السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
ایک سوال ہے، اس کا جواب چاہیے۔ سوال یہ ہے کہ ایک شخص زندہ ہے، اس کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، اور ان میں ایک بیٹا یہ دعویٰ کرتا ہے کہ جس مکان میں ہم رہتے ہیں، یہ والد نے تحفے میں مجھے دے دیا ہے، اور والد بھی یہی کہتا ہے۔ وہ چونکہ دوسرے بیٹے کے خلاف ہے، اب کاغذات میں پتا نہیں، نہ ہم نے دیکھا ہے کہ ان کے نام کر دیا ہے یا نہیں، اور باقی جائیداد مشترک ہے۔ صرف اسی ایک مکان کے بارے میں بیٹا دعویٰ کرتا ہے اور والد بھی کہتا ہے کہ ہاں، میں نے دے دیا ہے، اور دوسرا بیٹا نہیں مانتا۔اب اس کا جواب چاہیے کہ والد اپنی زندگی میں اپنی اولاد میں سے کسی کو کوئی چیز عطیہ کریں تو اس کا کیا حکم ہے؟ کیا یہ ظلم میں آتا ہے یا نہیں؟ اور کیا والد کی وفات کے بعد یہ باقی میراث کی طرح تقسیم ہوگا یا نہیں؟
نوٹ: اس گھر میں ایک بھائی شادی شدہ، ایک بہن شادی شدہ اور باپ خود بھی رہتے ہیں۔ مکان جس کے نام کیا ہے، وہ علیحدہ اپنے ذاتی مکان میں رہائش پذیر ہے۔ قبضہ نہیں دیا تھا، لیکن بقولِ ان کے گھر اس کے نام کیا ہے۔
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرضُ الوفات میں مبتلا ہونے سے قبل اپنے تمام مال و جائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے۔ وہ اس میں جس طرح چاہے تصرف کر سکتا ہے، اس پر اس کی تقسیم لازم اور ضروری نہیں، اور نہ ہی اولاد میں سے کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اسے اس تقسیم پر مجبور کرے یا اس مال و جائیداد میں حصہ داری کا مطالبہ کرے۔البتہ اگر کوئی شخص اپنی صحت والی زندگی میں بلا جبر و اکراہ، محض اپنی مرضی و خوشی سے اپنا مال و جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہے تو اسے اس کا اختیار ہے، اور یہ تقسیمِ ترکہ نہیں بلکہ ہبہ (گفٹ) کہلائے گا۔جبکہ ہبہ کی صحت و درستگی کے لیے چونکہ شے موہوبہ (جو چیز ہبہ کی جائے) پر شرعاً قبضہ دینا ضروری ہوتا ہے، فقط کاغذات میں نام کرنے یا زبانی کہنے سے ہبہ تام نہیں ہوتا۔ لہٰذا والد نے واقعۃً بیٹے کو اس مکان پر باقاعدہ قبضہ نہ دیا ہو (جیسا کہ وضاحتی نوٹ سے بھی معلوم ہو رہا ہے) تو ایسی صورت میں یہ بیٹا اس مکان کا مالک نہیں بنا، بلکہ یہ مکان بھی بدستور والد ہی کی ملکیت ہے۔البتہ اگر والد اپنی زندگی میں اولاد کے درمیان اپنا مال و جائیداد تقسیم کرنا چاہے تو اس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنی بقیہ زندگی کے لیے جو کچھ رکھنا چاہے، وہ رکھ کر، اور اگر بیوی کو کچھ دینا چاہے تو اسے دے کر، بقیہ مال و جائیداد تمام اولاد (بیٹوں، بیٹیوں) کے درمیان برابر تقسیم کرکے ہر ایک کو اس کے حصے پر باقاعدہ مالک و قابض بھی بنا دے، تاکہ یہ ہبہ اور گفٹ شرعاً بھی درست اور تام ہو سکے۔ محض کاغذات میں نام کر دینا کافی نہیں۔تاہم اگر وہ اپنی اولاد میں سے کسی کو اس کی خدمت گزاری، محتاجگی یا دینداری وغیرہ کی وجہ سے دوسروں کے مقابلے میں کچھ زیادہ دینا چاہے تو اس کا بھی اسے اختیار ہے، مگر بلاوجہ کسی وارث کو اپنی جائیداد سے بالکلیہ محروم نہ کرے کہ یہ گناہ کی بات ہے۔
کما فی الفتاوی الخانیۃ: و لو وھب جمیع مالہ من ابنہ جاز و ھو آثم، نص علیہ محمد، و لو خص بعض اولادہ لزیادۃ رشدہ لا بأس بہ وإن کانا سواء لایفعلہ الخ ( کتاب الھبۃ، فصل فی جوازھا، ج 6، ص 237، ط: ماجدیۃ )۔
و فی الدر المختار: ( و تتم ) الھبۃ ( بالقبض ) الکامل ( و لو الموھوب شاغلا لملک الواھب لا مشغولا بہ ) و الاصل ان الموھوب إن مشغولا بملک الواھب منع تمامھا و ان شاغلا لا الخ ( کتاب الھبۃ ، ج 5 ص 690، ط : ایچ ایم سعید )
و فی بدائع الصنائع: و ینبغی للرجل ان یعدل بین اولادہ فی النحلی لقولہ سبحانہ و تعالیٰ (( إن اللہ یأمر بالعدل و الإحسان )) الآیۃ ( الی قولہ ) و لان التسویۃ تألیف القلوب و التفضیل یورث الوحشۃ بینھم فکانت التسویۃ اولی و لو نحل بعضاً و حرم بعضاً جاز من طریق الحکم لانہ تصرف فی ملکہ لا حق لاحد فیہ إلا انہ لا یکون عدلا الخ ( کتاب الھبۃ ، فصل و اما شرائط فانواع ، ج 6، ص 127، ط : ایچ ایم سعید )۔