محترم مفتی صاحب دامت برکاتہ !السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ایک شرعی مسئلہ دریافت کرنا مقصود ہے۔ہم چار بھائی ہیں۔ ہماری والدہ حیات ہیں۔ ایک فلیٹ ان کی ذاتی ملکیت تھا جس میں والدہ کے ساتھ صرف میں، جو سب سے چھوٹا بیٹا ہوں، رہائش پذیر ہوں، جبکہ میرے دیگر تین بھائی الگ رہتے ہیں۔
کئی سال سے والدہ کی خدمت، فلیٹ کی دیکھ بھال، مرمت، انتظامی امور اور روزمرہ ضروریات کی ذمہ داری کلی طور پر میرے ذمے رہی ہے۔
اسی دوران والدہ نے اپنی آزاد مرضی اور مکمل رضامندی سے واضح الفاظ میں یہ اعلان کیا کہ وہ مذکورہ فلیٹ کی ملکیت اور اس کا مکمل مالکانہ تصرف مجھے بطورِ ہبہ منتقل کرتی ہیں۔ میں نے اس ہبہ کو قبول بھی کر لیا۔ اس فیصلے کی اطلاع والدہ نے دیگر بھائیوں کو بھی دے دی تھی اور اس سلسلے میں ایک تحریری دستاویز بھی تیار کی گئی تھی۔
مزید یہ کہ مذکورہ فلیٹ ہبہ سے قبل ہی قانونی طور پر میرے نام منتقل کیا جا چکا تھا اور فلیٹ سے متعلق تمام مالکانہ امور، مثلاً دیکھ بھال، مرمت، کرایہ پر دینا، فروخت کرنا اور دیگر انتظامی فیصلے میرے اختیار میں تھے اور اب بھی ہیں۔
ہبہ کے بعد بھی والدہ میرے ساتھ اسی فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں، تاہم وہ اب میری اجازت سے رہتی ہیں، نہ کہ مالک کی حیثیت سے۔
کئی سال گزرنے کے بعد اب میرے دو بھائی اس ہبہ پر اعتراض کرتے ہیں کہ فلیٹ صرف ایک بیٹے کو کیوں دیا گیا۔
واضح رہے کہ نہ والدہ کا مقصد دیگر بیٹوں کو محروم کرنا تھا اور نہ میرا۔ بلکہ اب بھی والدہ اور میری خواہش ہے کہ دیگر بھائیوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور دلجوئی کی جائے۔
اسی مقصد کے تحت میرے نام ایک پلاٹ موجود ہے، جسے میں والدہ کو منتقل کرنا چاہتا ہوں تاکہ وہ اپنی مرضی سے اسے دیگر بیٹوں میں تقسیم کر سکیں۔ اس کے علاوہ میں اپنی طرف سے دیگر بھائیوں کو کچھ رقم (جو کہ آپسی رضا مندی سے طے ہو) دینے کا ارادہ بھی رکھتا ہوں، تاہم اس رقم کی ادائیگی کے لیے کوئی مدت متعین نہ کی جائے۔اس سلسلے میں درج ذیل امور میں شرعی رہنمائی فرمائی جائے کہ
۔ کیا مذکورہ صورت میں والدہ کا فلیٹ مجھے ہبہ کرنا شرعاً درست اور نافذ ہو چکا ہے؟
۔ کیا ہبہ کے بعد فلیٹ کی ملکیت شرعاً والدہ سے منتقل ہو کر میری ملکیت بن گئی ہے؟
۔ کیا بعد میں دیگر بھائیوں کے اعتراض کرنے سے اس ہبہ کی شرعی حیثیت پر کوئی اثر پڑے گا۔ کیا میں اپنے نام کا پلاٹ والدہ کو ہبہ کر سکتا ہوں تاکہ وہ اسے دیگر بیٹوں میں تقسیم کر دیں؟ اس کے لئے شرعی طور پر کون سی شرائط ضروری ہوں گی؟
۔ کیا میں دیگر بھائیوں کو ایک معین رقم دینے کا وعدہ بغیر کسی معین مدت کے کر سکتا ہوں؟ اور کیا ایسا وعدہ شرعاً لازم ہوگا؟
برائے مہربانی قرآن و سنت اور فقہِ اسلامی کی روشنی میں رہنمائی فرما دیں۔
