استفتاء
الحمد لله حمداً كثيراً طيباً مباركاً فيه۔
سوال نمبر -1
حال ہی میں گورنمنٹ آف پاکستان نے ایک ہاؤسنگ سکیم لانچ کی جس کا مقصد ايسے افراد کو ماہانہ اقساط پر گھر خرید کر دینا یا پلاٹ کی صورت میں گھر تعمیر کر كے دینا ہے جو گھر بنانے یا گھر خریدنے کی قوت نہیں رکھتے ، اسی تناظر میں تمام اسلامی و روایتی بنکوں کو یہ ٹاسک سونپ دیا گیا ،۔ گھرتعمیر کرنے یا تعمیر شدہ گھر خريدنے کے لیے قرض کی كم ازكم حد 35لاکھ سے لیکر 1کروڑ تک رکھی ، جس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ دس سال تک سبسڈی کی شکل میں 5% فکسڈ چارجز لیے جائیں گے ، اور دوسرے دس (یعنی گیارہویں) سے 3% kiborاور 5% فکسڈ چارجز وصول کیے جائیں گے جو ہرسال سرکاری ریٹ کے مطابق بڑھیں گے۔
اب صورت مسئلہ یہ ہے کہ بنک نے یہ اعلان کیا ہے کہ دس سال تک جو قرض ہے جس پر 5%فکسڈ چارجز ہیں وہ قرض دار سے بطور کرایہ لیے جائیں گے ، بنک گھر خریدنے کی صورت میں قرض دار کو رقم نہیں دے گی بلکہ اسے گھر کی چابی دی جائے گی جس کا وہ ہر ماہ قسط کے ساتھ کرایہ بھی ادا کرے گا (یاد رہے یہ کرائے کی رقم وہی 5% والے فکسڈ چارجز ہیں) اور اسی طرح اگر کسی کا پلاٹ ہے تو اس پر گھر تعمیر کرنے کی صورت میں تمام پیسہ ٹھیکیدار کو ادا کرے گی نہ قرض دار کو بلکہ اسے گھر تعمیر کر کے دے دیا جائے ، وہ بھی دس سال تک اسی فکسڈ چارجز والے پیسے بطور کرائے کے ادا کرتا رہے گا ۔ دونوں صورتوں میں گھر یا پلاٹ کے تمام تر کاغذات و رجسٹری انتقال بنک کی ملكیت ہوں گے۔
قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب مطلوب ہے ۔
سوال نمبر - 2
اگر کسی گھر میں چار پانچ بہن بھائیوں کی فیملیاں اکٹھی رہتی ہیں ایک بھائی کاروبار کرتا ہے جس میں دوسرے لوگوں کے پیسے بھی شامل ہیں اس بھائی کو کاروبار میں خاصہ نقصان ہوا ہے اور شراکت دار پیسے کی واپسی کا مطالبہ بھی کررہے جس کی وجہ سے یہ کاروبار ی بھائی اجتماعی گھر کو بیچنے کا تقاضا کررہا جبکہ اس گھر کے علاوہ کسی بہن بھائی کے پاس اتنا سرمایہ نہیں ہے کہ وہ اس بھائی کا حصہ خرید سکے اور اگر گھر بیچتے ہیں تو فی الحال ملکی حالات کی وجہ سے خریدار صحیح قیمت نہیں لگا رہے جسکی وجہ سے چھت کے جانے کا خدشہ ہے اور مالی نقصان کا بھی تو اس صورت میں ایک بھائی جو کہ سرکاری ملازم ہے کیا وہ قرض لیکر بھائی کی مدد اور گھر جیسی نعمت بچانے کی کوشش کر سکتا ہے؟ تاکہ خاندانی اور معاشرتی بھرم قائم رہے۔
