السلام علیکم ! میرا سوال آپ محترم علماء کرام سے یہ ہے کہ میں اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ شادی میں شمولیت کیلئے صادق آباد گئی تھی تو وہاں میرا دس تولہ سونے کا ہار چوری ہوا تھا۔ (وہاں موجود ہمارا ذاتی گھر ہے) وہاں موجود کچھ مہمان اور کچھ اپنے ہی فیملی ممبر تھے۔ گھر کے تمام افراد سے اس کی چھان بین ہوئی ، لیکن سونے کا ہار نہ مل سکا۔ وہاں میرے شوہر (مرحوم ) نے مجھے نیا دس تولہ کا ہار خرید کر دینے کا وعدہ کیا۔ کراچی واپس آئے تو انہوں نے مجھے سونے کے ہار کے بدلے ہم وزن سونے کا بسکٹ دلا دیا۔ (میرے سابقہ شوہر نے اپنا وعدہ پورا کیا میرے ساتھ وعدے کے مطابق ان پر کوئی قرض نہیں رہا) اب یہ بسکٹ ان کی وفات کے بعد ورثاء میں تقسیم ہوگا یا یہ بسکٹ میری ملکیت میں رہے گا؟
صورتِ مسئولہ میں سائلہ کے شوہر نے اگر سائلہ کا دس تولہ ہار گم ہو جانے کی وجہ سے اس کی دل جوئی کی خاطر اسے ہار کے بقدر یہ سونے کا بسکٹ خرید کر اسے سائلہ کو باقاعدہ مالکانہ قبضہ و تصرف کے ساتھ حوالہ کر دیا تھا، تو اس سے سائلہ اس سونے کے بسکٹ کی مالک بن چکی ہے، جسے مرحوم کے ترکہ میں شمار کر کے بطورِ میراث ورثاء میں تقسیم کرنا درست نہ ہوگا چنانچہ ایسی صورت میں کسی وارث کو اس میں حصہ داری کے مطالبہ کا حق حاصل نہیں، جس سے احتراز لازم ہے۔
فى الدر المختار: و شرعاً: (تمليك العين مجاناً) أى: بلا عوض (إلى قوله) (و) شرائط صحتها (في الموهوب أن يكون مقبوضاً غير مشاع مميزاً غير مشغول) كما سيتضح (و ركنها) هو (الإيجاب و القبول) إلخ۔(ج: 8،ص: 567،ط: دار المعرفة)۔
و فی ملتقی الأبحر: هى تمليك عين بلا عوض و تصح بالإيجاب و القبول و تتم بالقبض إلخ۔(ج: 3،ص: 489،ط: مكتبة غفارية)۔
و فى بدائع الصنائع: أما أصل الحكم فهو ثبوت الملك للموهوب له في الموهوب من غير عوض لأن الهبة تمليك العين من غير عوض فكان حكمها ملك الموهوب من غير عوض إلخ۔(ج: 6،ص: 127،ط: دار الكتب العلمية)۔
و فى الدر المختار: (و تتم) الهبة (بالقبض) الكامل إلخ و فى الرد تحت (قوله بالقبض) فيشترط القبض قبل الموت إلخ۔(ج: 5،ص: 690،ط: إیچ-ایم-سعید)۔