2000ء میں میرے شوہر نے مکان خریدا ، جو کہ تین لاکھ پچاس ہزار ( 350000 ) میں خریدا گیا ۔میں نعیمہ خانم نے اپنے بھائی اور باپ سے ایک لاکھ بیس ہزار ( 120000) لے کر اپنے شوہر بشیر خان کو مکان خریدنے کے لئے دیے۔اب ہم دونوں میں علیحدگی ہو گئی ہے ، اور مکان کی قیمت بھی زیادہ ہو گئی ہے۔اب مجھے وہ رقم موجودہ مکان کی قیمت کے حساب سے ملے گا یا اس وقت کے حساب سے ؟ آپ مہربانی کر کے مجھے اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔
نوٹ: جس وقت بیوی نے شوہر کو پیسے دیے تھے اس وقت قرض، ہدیہ، شراکت وغیرہ کی کوئی بات نہیں کی تھی ۔
سوال میں یہ وضاحت موجود نہیں کہ بیوی مسماۃ نعیمہ خانم نے یہ رقم اپنے شوہر کو کس نیت و ارادے سے دی ، نیز اس رقم کے متعلق اب شوہر کا کیا موقف ہے تاکہ اس کے مطابق جواب دیا جاتا۔تاہم اگر بیوی نے یہ رقم اپنے شوہر کو گفٹ اور ہدیہ کے طور پر دی تھی ، تو ایسی صورت میں بیوی کے لئے اب اپنے شوہر سے اس رقم کی واپسی کے مطالبے کا حق نہ ہو گا ، البتہ اگر مذکور رقم بیوی نے بطورِ قرض اپنے شوہر کو دی ہو اور شوہر اس بات کو تسلیم بھی کرتا ہو ، تو ایسی صورت میں شوہر کے ذمےاپنے بیوی کو یہ رقم واپس کرنا لازم و ضروری ہو گا۔جبکہ بیوی نے اگر شوہر کے ساتھ مشترکہ طور پر مکان نہ خریدا ہو ( جیسا کہ سوال میں درج نوٹ میں مذکور ہے ) تو ایسی صورت میں مذکور مکان میں بیوی کا کوئی حصہ نہ ہو گا ، چنانچہ اب مکان کی مارکیٹ ویلیو بڑھنے کی وجہ سے بیوی کو زیادہ رقم کے مطالبے کا حق نہ ہو گا۔
کما فی الدر المختار : لو دفع الی رجل ثوبا و قال البس نفسک ففعل یکون ھبۃ و لو دفع دراھم و قال انفقھا علیک یکون قرضاً الخ ( کتاب الھبۃ، ج 5، ص 689، مکتبہ ایچ ایم سعید )۔
و فی شرح المجلۃ : (( لو وهب كل من الزوج و الزّوجة صاحبہ شيئًا حال كون الزوجية قائمة بينهما فبعد التسليم ليس له الرجوع )) الشرط قیام الزوجیۃ حال الھبۃ ، فلو وھب لاجنبیۃ ثم تزوجھا یجوز لہ الرجوع و بالعکس ، و ھو ما إذا و ھب لزوجتہ ثم ابانھا، لیس لہ الرجوع الأصل فیہ أن الزوجية نظير القرابة ، حتی يجری التوارث بينهما بلا حاجب و ترد شهادة كل واحد منهما للآخر ، فیکون المقصود فی كل واحد منهما للآخر الصِلة و التوادّ دون العوض كما فی القرابۃ المحرمیۃ ، و قد حصل فلا یرجع بعد حصول المقصود ، بخلاف الھبۃ للاجنبی لان المقصود فیھا العوض علی ما بیّنا فکان لہ الرجوع عند فواتہ الخ ( الباب الثالث فی بیان احکام الھبۃ ، ج 3، ص 387، ط: اسلامیۃ )۔
و فی العقود الدریۃ : ( الجواب ) نعم دفع لخر عینا ثم اختلفا فقال الدافع قرض و قال الاخر ھدیۃ فالقول قول الدافع کذا فی القول لمن عن البزازیۃ و مثلہ فی الخانیۃ دفع الیہ دراھم فقال انفقھا ففعل فھو قرض کما لو قال اصرفھا الی حوائجک الخ ( کتاب الھبۃ،ج 2، ص 91، ط :حقانیۃ )۔