1) مذکورہ حکومتی اسکیم اپنا گھر پروگرام حاصل کرنے کا شرعی حکم یہ ہے کہ اس کی تمویل اگر کسی سودی مالیاتی ادارے کے ذریعہ حاصل کی جائے تو چونکہ سودی مالیاتی ادارے یہ تمویل سودی قرضہ دے کر فراہم کرتے ہیں ، اور سودی قرض کا معاملہ شرعاً نا جائز و حرام اور گناہ کبیرہ ہے،لہذا سودی اداروں سے مذکور سہولت لینے سے بہر صورت احتراز لازم ہے،البتہ اگر یہ اسکیم کسی غیر سودی مالیاتی ادارے سے حاصل کی جائے ، جبکہ وہ مالیاتی ادارہ مستند اور قابلِ اعتماد علماء کرام کی زیر نگرانی شرعی اور جائز طریقہ ہائے تمویل (شرکت متناقصہ وغیرہ )کو اختیار کر کے یہ سہولت فراہم کر رہا ہو ، تو ایسے غیر سودی مالیاتی ادارے کے ذریعہ مذکورہ حکومتی اسکیم کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے۔
2) واضح ہو کہ مشترکہ مکان میں چونکہ سارے شرکاء حصہ دار ہوتے ہیں، اس لئے مکان کی تقسیم اور ہر ایک شریک کا حصہ الگ ہونے سے قبل شرکاء کی اجازت کے بغیر کسی ایک شریک کے لیے مشترکہ گھر بیچنا شرعاً جائز نہیں ہے، لہذا مذکور مشترکہ مکان فروخت کرنے پر اگر سب بہن بھائی رضامند نہ ہوں تو کاروبار میں نقصان کرنے والے بھائی کیلئے پورا مکان فروخت کرنا جائز نہیں، اسی طرح سرکاری ملازمت کرنے والے بھائی کیلئے سودی قرض لینا بھی جائز نہیں، البتہ کاروباری نقصان کی تلافی کیلئے مکان میں سے اپنا حصہ فروخت کرنا چاہے تو اس کی یہ دو جائز صورتیں ہیں :
(1) پہلی صورت یہ ہیکہ سب ورثاء کی رضامندی سے مکان کی تقسیم عمل میں لائی جائے (بشرطیکہ مکان قابل تقسیم ہو) اور پھر جو حصہ کاروباری بھائی کو ملے وہ اسے فروخت کر کے رقم وصول کرے۔
(2) جبکہ دوسری صورت یہ ہے سودی قرضہ لینے یا کسی سودی بینک سے معاملات کرنے کے بجائے مستند مفتیان کرام کے زیر نگرانی اپنے معاملات سرانجام دینے والےکسی غیر سودی (اسلامی) بینک سے رابطہ کرے اور وہ شرعی اصول و ضوابط کا لحاظ رکھتے ہوئے مذکور بھائی کو مطلوبہ رقم فراہم کرے، چنانچہ اس طرح کرنے سے مذکور بھائی کو اسکی مطلوبہ رقم بھی حاصل ہوگی اور کسی غیر شرعی امر کا ارتکاب نہ ہوگا۔
و في رد المحتار:(قوله: كل قرض جر نفعا حرام): أي إذا كان مشروطا كما علم مما نقله عن البحر، وعن الخلاصة وفي الذخيرة وإن لم يكن النفع مشروطا في القرض، فعلى قول الكرخي لا بأس به ويأتي تمامه. (5/ 166، دار الفكر)
وفي الدر المختار مع رد المحتار: ولو كانت الدار مشتركة بينهما باع أحدهما بيتا معينا أو نصيبه من بيت معين فللآخر أن يبطل البيع.(قوله: باع أحدهما نصيبه) أي من البناء كما هو صريح العمادية، أما بيع النصيب من الدار بتمامها فلا مانع من جوازه أفاده ح. (4/ 302، ط: دار الفكر)
گاڑی خریدنے کےلئے بینک سے سودی قرض لینا-نمازِ جمعہ کا طریقہ اور اس کو چھوڑنے والے کاحکم
یونیکوڈ مروجہ بینکاری 0