لڑکی نے جو بیان دیا ،وہ درست ہے، پھر 2024ء میں لڑکی ڈیپریشن میں آگئی اور جس کی وجہ سے اس نے خود کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور کوشش بھی کی ، اس واقعہ میں لڑکی کے والد وہی موجود تھے، جن کی بھی حالت ٹھیک نہیں تھی ،اس ڈر میں آکر لڑکے نے ڈیورس پیپرز میں دستخط کئے، اس واقعہ کے ایک ہفتے کے بعد لڑکی، لڑکی کے والد ، والدہ اور لڑکی کا شوہر مفتی طارق مسعود کے پاس گئے فتوٰی لینے، وہاں پر جاکر لڑکی، لڑکی کے والد اور والدہ نے قبول کیا کہ لڑکی نے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی اور جان لینے کی کوشش کی تھی ،جس پر لڑکے نے ڈیورس کے پیپر زمیں دستخط کئے تھے، تو مفتی صاحب نے زبانی فتوٰی دیا تھا کہ یہ ڈیور س نہیں ہوا ہے، پھر اس واقعہ کے بعد لڑکی اور لڑ کا گھر آ کر آپس میں مل جل کر رہنے لگے، پھر 2025ء کے درمیان میں لڑکی کے گھر والے فتوٰی کو نہ ماننے کی تشویش دی اور کہا کہ یہ ڈیورس ہو چکا ہے، تو آپ جناب سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی فرمادیں کہ یہ ڈیورس ہوا ہے کہ نہیں۔
السلام علیکم؛ میرا نام سلیم ہے ،میں اپنا ایک معاملہ ڈسکس کرنا چاہتا ہوں، 2015 میں جس لڑکی کو میں پسند کرتا تھا، اس سے میرا نکاح ہوا تھا ،لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے وہ نکاح نہیں چل سکا تھا ،جس میں میری غلطی تھی ،میری فیملی نے لڑکی کو ایکسیپٹ نہیں کیا تھا اور کچھ فیملی ایشوز اور میری طرف سے کچھ غلطیاں بھی تھیں، جس کی وجہ سے اس نے کورٹ سے خلع لے لیا تھا، اس کے بعد 2019 میں اس کی شادی کہیں اور ہوئی تھی ،اس کی وہ شادی ایک سال چلی اور اس کے بعد اس کی بھی طلاق ہو گئی تھی، کیونکہ میں اس لڑکی سے محبت کرتا تھا تو اس لیے میں نے اس سےدوبارہ نکاح کیا، میری فیملی شادی کے لیے راضی نہیں تھی، اس شادی میں لڑکی کے گھر والے اور رشتہ دار شامل تھے اور میری طرف سے میں اورمیرے کچھ دوست اور ان کی فیملی شامل تھی، میں لڑکی کے ساتھ اس کے گھر میں رہتا تھا، اس کے والد صاحب نے مجھے کاروبار کرواکے دیا تھا، کپڑےکی دکان خرید کر دی تھا اور اس میں مال ڈلوا کر دیا تھا،شروع میں چھ مہینے ہمار ا سب کچھ بہت اچھا چلا، میں نے اپنے ساتھ کام کے لوڈ کی وجہ سے اپنے دوست کو شامل کیا، اس لڑکے نے میرے ساتھ دھوکہ اور فراڈ کیا ،جس کی وجہ سے مجھے وہ د کان سیل کرنا پڑی اور مال بھی سارا بک گیا، اس کی خبر میری بیوی اور میرے سسر کو نہیں تھی، پھر میں نے اپنی بیوی کو اس دکان کے جعلی پیپر بنواکر یہ شو کیا ہے کہ میں دکان کہیں اور لے رہا ہوں اور میں نے اس سے چھپایا اس سے جھوٹ بولا، کیونکہ میں مجبور تھا، بعد میں میرے اوپر 10 سے 12 لاکھ روپے قرض تھا، اس کو اتارنے کے لیے میں نےاپنی بیوی کے زیور، اپنی ساس کے زیور ،اپنی بیوی کے لاکر سے چرا کر وہ میں نے سیل کر دیا اور اپنی بیوی کو پتہ چلنے نہیں دیا ،چھ مہینے بعد میری بیوی کو جب پتہ چلا تو اس نے مجھ سے پوچھا تو میں نے انکار کر دیا کہ میں نے نہیں لیا، جب دکان بک گئی تھی ، تو حالات خراب ہو گئے تھے ،سارا نان نفقہ جو ہے دو سال تک میرے سسرا ل والے ہی اٹھاتےرہے، اور حالت خرا ب سے خراب ہوتے چلے گئے، مجبوری کی وجہ سے میں نے بہت دفعہ اپنی بیوی سے جھوٹ بولا، رشتے کو بچانے کے لئے میں نے دکان بیچی، اس کے بعد جھوٹ بولا، میں نے زیور چوری کرنے کے بعد جھوٹ بولا ،اتنا کچھ ہونے کے باوجود بھی میری بیوی نے اپنے گھر والوں کے اگینسٹ جاکر مجھے ایک اور موقع دیا، لیکن وہ بھی میں پورا نہیں کر سکا، میری اور میری بیوی