السلام علیکم ! میری پہلی شادی آٹھ اکتوبر 2011 کو ہوئی، جو 11 سال تک قائم رہی، اور میری پہلی شادی سے دو بچے بھی ہیں، اور 18 جنوری 2023 کو ہمارے درمیان سیپریشن ہو گئی، میں نے بوجہ نافرمانی اپنی سابقہ زوجہ کو طلاق دے دی، اس کے بعد 10 فروری 2024 کو میں نے دوسری شادی کی، دوسری شادی کے موقع پر میرے موجودہ سسر نے یہ شرط رکھی کہ آپ ہمیں گارنٹی کے طور پر اپنی پراپرٹی لکھ کے دے دیں، کیونکہ آپ پہلے بھی ایک بیوی کو طلاق دے چکے ہیں، تو میں نے ان سے وعدہ کیا کہ میں نکاح نامہ میں آپ کو پراپرٹی لکھ کے نہیں دے سکتا، کیونکہ میری کچھ مجبوری ہے، جو بعد میں میں آپ کو ہبہ انتقال کرا کے دے دوں گا، دوسری شادی کے کچھ عرصہ بعد میں نے اپنی تمام پراپرٹی جس طرح کہ میں نے ان سے معاہدہ کیا تھا، اپنی دوسری بیوی کے نام ہبہ انتقال کر دی، اس کے بعد جب میرے سابقہ سسر کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے میرے اوپر ایک عدالتی کیس کیا، کہ اس ہبہ انتقال کو توڑا جائے، یہ بیوی اس کی وارث نہیں ہے، بلکہ یہ بچے بھی اس کے وارث ہیں، جو کہ دو بچے میرے پہلی شادی سے ہیں، اور وہ چاہتا ہے کہ یہ زمین ان بچوں کے نام بھی کی جائے۔ جناب عالی ! چونکہ میں نے اپنی دوسری بیوی سے نکاح کے ٹائم پہ معاہدہ کیا تھا کہ میں یہ پراپرٹی اس کے نام کر دوں گا اور اسی معاہدہ کی پاسداری کرتے ہوئے میں نے اپنی تمام پراپرٹی دوسری بیوی کے نام کی، تو کیا یہ اسلام اور شریعت میں جائز ہے؟ کیا میں اپنی زندگی میں اپنی وراثت اپنی بیوی کو منتقل کر سکتا ہوں؟ اور اس میں کوئی شرعی عذر نہیں ہے۔ براہِ مہربانی دین اسلام اور حدیث کی روشنی میں میری رہنمائی فرما دیجئے۔
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلا ہونے سے قبل اپنے تمام مال و جائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے، وہ اس میں جیسے چاہے، جائز تصرف کر سکتا ہے، اس پر اپنی زندگی میں اپنا مال و جائیداد اپنی اولاد کے درمیان تقسیم کرنا لازم نہیں،اور نہ ہی وہ اولاد یا ان کے نانا وغیرہ اس کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
صورتِ مسئولہ میں اگر سائل نے کیے گئے وعدہ کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی پراپرٹی و جائیداد اپنی موجودہ بیوی کے نام کی ہو تو یہ ہبہ (گفٹ) کہلائے گا، جس کے تحقق کے لئے نام کرنے کے ساتھ مالکانہ حقوق و قبضہ دینا بھی ضروری ہوتا ہے، لہذا اگر سائل نے اپنی پراپرٹی و جائیداد اپنی موجودہ بیوی کے نام کرنے کے ساتھ اسے اس پر باقاعدہ مالکانہ حقوق و قبضہ بھی دیا ہو، تو شرعاً وہ اس جائیداد کی مالک شمار ہوگی، لہذا سائل کے سابقہ سسر کا اس کی پہلی بیوی سے موجود بچوں کے لئے جائیداد میں سے حصہ مانگنا شرعاً جائز نہیں ہے، جس سے احتراز لازم ہے۔ البتہ سائل کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی تمام جائیداد موجود بیوی کے نام منتقل کرنے کے بجائے اپنی سابقہ بیوی کی اولاد کو بھی بالکلیہ محروم کرنے سے گریز کرے، اور افہام و تفہیم کے ساتھ ان کو بھی کچھ نہ کچھ دے کر معاملات کو حل کرنے کی کوشش کرے، تو یہ زیادہ مناسب ہے۔
