السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ والد نے بقیدِ حیات اپنی ملکیتی موٹر کار اپنے ایک بیٹے کو دے دی،اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں بایومیٹرک کرکے موٹر کار سمارٹ کارڈ سمیت اسی بیٹے کے نام منتقل کی،اور گاڑی کی چابی بقیدِ حیات اسی بیٹے کو دے دی تھی ،اور کہا کہ یہ موٹر کار اب آپ کا ہے، اب سمارٹ کارڈ اسی بیٹے کے نام ہے،اب والد کی وفات کے بعد شرعاً گاڑی کا کیا حکم ہے ؟
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلاہونے سے قبل اپنی تمام مال و جائیداد کا تنہامالک ہوتاہے، وہ اس میں جس طرح چاہے تصرف کرسکتاہے، لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کے والد مرحوم نے واقعۃً مذکور موٹر کار باقاعدہ مالکانہ حقوق و تصرف کے ساتھ اپنے ایک بیٹے کو بطورِ ہبہ ( گفٹ) دیدی ہو( جیسا کہ سوال سے بھی واضح ہو رہا ہے) ،تو اب یہ بیٹا اس موٹر کار کا مالک بن چکا ہے،لہذا اب والدِ مرحوم کے وفات کے بعد اس موٹر کار میں دیگر ورثاء کا کوئی حق نہیں ۔
کما فی الدر المختار : ( و تتم ) الھبۃ ( بالقبض ) الکامل ( و لو الموھوب شاغلا لملک الواھب لا مشغولا بہ ) و الاصل ان الموھوب إن مشغولا بملک الواھب منع تمامھا و ان شاغلا لا الخ ( کتاب الھبۃ ، ج 5 ص 690، ط : ایچ ایم سعید)۔
و فی بدائع الصنائع : و ینبغی للرجل ان یعدل بین اولادہ فی النحلی لقولہ سبحانہ و تعالیٰ (( إن اللہ یأمر بالعدل و الإحسان )) الآیۃ ( الی قولہ ) و لان التسویۃ تألیف القلوب و التفضیل یورث الوحشۃ بینھم فکانت التسویۃ اولی و لو نحل بعضاً و حرم بعضاً جاز من طریق الحکم لانہ تصرف فی ملکہ لا حق لاحد فیہ إلا انہ لا یکون عدلا الخ ( کتاب الھبۃ ، فصل و اما شرائط فانواع ، ج 6، ص 127، ط : ایچ ایم سعید )۔
و فی الفتاوی الخانیۃ : و لو وھب جمیع مالہ من ابنہ جاز و ھو آثم، نص علیہ محمد، و لو خص بعض اولادہ لزیادۃ رشدہ لا بأس بہ وإن کانا سواء لایفعلہ الخ ( کتاب الھبۃ، فصل فی جوازھا، ج 6، ص 237، ط: ماجدیۃ )۔