ہدیہ

زندگی میں جائیداد کی تقسیم کا حکم

فتوی نمبر :
96316
| تاریخ :
2026-06-11
معاملات / مالی معاوضات / ہدیہ

زندگی میں جائیداد کی تقسیم کا حکم

السلام علیکم!میں 73 سالہ شخص ہوں، میری ایک بیوی، 2 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔میں نے 35 سال پہلے بوٹسوانا میں اپنا کاروبار قائم کیا تھا۔ تقریباً 25 سال پہلے میرا دوسرا بیٹا میرے کاروبار میں شامل ہوا اور میں نے اسے اپنے کاروبار کے٪ 33 شیئرز دے دیے۔ تقریباً 6 سال پہلے میں نے اس کی بیوی کو اپنے کاروبار کے٪ 17 شیئرز دے دیے، اس طرح اب میں اور میری بیوی کاروبار کے٪ 50کے مالک ہیں، اور میرا بیٹا اور اس کی بیوی٪ 50 کے مالک ہیں۔گزشتہ سالوں کے دوران، میں نے اپنے تمام ذاتی اثاثے اس کمپنی کے نام پر کر دیے، جن میں میرا گھر، دیگر کرایہ پر دی گئی سرمایہ کاری کی جائیدادیں، برقرار رکھی گئی آمدنی اور لون اکاؤنٹس شامل ہیں۔اس کے علاوہ کچھ دوسری جائیدادیں بھی ہیں جو میری ملکیت میں بوٹسوانا اور انڈیا میں تھیں، جنہیں میں اپنی زندگی میں ہی اسی بیٹے اور اس کی بیوی کو دے چکا ہوں، اور میں نے اپنی زندگی میں ہی یہ جائیدادیں ان کے نام پر رجسٹرڈ بھی کروا دی ہیں۔میں نے یہ سب اپنی زندگی میں اس لیے کیا ،کیونکہ مجھے بتایا گیا تھا کہ جب تک میں زندہ ہوں، میں اپنی جائیداد جس کو چاہوں دے سکتا ہوں، اور یہ میرا حق ہے کہ میں اپنی زندگی میں اپنے پیسوں کے ساتھ جو چاہوں کروں۔اب جبکہ میں اپنی جائیداد کے معاملات ترتیب دے رہا ہوں، میں اور میری بیوی کمپنی میں اپنے شیئرز (میرے تمام ذاتی اثاثوں سمیت) بھی اپنے دوسرے بیٹے اور اس کی بیوی کو دینا چاہتے ہیں، اور اس کے بدلے میں اس نے اور اس کی بیوی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ہماری وفات تک ہماری دیکھ بھال کریں گے۔مجھے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ کیا اس کی اجازت ہے، کیونکہ میرا بڑا بیٹا اور بیٹی اس بات پر ناراض ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ انہیں وراثت سے محروم کر دیا جائے گا، کیونکہ ہماری تمام چیزیں ہماری زندگی میں ہی میرے دوسرے بیٹے اور اس کی بیوی کو دے دی جائیں گی۔میرا بڑا بیٹا اور بیٹی مجھ سے کہہ رہے ہیں کہ ہم نے ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور اسلامی اعتبار سے ہمیں اپنی زندگی میں اپنی اولاد کو برابر دینا چاہئیے تھا۔ میرا بڑا بیٹا یہ بھی کہہ رہا ہے کہ ہمیں اپنی وفات سے پہلے اسلامی وصیت کرنی چاہئیے۔کیا آپ براہِ کرم مجھے بتا سکتے ہیں کہ کیا میں اور میری بیوی اپنی زندگی میں اپنی کمپنی اور میرے ذاتی اثاثے اپنے دوسرے بیٹے اور اس کی بیوی کو دے سکتے ہیں؟ نیز کیا ہمارے لیے وصیت کرنا ضروری ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ ہرشخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلاہونے سے قبل اپنے تمام مال و جائیداد کا تنہامالک ہوتاہے، وہ جس طرح چاہے ،اس میں جائزتصرف کرسکتاہے، اس پر اپنی زندگی میں اپنا مال وجائیداداپنی اولاد کے درمیان تقسیم کرنا شرعاً لازم اور ضروری نہیں، اور نہ ہی اولاد میں سے کسی کو یہ حق حاصل ہےکہ وہ اس کو اس تقسیم پر مجبورکرے، اگر کوئی شخص اپنی صحت والی زندگی میں بلا کسی جبر واکراہ کے محض اپنی مرضی و خوشی سے اپنا مال وجائیداد وغیرہ اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہتا ہو تو شرعاً ایسا کرنا بھی جائز اور درست ہے،مگر یہ تقسیمِ ترکہ نہیں، بلکہ ہبہ اور گفٹ کہلائےگا ،تاہم اس ہبہ اورگفٹ کومحض کاغذات میں نام کردیناکافی نہیں ،بلکہ باقاعدہ مالکانہ تصرف کے ساتھ قبضہ دینابھی ضروری ہے ،تاکہ یہ ہبہ شرعاً بھی تام اور درست ہوسکے، پھر بہتر یہ ہے کہ اس ہبہ اور اعطاءمیں سب کو برابر اور یکساں رکھے کہ سب ہی اس کی اولاد ہے،کسی کو کم کسی کو زیادہ نہ دے،لیکن اگر اولاد میں سے کسی کی خدمت گزاری،محتاجگی یا دینداری وغیرہ کی بنا ء پر اسے دوسرے ورثاء کے مقابلے میں کچھ زیادہ دینا چاہے تو اس کا بھی اسے اختیار ہے، مگر بلا وجہِ شرعی کسی وارث کو اپنی جائیداد سے بالکل محروم نہ کرے کیونکہ یہ گناہ کی بات ہے، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل اپنے مال وجائیدادکواپنی مرضی سے اولادکے درمیان تقسیم کرنے کااختیاررکھتاہے ،جس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ سائل ایک محتاط اندازے کے موافق اپنی اور بیوی کی بقیہ زندگی کے لئے جو کچھ رکھنا چاہے،وہ رکھ کر بقیہ مال و جائیداد اپنی ساری اولاد (بیٹے،بیٹیوں)کے درمیان بلاامتیاز تقسیم کردے،سائل کا کسی ایک بیٹے کوساری جائیداددیکرباقی اولادکوبالکلیہ محروم کرنامناسب نہیں ، جسے ایک حدیث میں نبی کریم ﷺ نےظلم کےمترادف قراردیاہے، چنانچہ حضرت نعمان بن بشیرؓسے مروی ہے کہ میرے والد نے اپنا کچھ مال مجھے ہبہ کیا، میری والدہ عمرہ بنت رواحہ نے کہا کہ میں خوش نہیں ہوں گی جب تک کہ رسول اللہ ﷺ کو اس ہبہ پر گواہ نہ بنا لو، چنانچہ میرے والد مجھے لے کر نبیﷺ کی خدمت میں چلے ،تاکہ اس ہبہ پر آپﷺ کو گواہ بنا لے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: کیا تم نےیہ ہبہ اپنی سب اولاد کو کیا ہے؟ میرے والد نے کہا نہیں۔فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرو، اور اپنی اولاد کے درمیان انصاف کرو، چنانچہ میرے والدواپس لوٹے، اور ہبہ واپس لے لیا۔ ایک اورروایت میں مزید ان الفاط کا بھی ذکر ملتا ہے کہ بشیر یہ ظلم ہے، اور محمدؐ کسی ظلم کیسے گواہ بن سکتا ہے،اس لیے عدل و انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ سائل نے جتنا بڑے بیٹے کو دیا ہے، اتنا ہی اپنے چھوٹے بیٹے اور بیٹی کو بھی دے، تاکہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو، جبکہ وارث کےحق میں کی گئی وصیت کاشرعاًاعتبانہیں ہوتا،بلکہ اس وصیت کانفاذدیگر ورثاء کی اجازت اورمرضی پرموقوف ہوتاہے ،چنانچہ اگر دیگر ورثاء اس وصیت کو پورا کرنے پر رضامند ہوں، تو وصیت پر عمل در آمد ہوگا، ورنہ وہ وصیت کالعدم شمار ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