کا خرچہ پورا میرے سسرال والے اٹھاتے رہے دو سے ڈھائی سال تک، جب میری بیوی نے دیکھ لیا اور اس کے گھر والوں نے کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں اور نان نفقہ پورا نہیں کر ر ہا، دکان میں نے بیچی، زیور میں نے بیچ دیا اور جھوٹ بولا تو میرے اوپر سے میری بیوی کا اور میرے سسرال والوں کا بھروسہ ختم ہو گیا تھا ،تو ان لوگوں نے طلاق کے پیپر بنوائے ، جس میں یہ لکھا تھا کہ باہمی رضامندی سے ہم الگ ہورہے ہیں اور میں اس کو طلاق دیتا ہوں اور یہ میرے اوپر حرام ہوگی اور میں اس کے اوپر، بہت تنگ آکر میری بیوی نے مجھ سے اس پر سائن کروایا، جوکہ میں طلاق دینا نہیں چاہتا تھا، لیکن وہ بھی ساڑھے تین سال سے ذہنی اذیت کا شکار ہوچکی تھی، اس نے مجھے بار بار مو قع دیا لیکن میں کچھ نہ کرسکا، میں نے اس سے جھوٹ بولا اور نہ چاہتے ہوئے بھی مجھ سے دھوکہ ہوا، اس کے بعد میں نے اس پیپر پر سائن کردیا، یعنی طلاق کے پیپر، پھر ہم ایک مفتی صاحب کے پاس گئے، ان سے ہم نے اپنا مسئلہ ڈسکس کیا ،میری بیوی کے گھر والوں نے انہیں سب کچھ سچ بتایا جو ہوا تھا، جب دوبارہ 2021ءمیں شادی ہوئی، مسلسل چار سال تک مجھ سے غلطی ہوتی رہی اور میں جھوٹ کا سہارا لیتا رہا اور میں نے اپنی بیوی سے ہربات چھپائی اور زیور بھی سیل کیا جو اس کے ماں باپ نے اس کو دیا تھا، اس میں اس کی بھابھی اور اس کی امی کا بھی زیور تھا ،جو کم سے کم دس تولہ تھا، میں نان نفقہ نہیں اٹھا پا رہاتھا، دکان میں نے سیل کردی تھی، میرے پاس کچھ بھی نہیں بچا تھا اور میں مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بول رہا تھا اور وعدے پر پورا نہیں اتر پایا، تو لڑکی بہت زیادہ ڈپریشن کا شکار ہوچکی تھی اور اس نے مجھ سے سائن کروایا اور میں نے پڑھ کر سائن کردیا تھا، پھر میں نے اس سے یہ وعدہ کیا تھا ، سائن کرنے کے بعد میرا دل نہیں مان رہاتھا، پھر ہم مفتی صاحب کے پاس گئے، پھر میں نے اس سے یہ وعدہ کیا کہ میں پاکستان سے باہر جاکر کماؤں گا، پہلے ہم یہ معلوم کرلیتے ہیں کہ یہ طلاق ہوئی ہے یا نہیں؟ تو مفتی صاحب نے کہا کہ اگر لڑکے نے اس طریقے میں آکر سائن کیا ہے کہ لڑکی کہہ رہی تھی کہ میں خود کو مار دوں گی، بٹ اس کے پیچھے وجہ تھی وہ یہ تھی کہ میں نے مسلسل جھوٹ بولا اس کو دھوکہ دیا اس کا نان نفقہ نہیں اٹھایا، تو اور یہ رشتہ نہیں چلانا چاہتی تھی، اس لئے اس نے مجھ سے سائن کروایا اور میں نے سائن کردیا، پھر میں نے یہ وعدہ لیا تھا مفتی صاحب کے سامنے کہ میں پاکستان سے باہر اگر نہیں جاسکا اور اپنی بات پوری نہیں کی تو میں خود چھوڑ دوں گا، لیکن کسی وجوہات کی وجہ سے میں باہر نہیں جاسکا، تو میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ طلاق واقع ہوگئی یا ابھی بھی وہ میری بیوی ہے، ان لوگوں نے وہ پیپر رجسٹر ڈ بھی کروالیا ہے طلاق کا ، جس پر میں نے سائن کیا تھا۔
نوٹ:
دونوں میاں بیوی دار الافتار تشریف لائے تھے اور ز بر دستی کے دستخط کے متعلق ان کا بیان یہ ہے : لڑکی میری حرکتوں وجہ سے پریشان ہو کر خود کو مارنے کی دھمکی دی ، اور ان کے والد صاحب نے لڑکی کی حالت دیکھ کر کہا سائن کرو ، ورنہ دو لاشیں اٹھیں گی، میری اور میری بیٹی کی ، اس ڈر سے آکر میں نے پڑھ کر سمجھ کر سائن کیا، لڑکی کے یا اس کے ابو کے ہاتھ میں کوئی بندوق یا لڑکی کے ہاتھ میں کوئی چھری نہیں تھی ، جبکہ میں جاسکتا تھا، لیکن لڑکی کی حالت دیکھ کر والد نے مجھے پکڑ کر بٹھایا کہ سائن کرو اور میں سائن کرکے چلا گیا، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں طلاق نامہ میں تحریر طلاقیں واقع ہوئیں کہ نہیں ؟ اور اس کے بعد جوتقریباً ایک مہینے تک مفتی صاحب کے کہنے پر میاں بیوی کی حیثیت سے رہتے رہیں، اس کا کیا حکم ہے؟ نوٹ: طلاق نامہ منسلک ہے۔
