کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ زید کا کسی نا محرم لڑکی سے تعلق تھا۔ صرف بات چیت ہوئی تھی موبائل فون پر۔ اس لڑکی نے زید کو بولا کہ اگر تم شادی کرو گے تو کس سے کرو گے تو جوابا زید نے کہا کہ آپ سے کروں گا، تو اس پر وہ لڑکی کہتی ہے کہ پہلے قسم کھاؤ کہ میرے سے شادی کروگے میرے علاوہ کسی سے نہیں کروگے، تو زید نے اتنا کہدیا کہ میں نے آپ کے علاؤہ اگر کسی سے شادی کی تو اس پر فوراً تین طلاق ہو۔ لہذا کچھ عرصے کے بعد اس لڑکی کا رابطہ زید سے ختم ہو گیا اب پتہ نہیں ہے کہ وہ لڑکی کہاں ہے تو کیا زید کے یہ بات کہنے پر زید اس لڑکی کے علاوہ کسی سے شادی نہیں کر سکتا؟ اس کی کیا صورت بن سکتی ہے کہ زید کا یہ مسئلہ حل ہو جائے۔
(2)فری فائر ایک گیم ہے جس میں لڑکے لڑکیاں کھیلتے ہیں شرعاً اس کا کیا حکم؟
واضح ہو کہ کسی غیر محرم لڑکی سے تعلق رکھنا یا اس طرح بے تکلفی اختیار کرنا شرعاً ناجائز حرام اور گناہ کبیرہ پر مشتمل عمل ہے جس سے اجتناب اور گزشتہ عمل پر بصدق دل توبہ کرنا لازم ہے۔ جبکہ صورت مسؤلہ میں جب زید نےسوال میں مذکور لڑکی کے ساتھ وعدہ نکاح کرتے ہوئے جو الفاظ" میں نے آپ کے علاؤہ اگر کسی سے شادی کی تو اس پر فورا تین طلاق ہو"کہہ دیئے ہیں تو اس میں چونکہ طلاقوں کو نکاح اور شادی کرنے پر معلق کردیا ہے اور جب طلاق کو نکاح کرنے پر معلق کیا جاتا ہے تو تعلیق منعقد بھی ہوتی ہے اور شرط پائے جانے کیساتھ ہی نکاح کے فوراً بعد طلاقیں واقع بھی ہوتی ہے ۔لہذا زید جب بھی مذکور لڑکی کے علاؤہ کسی دوسری لڑکی کیساتھ نکاح کریگا تو اس جملہ کی وجہ سے اس کی منکوحہ پر فوری طور پر تین طلاقیں واقع ہو کر حرمت مغلظہ ثابت ہوجائیگی۔اور حلالہ شرعیہ کے بغیر اس لڑکی سے دوبارہ نکاح کرنا جائز نہ ہوگا۔البتہ ایک مرتبہ نکاح کے بعد وقوع طلاق کی وجہ سے یہ تعلیق ختم ہوجائیگی اس لئے بعد میں کسی دوسری لڑکی کے ساتھ نکاح کرنے کی صورت میں اس پر مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔
(2)جبکہ فری فائر گیم میں کیا ہوتا ہے اس سے متعلق ہمارے پاس معلومات دستیاب نہیں ہے اس لیے مکمل معلومات کے ساتھ دوبارہ سوال لکھ کر حکم شرعی معلوم کیا جاسکتا ہے۔
کما فی الفتاوی الھندیة: وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق ولا تصح إضافة الطلاق إلا أن يكون الحالف مالكا أو يضيفه إلى ملك،اھ(كتاب الطلاق،الفصل الثالث في تعليق الطلاق،ج: 1،ص: 420،مط: دارالفکر)
و فیھا ایضاً: رجل قال: أية امرأة أتزوجها فهي طالق فهذا على امرأة واحدة إلا أن ينوي جميع النساء وهذا بالعربية ولو قال بالفارسية: هر كدام زن كه بزنى كنم يقع كل امرأة قال الصدر الشهيد - رحمه الله تعالى -: والمختار أنه يقع على امرأة واحدة،اھ(كتاب الطلاق،الفصل الثالث في تعليق الطلاق،ج: 1،ص: 450،مط: دارالفکر)
و فیھا ایضاً: إذا طلق الرجل امرأته ثلاثا قبل الدخول بها وقعن عليها فإن فرق الطلاق بانت بالأولى ولم تقع الثانية والثالثة وذلك مثل أن يقول أنت طالق طالق طالق،اھ(كتاب الطلاق،الفصل الرابع في الطلاق قبل الدخول،ج: 1،ص: 373،مط: دارالفکر)
و فی الدر المختار: (وفيها) كلها (تنحل) أي تبطل (اليمين) ببطلان التعليق (إذا وجد الشرط مرة إلا في كلما فإنه ينحل بعد الثلاث) لاقتضائها عموم الأفعال كاقتضاء كل عموم الأسماء (فلا يقع إن نكحها بعد زوج آخر إذا دخلت) كلما (على التزوج نحو: كلما تزوجت فأنت كذا) لدخولها على سبب الملك وهو غير متناه،اھ(كتاب الطلاق،باب التعليق،ج: 3،ص: 353،مط: دارالفکر)