كما في صحيح مسلم: عن النعمان بن بشير. قال:تصدق علي أبي ببعض ماله. فقالت أمي عمرة بنت رواحة: لا أرضى حتى تشهد رسول الله صلى الله عليه وسلم. فانطلق أبي إلى النبي صلى الله عليه وسلم ليشهده على صدقتي. فقال له رسول الله صلى الله عليه وسلم (أفعلت بولدك هذا كلهم؟) قال: لا. قال (اتقوا الله ‌واعدلوا ‌في ‌أولادكم). فرجع أبي. فرد تلك الصدقة ( باب كراهة تفضيل بعض الأولاد في الهبة، ج: ٢، ص:٨٧٤ ، ط: البشرى)
وفيه ايضاََ: عن النعمان بن بشير أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: « ألك بنون سواه؟ قال: نعم. قال: فكلهم أعطيت مثل هذا؟ قال: لا. قال: فلا أشهد على جور (كتاب الهبات، ج: ٥، ص: ٦٦، ط: دار الطباعة العامرة)
وفي الشامية: وقوله: (بخلاف جعلته باسمك) قال في البحر: قيد بقوله: لك؛ لأنه لو قال: جعلته باسمك، لا يكون هبة؛ ولهذا قال في الخلاصة: لو غرس لابنه كرما إن قال: جعلته لابني، يكون هبة، وإن قال: باسم ابني، لا يكون هبة، ولو قال: أغرس باسم ابني، فالأمر متردد، وهو إلى الصحة أقرب اهـ. وفي المتن من الخانية بعد هذا قال: جعلته لابني فلان، يكون هبة؛ لأن الجعل عبارة عن التمليك، وإن قال: أغرس باسم ابني، لا يكون هبة،اھ(كتاب الهبة، ج: ٥، ص: ٦٨٩، ط: سعيد)
‌و في البحر الرائق:يكره ‌تفضيل ‌بعض ‌الأولاد على البعض في الهبة حالة الصحة إلا لزيادة فضل له في الدين وإن وهب ماله كله الواحد جاز قضاء وهو آثم كذا في المحيط(الى قوله) وفي الخلاصة المختار التسوية بين الذكر والأنثى في الهبة ولو كان ولده فاسقا فأراد أن يصرف ماله إلى وجوه الخير ويحرمه عن الميراث هذا خير من تركه لأن فيه إعانة على المعصية ولو كان ولده فاسقا اھ (هبة الأب لطفلة، ج: ٧، ص: ٢٨٨، ط: رشيديه)
وفي الهندية ولا تجوز الوصية للوارث عندنا إلا أن يجيزها الورثة، ولو أوصى لوارثه ولأجنبي صح في حصة الأجنبي ويتوقف في حصة الوارث على إجازة الورثة إن أجازوا جاز وإن لم يجيزوا بطل ولا تعتبر إجازتهم في حياة الموصي حتى كان لهم الرجوع بعد ذلك، كذا في فتاوى قاضي خان اھ(كتاب الوصايا، ج: ٦، ص: ٩٠، ط: ماجدية)
وفي دررالحكام فی شرح مجلۃ الاحکام: لأن للإنسان أن ‌يتصرف في ملكه الخاص كما يشاء وليس لأحد أن يمنعه عن ذلك ما لم ينشأ عن تصرفه ضرر بين لغيره (انظر المادة 1192) (منافع الدقائق، والأشباه اھ(الباب الرابع في بيان المسائل التي تتعلق بمدة الإجارة،ج:١،ص:٥٩٩،ط:دار الجيل)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
بھائی محمد عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 96316کی تصدیق کریں
0     8
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • کسی کو ہدیہ یا گفٹ کرنے کا شرعی طریقہ