صورتِ مسئولہ میں سائل کی وضاحت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس سے طلاق نامہ پر دستخط لیتے وقت محض اخلاقی دباؤ ڈالا گیا تھا ،کسی قسم کی ایسی زبردستی نہیں کی گئی تھی جو اکراہ ملجئ (ایسی زبردستی جس سے جان یا کسی عضو کے تلف ہونے کا اندیشہ ہو)کے زمرے میں داخل ہوسکے کہ جس کے پائے جانے کی صورت میں زبان سے طلاق کے الفاظ بولے بغیر صرف تحریری طلاق نامہ پر دستخط کردینے سے شرعاً طلاق واقع نہیں ہوتی، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سوال کے ساتھ منسلکہ طلاق نامہ کے مطابق سائل کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمتِ مغلظہ ثابت ہوچکی ہے، اب رجوع نہیں ہوسکتا اور نہ ہی حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ عقد نکاح ہوسکتا ہے اور عورت عدت گزارنے کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزادہے۔
جبکہ طلاق نامہ کے بعد ان دونوں کا میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنا ناجائز اور حرام تھا،جس پر دونوں کو بصدقِ دل توبہ و استغفار اور فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنا ضروری ہے، ورنہ وہ دونوں سخت گناہ گار ہوں گے اور آئندہ کے لیے بھی ان دونوں پر ایک دوسرے سے میل جول رکھنے سے اجتناب لازم ہے ۔
کما فی الدر المختار: ( ویقع طلاق کل زوج بالغ عاقل ) ولو تقدیرا بدائع، لیدخل السکران ( ولو عبدا أو مکرھا ) فإن طلاقہ صحیح لا إقرارہ بالطلاق قد نظم فی النھر مایصح مع الإکراہ فقال: طلاق وإیلاء ظھار ورجعۃ إلخ( کتاب الطلاق، ج: 3، ص: 235، ط: سعید )۔
وفیہ أیضاً: ( ھو لغۃ حمل الإنسان علی ) شئی یکرھہ وشرعاً ( فعل یوجد من المکرہ فیحدث فی المحل معنی یصیر بہ مدفوعا إلی الفعل الذی طلب منہ ) وھو نوعان تام وھو الملجئی بتلف نفس أو عضو أو ضرب مبرح وإلا فناقص وھو غیر المجئی (وشرطه) أربعة أمور: (قدرة المكره على إيقاع ما هدد به سلطانا أو لصا) أو نحوه (و) الثاني (خوف المكره) بالفتح (إيقاعه) أي إيقاع ما هدد به (في الحال) بغلبة ظنه ليصير ملجأ (و) الثالث: (كون الشيء المكره به متلفا نفسا أو عضوا أو موجبا غما يعدم الرضا) وهذا أدنى مراتبه وهو يختلف باختلاف الأشخاص فإن الأشراف يغمون بكلام خشن، والأراذل ربما لا يغمون إلا بالضرب المبرح ابن كمال (و) الرابع: (كون المكره ممتنعا عما أكره عليه قبله) إما (لحقه) كبيع ماله (أو لحق) شخص (آخر) كإتلاف مال الغير (أو لحق الشرع) كشرب الخمر والزنا (فلو أكره بقتل أو ضرب شديد) متلف لا بسوط أو سوطين إلا على المذاكير والعين بزازية (أو حبس) أو قيد مديدين بخلاف حبس يوم أو قيده أو ضرب غير شديد إلا لذي جاه درر اھ۔
وفی الشامیۃ: وحكمه إذا حصل بملجئ أن ينقل الفعل إلى الحامل فيما يصلح أن يكون المكره آلة للحامل، كأنه فعله بنفسه كإتلاف النفس والمال، وما لا يصلح أن يكون آلة له اقتصر على المكره كأنه فعله باختياره مثل الأقوال والأكل لأن الإنسان لا يتكلم بلسان غيره، ولا يأكل بفم غيره فلا يضاف إلى غير المتكلم والآكل، إلا إذا كان فيه إتلاف فيضاف إليه من حيث الإتلاف لصلاحية المكره آلة للحامل فيه فإذا أكرهه على العتق يقع كأنه أوقعه باختياره حتى يكون الولاء له، ويضاف إلى الحامل من حيث الإتلاف فيرجع عليه بقيمته وتمامه في التبيين اھ (کتاب الاکراہ، ج:6، ص:129، ط:سعید)۔