ہے، اب ر جوع نہیں ہوسکتا، اور نہ ہی بغیر حلالہ شرعیہ کے دوبارہ نکاح ہوسکتاہے لہذا سائل پر لازم ہے کہ وہ اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کرے،اور میاں بیوی والے تعلقات ہرگز قائم نہ کرے، ورنہ دونوں سخت گناہ گار ہونگے، جبکہ سائل کی بیوی عدت کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہوگی، اور حلالہ شرعیہ یہ ہے کہ عورت اپنے شوہر سے علیحدگی اور عدتِ طلاق گزارنے کے بعد بغیر کسی شرط کے کسی دوسرے مسلمان شخص سے نکاح کر کے حقوقِ ِزوجیت بھی ادا کرے ، ایسا کرنے سے دوسرے شخص کی بیوی بن جائے گی ، اب اگر وہ دوسرا شخص بھی اس سے ایک مرتبہ ہمبستری (جو کہ حلالۂ شرعیہ کے تحقق کے لئے ضروری ہے) کے فورا بعد یا ازدواجی زندگی کے کچھ عرصہ بعد طلاق دیدے یا بیوی سے پہلے شوہر کا انتقال ہو جائے، بہردوصورت اس کی عدت گزارنے کے بعد اگر وہ پہلے شوہر کے نکاح میں آنا چاہے اور پہلا شوہر بھی اس کو رکھنے پر رضامند ہو تونئے مہر کے ساتھ گواہوں کی موجودگی میں دوبارہ عقدِ نکاح کر کے باہم میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسر کر سکتے ہیں تاہم حلالہ اس شرط کے ساتھ کرنا کہ زوجِ ثانی بیوی کو نکاح کے بعد طلاق دیدے گا تا کہ وہ زوجِ اول کے لئے حلال ہو جائے , مکروہ تحریمی ہے ، جس پر احادیثِ مبارکہ میں سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں، البتہ بغیر کسی شرط کے اس کے ساتھ نکاح کر نا بلاشبہ جائز اور درست ہے۔
کما جاء فی التنزیل العزیز: فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُۥ مِنۢ بَعۡدُ حَتَّىٰ تَنكِحَ زَوۡجًا غَيۡرَهُ ۥۗ ، الآیۃ (البقرۃ:230)
وفیہ ایضاً: ﴿أَسۡكِنُوهُنَّ مِنۡ حَيۡثُ سَكَنتُم مِّن وُجۡدِكُمۡ وَلَا تُضَآرُّوهُنَّ لِتُضَيِّقُواْ عَلَيۡهِنَّۚ وَإِن كُنَّ أُوْلَٰتِ حَمۡلٖ فَأَنفِقُواْ عَلَيۡهِنَّ حَتَّىٰ يَضَعۡنَ حَمۡلَهُنَّۚ الایۃ (الطلاق،ایۃ:6)
وفی صحیح البخاری: عن عائشة، أن رجلا طلق امرأته ثلاثا، فتزوجت فطلق، فسئل النبي صلى الله عليه وسلم: أتحل للأول؟ قال: "لا حتى يذوق عسيلتها كما ذاق الأول"(کتاب الطلاق،باب من اجاز طلاق الثلاث،ج:5،ص:2014،ط:دار ابن الکثیر،رقم:4961)
وفی الھندیۃ: متى كرر لفظ الطلاق بحرف الواو أو بغير حرف الواو يتعدد الطلاق۔ (ج:1، ص:156، مط:ماجدیہ)
وفی الھدایۃ: وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة أو ثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها " والأصل فيه قوله تعالى: {فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجاً غَيْرَهُ} [البقرة: 230] فالمراد الطلقة الثالثة الخ (کتاب الطلاق، باب العدۃ، فصل فیما تحل بہ المطلقۃ، ج:2،ص:258، ط: داراحیاء التراث العربی)
وفیھا ایضاً: وإذا تزوجها بشرط التحليل فالنكاح مكروه " لقوله عليه الصلاة والسلام " لعن الله المحلل والمحلل له " وهذا هو محمله " فإن طلقها بعد ما وطئها حلت للأول " لوجود الدخول في نكاح صحيح إذ النكاح لا يبطل بالشرط( کتاب الطلاق، باب العدۃ، فصل فیما تحل بہ المطلقۃ، ج:2،ص:258، ط: داراحیاء التراث العربی)