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   ہدیہ 2
  • کیا کسی ہندو کا تحفہ قبول کیا جاسکتا ہے ؟

    یونیکوڈ   اسکین   ہدیہ 0
  • کوئی چیز ہبہ کر کے واپس لینا

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • طلاق کے بعد شوہر کونسے گفٹ واپس لے سکتاہے؟

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • زندگی میں جائیداد کی تقسیم کا طریقہ کار

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • والد کا کسی ایک بیٹے کو ہدیہ دینا

    یونیکوڈ   ہدیہ 3
  • قبضہ دیے بغیر , فقط کاغذات میں مکان نام کرنے کی شرعی حیثیت

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • اپنی اولاد کے درمیان زندگی میں تقسیمِ جائیداد کی ایک صورت کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • ماں کے لئے اپنی اولاد میں سے کسی ایک بیٹے کو گھر ہدیہ کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • انٹرسٹ فری پراویڈنٹ فنڈ میں ملنےوالی اضافی رقم کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • بیٹے کو ہبہ کردہ مکان میں بیٹیوں کے حصہ کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • والد کا بیٹوں کو گھر ہدیہ کرنے کے بعد بیٹیوں کا اس میں مطالبہ کرنا

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • باپ کے لئے تمام اولاد کے ساتھ برابری کا معاملہ کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • زندگی میں جائیداد کی تقسیم کا طریقہ کار

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • زندگی میں تقسیم جائیداد کا حکم اور طریقۂ کار

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • کیا زندگی میں اپنے بہن بھائیوں اور ان کی اولاد میں جائیداد تقسیم کی جا سکتی ہے ؟

    یونیکوڈ   ہدیہ 1
  • بیوی کے لیے شوہر کو ہدیہ کئے ہوئے سونے کا استعمال جائز ہے ؟

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • والد مرحوم کی جانب سے زندگی میں دی جانے والی چیز میں وراثت کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • بڑے بیٹے نے ماں کے ساتھ رہتے ہوئے, ماں کے پلاٹ پر گھر تعمیر کیا

    یونیکوڈ   ہدیہ 1
  • قادیانی کمپنی کی تشہیری مہم میں شریک ہو کر گرانٹ وصول کرنا

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • نکاح میں بیوی کو شوہر کی جانب سے دیے گئے تحفوں کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • اولاد کے درمیان اپنی زندگی میں تقسیم جائیداد کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • بہن کے لئے بھائی سے والد کی طرف سے دی گئی جائیداد میں مطالبہ کرنا

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • زندگی میں اولاد کے درمیان تقسیمِ جائیداد کا حکم

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
  • مکان کی رقم اولاد کے درمیان کیسے تقسیم ہوگی؟

    یونیکوڈ   ہدیہ 0
Related Topics متعلقه موضوعات