کما فی الدر المختار: (و تتم) الهبة (بالقبض) الكامل (و لو الموهوب شاغلا لملك الواهب لا مشغولا به) و الأصل ان الموهوب ان مشغولا بملك الواهب منع تمامها، و ان شاغلا لا الخ (کتاب الھبۃ ، ج: 5 ، ص: 690 ، ط: ایچ-ایم-سعید)ـ
و فی رد المحتار: تحت: (قوله بالقبض) فيشترط القبض قبل الموت و لو كانت فی مرض الموت للاجنبی کما سبق فى كتاب الوقف کذا فی الهامش (قوله بالقبض الکامل) و كل الموهوب له رجلين بقبض الدار فقبضاها جاز خانية الخ (كتاب الهبة، ج: 5 ، ص: 690 ، ط: ایچ-ایم-سعید)۔
و فی الھندیۃ: لا يثبت الملك للموهوب له الا بالقبض هو المختار، هكذا فی الفصول العمادية الخ (کتاب الھبۃ ، ج: 4 ، ص: 378 ، ط: ماجدیۃ)۔
وفی البحر الرائق: و اما بيان الوقت الذى يجرى فيه الارث فنقول هذا فصل اختلف المشايخ فيه قال مشايخ العراق الارث یثبت فی آخر جزء من اجزاء حياة المورث و قال مشایخ بلخ الارث یثبت بعد موت المورث الخ (كتاب الفرائض، ج: 8 ، ص: 488 ، ط: الماجدیۃ)۔
وفی الدر المختار : متی وقف حال صحتہ و قال علی الفریضۃ الشرعیۃ قسم علی ذکورھم و اناثھم بالسویۃ ھو المختار الخ
و فی رد المحتار : تحت : (قولہ متی وقف)أی علی اولادہ لانہ منشأ الجواب المذکور کما تعرفہ ، و بہ یظھر فائدۃ التقیید بقولہ حال صحتہ (قولہ کما حققہ مفتی دمشق الخ ) أقول: حاصل ما ذكره فی الرسالة المذكورة أنه ورد فی الحديث أنه صلى الله عليه و سلم قال: «سووا بين أولادكم فی العطية و لو كنت مؤثرًا أحدًا لآثرت النساء على الرجال»، رواه سعيد فی سننه و فی صحيح مسلم من حديث النعمان بن بشير: «اتقوا الله و اعدلوا فی أولادكم»، فالعدل من حقوق الأولاد فی العطايا والوقف عطية فيسوي بين الذكر والأنثى، لأنهم فسروا العدل في الأولاد بالتسوية فی العطايا حال الحياة. و فی الخانية : و لو وهب شيئًا لأولاده فی الصحة، و أراد تفضيل البعض على البعض روی عن أبي حنيفة لا بأس به إذا كان التفضيل لزيادة فضل فی الدين و إن كانوا سواء يكره، و روى المعلى عن أبی يوسف أنه لا بأس به إذا لم يقصد الإضرار و إلا سوى بينهم، و عليه الفتوى، و قال محمد : يعطی للذكر ضعف الأنثى، و فی التتارخانية معزيًا إلى تتمة الفتاوى قال: ذكر فی الاستحسان فی كتاب الوقف: و ينبغی للرجل أن يعدل بين أولاده فی العطايا و العدل فی ذلك التسوية بينهم فی قول أبي يوسف و قد أخذ أبو يوسف حكم وجوب التسوية من الحديث، و تبعه أعيان المجتهدين، و أوجبوا التسوية بينهم و قالوا يكون آثما فی التخصيص و فی التفضيل الخ (کتاب الوقف ، ج: 4 ، ص؛ 444 ، ط: سعید)۔