کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ ہمارے والدین حیات ہیں، ہمارا جو مکان ہے وہ والدین کی موجودگی میں اور ہم بھائیوں کی کمائی جو ہم والدین کو خرچہ کے لئے دیا کرتے تھے اس میں سے جمع کرکے اور والد صاحب کی کمائی ملاکر یہ مکان تعمیر کیا گیاہے، اور یہ مکان والدہ کے نام پر ہے، اب اس میں ایک بھائی اپنے حصہ کا مطالبہ کرتا ہے، جبکہ باقی بھائی والدین کے ساتھ رہنے پر رضامند ہیں تو والدین کی حیات میں کسی بھائی کا جائیداد میں حصہ داری کا مطالبہ اور اس کے لئے والدین کو مجبور کرنا درست ہے یا نہیں؟ اور اگر والدین اسی بناء پر تقسیم کرنا چاہیں تو اس کی تقسیم کا طریقہ کار کیا ہوگا، کل ملاکر والدین، چار بیٹے اور ایک بیٹی ہے، جو بھی شرعی حکم ہو تحریر فرمائیں۔
نوٹ: سائل سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ سب بھائی اپنی کمائی والدین کو گھر کا خرچہ چلانے کے لئے دیا کرتے تھے، اور رقم دیتے وقت قرض یا واپسی کی کوئی صراحت نہیں ہوئی تھی۔
سائل اور اس کے بھائی اپنی کمائی میں سے جو رقم مشترک گھر کا خرچ چلانے کے لئے والدین کو دیتے رہے تو یہ ان کی طرف سے گھریلو ذمہ داری نبھانے اور انتظام چلانے میں والدین کے ساتھ معاونت اور تبرع شمار ہوگا، لہٰذا اس سے بچ جانے والی رقم کے ساتھ مزید ذاتی رقم شامل کرکے سائل کے والد نے جو مکان تعمیر کروایا ہے وہ والد صاحب کی ذاتی ملکیت ہے اور فقط کاغذات میں مذکور مکان والدہ کے نام کرنے سے والدہ اس مکان کی مالک نہیں بنے گی۔
اس کے بعد واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلا ہونے سے قبل اپنے مال و جائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے، وہ اس میں جس طرح چاہے تصرف کر سکتا ہے ، اس کے ذمہ اپنی زندگی میں اپنی اولاد کے درمیان مال و جائیداد تقسیم کرنا شرعاً لازم نہیں اور نہ ہی کسی بیٹے یا بیٹی کو اس میں حصہ داری کے مطالبہ کا حق حاصل ہے ، لہٰذا والدین کے ذمہ بھی اپنا مال و جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کرنا کوئی لازم نہیں ، البتہ اگر وہ اپنی مرضی سے بلا کسی جبر و اکراہ اپنا مال و جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہے تو شرعاً ایسا کرنا بھی جائز اور درست ہے ، مگر یہ تقسیم ِترکہ نہیں بلکہ ہبہ اور گفٹ ہے ، جس کا بہتر اور مستحب طریقہ یہ ہے کہ والدین اپنی بقیہ زندگی کے لئے محتاط اندازے کے مطابق جو کچھ رکھنا چاہے وہ رکھ کر بقیہ مال و جائیداد اپنی اولاد ( بیٹوں اور بیٹیوں ) میں برابر تقسیم کرتے ہوئے چاہے یہ تقسیم مکان کی صورت میں ہو یا نقدی کی صورت میں ہو، بہر دو صورت ہر فرد کو اسکے حصے پر باضابطہ مالکانہ قبضہ بھی دیدے تاکہ یہ ہبہ اور گفٹ شرعاً بھی درست اور تام ہو جائے ، محض کاغذات میں نام کر دینا یا زبانی کلامی دینا کافی نہیں ، پھر بہتر اور افضل یہ ہے کہ اس ہبہ اور اعطاء میں سب کو برابر اور یکساں رکھے کسی کو کم کسی کو زیادہ نہ دے کہ سب ہی اس کی اولاد ہیں ، تاہم اگر کسی بیٹے ، بیٹی کی خدمت گزاری ، دینداری وغیرہ کی بناء پر اسے دوسری اولاد کے مقابلے میں زیادہ دینا چاہے تو شرعاً اسکی بھی اجازت ہے مگر بلا وجہ کسی وارث کو اپنی جائیداد سے بالکل محروم نہ کرے کہ یہ گناہ ہے ۔
کما فی رد المحتار: مطلب: اجتمعا في دار واحدة واكتسبا ولا يعلم التفاوت فهو بينهما بالسوية (الی قولہ) ثم هذا في غير الابن مع أبيه؛ لما في القنية الأب وابنه يكتسبان في صنعة واحدة ولم يكن لهما شيء فالكسب كله للأب إن كان الابن في عياله لكونه معينا له الخ ( ج 4 ص 325 ط: سعید)۔
کما فی بدائع الصنائع : و ینبغی للرجل ان یعدل بین اولادہ فی النحلی لقولہ سبحانہ و تعالٰی ان اللہ یامر بالعدل و الاحسان الخ ( کتاب الھبۃ ، ج 6 ، ص 127 ، ط : سعید ) ۔
و فی البحر الرائق : یکرہ تفضیل بعض الاولاد علی البعض فی الھبۃ حالۃ الصحۃ ( الی قولہ ) و فی الخلاصۃ المختار التسویۃ بین الذکر و الانثیٰ فی الھبۃ الخ ( کتاب الھبۃ ج 7 ، ص 288 ، ط : ماجدیہ ) ۔
و فی الھندیۃ : و لو وھب رجل شیئاً لاولادہ فی الصحۃ و اراد تفضیل البعض علی البعض ( الی قولہ ) لاباس بہ اذا لم یقصد بہ الاضرار سوی بینھم یعطی الابنۃ مثل ما یعطی للابن و علیہ الفتوٰی الخ ( کتاب الھبۃ ، ج 4 ، ص 391 ، ط : ماجدیہ )۔
و فی الدر المحتار : ( و تتم ) الھبۃ ( بالقبض ) الکامل ( و لو الموھوب شاغلا لملک الواھب لا مشغولا بہ ) ( کتاب الھبۃ ، ج 5 ، ص 690 ، ط : سعید)۔