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلا ہونے سے قبل، اپنی تمام جائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے، وہ جس طرح چاہے اس میں تصرف کر سکتا ہے۔ لہذا صورتِ مسئولہ میں جب سائل کی والدہ نے اگر سائل کی خدمت گذاری سے خوش ہو کر اس کو اپنے فلیٹ کا قبضہ کے ساتھ مالک بنا دیا اس طور پر کہ فلیٹ اور اگر فلیٹ میں والدہ کا کچھ (فرنیچر و غیرہ)موجود ہے وہ سارا سائل کو مالکانہ قبضے کے ساتھ ہبہ (گفٹ)کر دیا تھا، تو اس میں سائل کی ملکیت ثابت ہو چکی ہے، اب اس میں سائل کے دیگر بھائیوں کے مطالبے کا کوئی حق حاصل نہیں۔اور نہ ہی ان کو اس پر اعتراض کا حق ہے۔ نیز سائل پر اس کی تلافی کے لئے سوال میں درج طریقہ کار (رقم یا اپنا دوسرا فلیٹ بدلے میں دے دینا) اختیار کرنا لازم نہیں، البتہ اگر وہ تبرع اور احسان کا راستہ اختیار کرتے ہوئے ایسا کر لے تو اسے اس کا اختیار ہے اور اس کا یہ عمل باعث اجر و ثواب ہوگا۔ تاہم اگر سائل کی والدہ کی ملکیت میں اب مزید کچھ موجود ہو تو اسے چاہیے کہ اپنی باقی بیٹیوں کو بھی کچھ دے دے تاکہ سب کی دلجوئی ہو سکے۔
كما کما قال اللہ تعالی: اِنَّ اللّٰهَ یَاْمُرُ بِالْعَدْلِ وَ الْاِحْسَانِ الآیۃ (آیۃ:90،سورۃ النحل)
و فی صحیح مسلم:عن النعمان بن بشير قال: تصدق علي أبي ببعض ماله، فقالت أمي عمرة بنت رواحة: لا أرضى حتى تشهد رسول الله صلى الله عليه وسلم، فانطلق أبي إلى النبي ﷺ ليشهده على صدقتي، فقال له رسول الله ﷺ: أفعلت هذا بولدك كلهم؟ قال: لا. قال: اتقوا الله واعدلوا في أولادكم. فرجع أبي فرد تلك الصدقة .اخ(باب كراهة تفضيل بعض الأولاد في الهبة،ج:5،ص:65،ط: دار الطباعة العامرة)
و في الفقه الميسر :ومن السنة حديث أبي هريرة -رضي الله عنه- أن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - قال: "آية المنافق ثلاث: إذا حدث كذب، وإذا وعد أخلف، وإذا ائتمن خان"،وقد أجمع المسلمون على أن الوفاء بالوعد محمود، وأن إخلاف الوعد وعدم الوفاء به مذموم. - إنه يلزم الوفاء بالوعد إن أدخل الموعود في ورطة، وإلا فلا يلزم الوفاء به، وذلك لحديث: "لا ضرر ولا ضرار".
الراجح: نرى أن الراجح أن الوفاء بالوعد ملزم مطلقا, لأن الواعد قد التزم برغبته وإرادته، ولما ورد في ذلك من أدلة للقائلين بلزومه، وهو يحقق المصلحة ويحتاج إليه في التعامل في الوقت الحاضر وبناء عليه فإنه يجوز بيع المرابحة للآمر بالشراء شريطة أن يملك المصرف السلعة ويقبضها بالطريق الشرعي ، وقد أخذ بذلك ،اھ(باب حكم بيع المرابحة للأمر بالشراء ،ج:10،ص:29،ط: مَدَارُ الوَطن للنَّشر، الرياض - المملكة العربية السعودية)
و فی بدائع الصنائع: وینبغی للرجل أن یعدل بین أولادہ فی النحلی لقولہ سبحانہ وتعالی "إن االلہ یأمر بالعدل والإحسان (إلی قالہ) ولأن فی التسویۃ تألیف القلوب والتفضیل یورث الوحشۃ بینھم فکانت التسویہ بینھم أولی ولو نحل بعضاً وحرم بعضاً جاز من طریق الحکم لأنہ تصرف فی خالص ملکہ لاحق لأحد فیہ الخ (کتاب الھبۃ فصل واما الشرائط بانواع ،ج:6 ،صـ :127، ط: سعید)
وفی الدر المختار: (وتتم) الھبۃ (بالقبض) الکامل (ولو الموھوب شاغلا لملک الواھب لا مشغولا بہ) والاصل ان الموھوب ان مشغولا بملک الواھب منع تمامھا وان شاغلا لا الخ(کتاب الھبۃ،ج:6،ص: 691-690 ،ط: سعید)