السلام علیکم سر! میرا سوال یہ ہے کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو پہلے دو طلاقیں دیں، پھر رجوع کر لیا۔ کچھ عرصے بعد اس نے دوبارہ دو طلاقیں دیں، اس کے بعد پھر رجوع کر لیا۔ لیکن اب اس نے فون پر تین طلاقیں دی ہیں، اور اس کی چھوٹی بیٹی اس بات کی گواہ ہے۔ لیکن ہمارے علاقے کے مولوی کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ رجوع کر لے تو طلاق نہیں ہوگی۔ براہِ کرم اس مسئلے کے بارے میں بتائیں۔ گاؤں والوں نے لڑکی کو زبردستی واپس اس کے سابقہ شوہر کے پاس بھیج دیا ہے۔
سوال میں ذکر کردہ وضاحت اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو، اس میں کسی قسم کی غلط بیانی اوردروغ گوئی سے کام نہ لیا گیا ہو ،اور واقعۃً شخص مذکور نے اپنی بیوی کوپہلی دفعہ صریح الفاظ جیسے" تجھے طلاق ہے یا تمہیں طلاق دیتا ہوں" کے ذریعہ دوطلاقیں دی ہوں ،اس کے بعد دوران عدت اس نے بیوی سے رجوع بھی کر لیا ہو، تو اس صورت میں ان دونوں کا نکاح حسب سابق بر قرار تھااوران کے لیے میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہناشرعاًجائزتھا، لیکن شوہر کے پاس آئندہ کے لیے فقط ایک طلاق دینے کااختیارباقی رہ گیاتھا،چنانچہ کچھ عرصہ بعداگراس نے دوبارہ اپنی بیوی کواسی طرح صریح الفاظ میں طلاق دی ہو،تو سابقہ دو طلاقوں کے ساتھ مزیدایک طلاق مل کر اس کی بیوی پرتینوں طلاقیں واقع ہوکرحرمت مغلظہ ثابت ہو چکی ہے ،اور بقیہ طلاقیں بیوی کےمحل طلاق نہ رہنے کی وجہ سے لغوہوگئی ہیں ، اب رجوع نہیں ہو سکتا اور حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقد نکاح بھی نہیں ہو سکتا ،لہذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں، اور میاں بیوی والے تعلقات ہر گزقائم نہ کریں ،ورنہ دونوں سخت گنہگار ہوں گے، اور تین طلاقوں کے بعد اب تک ساتھ رہنے کی وجہ سے جو گناہ سرزد ہوا ہے،اس پر لڑکا لڑکی اور جو جو افراد اس گناہ میں شریک ہوئے ہیں، ان سب پر لازم ہے کہ بصدق ِدل توبہ و استغفار کریں،اور آئندہ دوبارہ اس قسم کے ناجائز کاموں سے مکمل اجتناب کریں، جبکہ آخری مرتبہ ہمبستری کے بعد تین ماہواریاں گذرنے کے بعد عورت دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزا د ہو گی۔
قال اللہ تعالی: فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُۥ مِنۢ بَعۡدُ حَتَّىٰ تَنكِحَ زَوۡجًا غَيۡرَهُۥۗ ( سورۃ البقرہ الآیہ: 230 )
وفی الھندیۃ: وإذا قال لامرأته أنت طالق وطالق وطالق ولم يعلقه بالشرط إن كانت مدخولة طلقت ثلاثا وإن كانت غير مدخولة طلقت واحدة وكذا إذا قال أنت طالق فطالق فطالق أو ثم طالق ثم طالق أو طالق طالق كذا في السراج الوهاج،اھ(الباب الثانی فی ایقاع الطلاق،ج:1 ص: 355 ناشر: ماجیدیہ)
وفي الهداية:إذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض، الخ(باب الرجعۃ ج: 2 ص:254 ناشر : دار احیاء الثرات العربی)
وفی الھندیۃ:إن کان الطلاق ثلاثا فی الحرۃ وثنتین فی الامۃ لم تحل لہ حتی تنکح زوجا غیرہ نکاحاصحیحا ، الخ(فصل فيما تحل به المطلقة ،ج: 1 ص : 473 ناشر ؛ المطبعۃ الکبری لأمیریہ)
وفی بدائع الصنائع: وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر، الخ ( فصل فی شرائط رجوع المبتوتۃ لزوجہا ،ج:3 ص: 187 ناشر: سعید)