السلام علیکم؛ مندرجہ ذیل سوالات کا شرعی نقطہ نظر سے جواب جاننے کا ملتجی ہوں، امید ہے کہ رہنمائی فرمائیں گے، کیا ایک شخص اپنی زندگی میں اپنی جائیداد کسی ایک بچے کو دے سکتا ہے؟ کیا بچے کی معاشی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے کچھ بچوں کو زیادہ اور کچھ کو کم دیا جاسکتا ہے؟
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلا ہونے سے قبل اپنے تمام مال و جائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے، وہ جس طرح چاہے، اس میں جائز تصرف کرسکتا ہے، اس پر اس کی تقسیم لازم و ضروری نہیں اور نہ ہی اولاد میں سے کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس کو اس تقسیم پر مجبور کرے،البتہ اگر کوئی شخص اپنی صحت والی زندگی میں بلاجبر و اکراہ محض اپنی مرضی و خوشی سے اپنا مال و جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہے تو اسے اس کا اختیار ہے، اور یہ تقسیم ترکہ نہیں، بلکہ ہبہ (گفٹ) کہلائیگا،جس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنی بقیہ زندگی کے لئے جو کچھ رکھنا چاہے وہ رکھ کر بقیہ مال و جائیداد تمام اولاد (بیٹوں، بیٹیوں) کے درمیان برابر برابر تقسیم کردے، بلاوجہ اولاد کے درمیان امتیاز برتتے ہوئے کسی ایک کو دینا اور دیگر کو محروم کرنا باہمی نزاع اور قطعِ تعلقی کا سبب بن سکتا ہے ،جوکہ قطعاً نامناسب اور گناہ کی بات ہے،جس سے احتراز چاہئے، جبکہ جائیداد کی تقسیم کے وقت اس بات کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے کہ یہ انتقالِ جائیداد محض کاغذات کی حد تک محدود نہ ہو، بلکہ ہر ایک کو اس کے حصہ پر باقاعدہ مالک و قابض بھی بنادے، تاکہ یہ ہبہ اور گفٹ شرعاً بھی درست اور تام ہوسکے،اور اولاد میں سے ہر ایک اپنے حصہ کا مالک بن جائے، تاہم اولاد میں سے کسی کو اس کی خدمت گذاری، محتاجگی یا دینداری وغیرہ کی وجہ سے دوسروں کے مقابلے میں کچھ زیادہ دینا چاہے، تو اس کا بھی اسے اختیار ہے، لیکن کسی بیٹے/ بیٹی کو بالکلیہ محروم کردینا شرعاً جائز نہیں، جس سے احتراز لازم ہے۔
کما فی الدر المختار: (وشرائط صحتها في الواهب العقل والبلوغ والملك) فلا تصح هبة صغير ورقيق۔(کتاب الھبہ،ج:5،ص:687،م:کراچی)۔
وفی الشامیۃ: وأركانه: ثلاثة وارث ومورث وموروث. وشروطه: ثلاثة: موت مورث حقيقة، أو حكما كمفقود، أو تقديرا كجنين فيه غرة ووجود وارثه عند موته حيا حقيقة أو تقديرا كالحمل والعلم بجهة إرثه، وأسبابه وموانعه سيأتي وأصوله: ثلاثة الخ (کتاب الفرائض،ج:6،ص:758،م:کراچی)۔
وفیھا ایضاً: (قوله كما حققه مفتي دمشق إلخ) أقول: حاصل ما ذكره في الرسالة المذكورة أنه ورد في الحديث أنه صلى الله عليه وسلم قال «سووا بين أولادكم في العطية ولو كنت مؤثرا أحدا لآثرت النساء على الرجال» رواه سعيد في سننه وفي صحيح مسلم من حديث النعمان بن بشير «اتقوا الله واعدلوا في أولادكم» فالعدل من حقوق الأولاد في العطايا والوقف عطية فيسوي بين الذكر والأنثى، لأنهم فسروا العدل في الأولاد بالتسوية في العطايا حال الحياة (الٰی قولہ) وروى المعلى عن أبي يوسف أنه لا بأس به إذا لم يقصد الإضرار وإلا سوى بينهم وعليه الفتوى۔(مطلب فی مھم فی قول الواقف الخ ، ج :4، ص:444،م:کراچی)۔
وفی البحر الرائق: وأما بيان الوقت الذي يجري فيه الإرث فنقول هذا فصل اختلف المشايخ فيه قال مشايخ العراق الإرث يثبت في آخر جزء من أجزاء حياة المورث وقال مشايخ بلخ الإرث يثبت بعد موت المورث(یبدا من ترکۃ المیت الخ،ج:8،ص:488 ، م: رشیدیۃ)۔
وفیہ ایضاً: كذا في الخلاصة قيد بقوله لك لأنه لو قال جعلته باسمك لايكون هبة و لهذا قال في الخلاصة لو غرس لابنه كرما ان قال جعلته لابني تكون هبة و ان قال باسم ابني لاتكون هبة اھ، (کتاب الھبۃ، ج:7، ص:285، ط:رشیدیۃ)۔